Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

دوسرا ون ڈے: افغانستان نے پاکستان کو جیت کیلئے پہاڑ جیسا ہدف دے دیا

افغان اوپنرز کے سامنے پاکستان کے تمام بولرز ناکام ہوگئے
شائع 24 اگست 2023 06:55pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا جا رہا ہے، جس کا ٹاس افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں

پہلا ون ڈے: پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

کیا پاکستان ٹیم پہلی بار افغانستان کیخلاف آل آؤٹ ہوئی؟

افغانستان کیخلاف صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود بابر اعظم نمبر ون بلے باز

افغان اوپنرز اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا۔

افغان اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 227 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی۔ افغانستان کی پہلی وکٹ 40 ویں اوور میں 227 رنز پر گری جب ابراہیم زادران 80 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

رحمان اللہ گرباز نے 151 گیندوں پر 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اُنہیں شاہین آفریدی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے قابو کیا۔

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود تجربہ کار محمد نبی نے رنز بنانے کی اوسط برقرار رکھی اور اختتامی لمحات میں 29 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ 22 اگست کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔

تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

دونوں ٹیمیں ایشیاکپ اور ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیریز کھیل رہی ہیں، تینوں میچز کی میزبانی افغان بورڈ سری لنکا میں کررہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 5 ون ڈے انٹرنیشنلز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں قومی ٹیم کامیاب رہی۔

ٹاس کے بعد دوں کپتانوں کا کیا کہنا تھا

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، میچ میں بہترین بیٹنگ کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ اس میچ میں ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان نے کہا تھا کہ کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ 260 رنز کا ہدف ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ

اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شہیدی کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، ریاض حسن، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، شاہد کمال، عبدالرحمان اور اکرام علی شامل ہیں۔

cricket

Sri Lanka

odi series

Pakistan vs Afghanistan

hambantota

rehman ullah gurbaz

ibrahim zadran