Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان نے افغانستان کا پہاڑ جیسا ہدف سر کرلیا، ایک وکٹ سے کامیاب، سیریز بھی جیت لی

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے 301 رنز کا ہدف آخری وکٹ پر حاصل کیا
اپ ڈیٹ 24 اگست 2023 11:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی سی بی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی سی بی

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 0 -2 سے اپنے نام کرلی۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آخری وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان کی بیٹنگ

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہترین ثابت ہوا، افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے نسیم شاہ کی اہم اننگز کی بدولت 49.5 اوورز میں 301 رنز کا ہدف آخری وکٹ پر حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں

دوسرا ون ڈے: افغانستان نے پاکستان کو جیت کیلئے پہاڑ جیسا ہدف دے دیا

پہلا ون ڈے: پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

کیا پاکستان ٹیم پہلی بار افغانستان کیخلاف آل آؤٹ ہوئی؟

خیال رہے کہ افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

افغان اوپنرز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور سیٹ ہونے کے بعد وکٹ کے چاروں جانب اسٹروک کھیلے، افغان اوپنرز نے ٹیم کو 227 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

افغان سائیڈ کی خاص بات اوپنر بیٹر رحمان اللہ گرباز کی دھواں دار بیٹنگ ہے جنہوں نے 151 گیندوں پر 3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 151 رنز سکور کیے انہیں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

اوپنر بیٹر ابراہیم زدران نے بھی گرباز کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 101 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 80 رنز سکور کیے۔ انہیں اسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 231 رنز سکورکیے۔ اس طرح افغانستان کی پہلی وکٹ 42 ویں اوور میں 231 رنز پر گری۔

اس کے بعد افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 3 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 29 رنز سکور کیے، انہیں نسیم شاہ کی گیند پر انعام الحق نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔ شاہد اللہ نے 3 گیندوں پر 1 رنز سکور کیا اور شاہین شاہ آفریدی کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللہ شاہدی نے 2 چوکوں کی مدد سے 11 گیندوں پر 15 رنز سکور کیے جبکہ عبدالرحمٰن نے 4 گیندوں پر 4 رنز سکور کیے۔ اس طرح افغانستان کی ٹیم مقررہ 50 اووز میں 300 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

پاکستان کے بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے 10 اوورز میں 58 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 9 اوورز میں 45 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اسی طرح عثمان میر 10 اوورز میں 61 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کی بیٹنگ

افغانستان کی جانب سے دیے گئے 301 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر الزمان اور انعام الحق نے بھی محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 52 رنز کی شراکت فراہم کی۔

پاکستان کو جلد ہی پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب فخر الزمان فضل حق فاروقی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 34 بالوں پر 30 رنز بنائے، اس طرح 8.6 اوورز میں 52 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی۔

انعام الحق کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئے تو انہوں نے انعام الحق کے ساتھ ملک کر قومی ٹیم کے اسکور کو 170 رنز پر پہنچا دیا بابر اعظم 6 چھکوں کی مدد سے 66 بالوں پر 53 سکور کرنے میں کامیاب ہوئے انہیں فضل الحق فاروقی کی گیند پر حشمت اللہ نے کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔

اس طرح 30.4 اوورز میں 170 کے اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی، پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گر گئی جب مڈل آرڈر بیٹسمین رضوان 7 گیندوں پر 2 رنز سکور کر کے حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی چھوتھی وکٹ 37.5 اوورز میں 208 کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان علی آغا کو محمد نبی کی گیند پر رحمان اللہ گربازنے کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔

انہوں نے 15 گیندوں پر 14 رنز سکور کیے، پاکستان کے 5 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسامہ میر تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی محمد نبی کی گیند پر شاہد اللہ نے کیچ پکڑ کر پویلین بھیجا، پاکستان کے 6 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر انعام الحق تھے جنھوں نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 105 بالوں پر 91 رنز بنائے، ان کا کیچ مجیب الرحمٰن کی گیند پر ریاض حسین نے پکڑا۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 258 رنز پر گری جب افتخار احمد 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر عبدالرحمان کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے 8 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جن کا کیچ فضل الحق فاروقی کی گیند پر راشد خان پکڑا، شاہین شاہ آفریدی نے 5 گیندوں پر 4 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی 9 ویں وکٹ 290 کے مجموعی سکور پر گری جب شاداب خان 35 گیندوں پر 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، انہیں فضل الحق نے رن آؤٹ کیا۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، محمد نبی نے 2، مجیب الرحمان اور عبدالرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ 22 اگست کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔

تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں ایشیاکپ اور ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیریز کھیل رہی ہیں، تینوں میچز کی میزبانی افغان بورڈ سری لنکا میں کررہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 5 ون ڈے انٹرنیشنلز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں قومی ٹیم کامیاب رہی۔

ٹاس کے بعد دوں کپتانوں کا کیا کہنا تھا

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، میچ میں بہترین بیٹنگ کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ اس میچ میں ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان نے کہا تھا کہ کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ 260 رنز کا ہدف ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ

اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شہیدی کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، ریاض حسن، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، شاہد کمال، عبدالرحمان اور اکرام علی شامل ہیں۔

cricket

Sri Lanka

Haris Rauf

odi series

Pakistan vs Afghanistan

Naseem shah

hambantota

odi cricket