Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلا ون ڈے: پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

افغانستان کی ٹیم 20 ویں اوورز میں 59 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 22 اگست 2023 09:16pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

پہلے ون ڈے میں پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ کے باعث گرین شرٹس نے افغانستان کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی اننگز

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوسکا، بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنر فخر زمان 4 گیندوں پر 2 رنز بناکر پویلین لوٹے، فخر زمان کی وکٹ فضل الحق فاروقی نے حاصل کی، اس کے بعد کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمان کا شکار بنے۔

مزید پڑھیں

کیا پاکستان ٹیم پہلی بار افغانستان کیخلاف آل آؤٹ ہوئی؟

قومی ٹیم باصلاحیت ہے، ایشیا کپ ہم ہی جیتیں گے، ذکاء اشرف

پی سی بی اور قومی کرکٹرز کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملات طے پاگئے

رضوان نے 21، آغا سلمان نے 7، اسامہ میر نے 2 اور شاہین آفریدی نے بھی 2 رنز بنائے۔

امام الحق نے کافی دیر تک مقابلہ کیا اور 61 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ شاداب خان 39 اور افتخار احمد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے 2،2 اور رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی اننگز

پاکستان کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی ۔

قومی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان بیٹرز کو زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنے نہیں دیا اور پوری افغان ٹیم 19.2 اوورز میں 59 رنز پر سمٹ گئی۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے، انہیں حارث رؤف نے اپنا شکار بنایا جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، ان دونوں کے علاوہ کوئی افغان بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 18 اور 16 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

پہلے شاہین آفریدی، پھر نسیم شاہ اور اسکے بعد حارث رؤف نے یکے بعد دیگرے افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین آفریدی نے تیسرے اوور میں ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کو کیچ آؤٹ کیا اور اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے افغانستان کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی کو میدان بدر کرکے پاکستانی پیس بیٹری کا الارم بجادیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح پاکستان نے پہلے ون ڈے میں افغانستان کو شکست دے کر 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کری۔

خیال رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیم افغانستان کے خلاف آل آؤٹ ہوئی ہے۔

6 ٹی ٹوئنٹی اور 4 ون ڈے میچز کے بعد پہلی بار افغانستان پاکستان کو آل آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس سے قبل افغانستان نے اس سال ٹی 20 میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آوٹ کیے تھے جبکہ ون ڈے میں اس سے قبل افغانستان پاکستان کی زیادہ سے زیادہ 8 وکٹ لے سکا تھا۔

ایشیا کپ سے پہلے کھیلی جانے والی اس سیریز کو بہت اہم سمجھا جارہا ہے۔ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر افغان ٹیم کو بولنگ کی دعوت دی تھی۔

ٹاس جیتنے کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اچھا اسکور کرکے افغانستان پر دباؤ بڑھائیں گے، کوشش ہوگی کامیابی سمیٹ کر سیریز میں برتری حاصل کریں۔

اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ٹیم متوازن ہے، پاکستان کے خلاف اپنا ریکارڈ بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاکستانی ٹیم

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم سمیت امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

افغانستانی ٹیم

کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، رحمت شاہ، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، عمر زئی، عبدالرحمان اور اکرام علی شامل ہیں۔

پاک افغان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ بھی 24 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق نجیب زردان کی جگہ شاہد اللہ کمال کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔

afghanistan

پاکستان

odi series

Pakistan vs Afghanistan