100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں، بابر اعظم کا کھلاڑیوں کو پیغام
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے افغانستان کے خلاف سیریز کو سری لنکا کی کنڈیشنز میں چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام دیا ہے کہ خود پر یقین رکھیں، میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں، فتح مقدر بنے گی۔ یہ سیریز ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔
ایک انتہائی اہم کرکٹ سیزن کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کا آخری مرحلہ کل سے شروع ہورہا ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کی قیادت میں افغانستان کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے مہندا راجا پاکسے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوگی۔
مزید پڑھیں
بابر اعظم ورلڈ کپ کے بعد سر پر سہرا سجانے کو تیار
ورلڈ کپ سے قبل بھارت کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں آگ لگ گئی
ورلڈ کپ 2023: پاکستانی ٹیم کی ممکنہ کِٹ کے ڈیزائن پر ’چوری‘ کا الزام
پاکستانی کرکٹ ٹیم جسے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کھیلنا ہے اس سال نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز 1-4 سے اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت چکی ہے، افغانستان کے خلاف سیریز پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بہترین کھلاڑی چننے کا موقع فراہم کرے گی۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے 24 اگست کو ہمبنٹوٹا اور تیسرا ون ڈے 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
کپتان بابراعظم کا پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم تمام کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ٹیم میں چند نئے چہروں کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ چیلنجز پر پورا اتریں۔
بابراعظم نے کہا کہ بیشتر لڑکے مختلف لیگس کھیل کر آئے ہیں لیکن جب آپ پاکستان کا ستارہ سینے پر سجاتے ہیں تو مختلف جذبات ہوتے ہیں۔ ’میں بحیثیت کپتان آنے والی کرکٹ کے لیے بہت پُرجوش ہوں اور سری لنکا کے خلاف سیریز کی جیت سے ہمارا مومینٹم بنا ہوا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حالیہ ون ڈے ریکارڈ دیگر تمام ٹیموں سے اچھا رہا ہے، 2022 کے آغاز سے اب تک پاکستان نے 17 میں سے 13 ون ڈے انٹرنیشنل جیتے ہیں۔ اس سال مئی میں آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلی مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بابراعظم نے کہا کہ اگر پاکستان نے افغانستان کے خلاف تینوں ون ڈے جیت لیے تو وہ دوبارہ عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔
کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ ہماری تیاریوں پر ہے کیونکہ ہمیں آنے والے دنوں میں 2 بڑے ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ افغانستان کے خلاف سیریز پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔ بڑے ایونٹس سے قبل اس طرح کی سیریز سے فائدہ ہوتا ہے چونکہ ہم ایشین کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں لہٰذا ہمیں ردھم حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں برتری حاصل رہے گی۔
بابراعظم نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میں چند اچھے کھلاڑی ہیں اور شائقین کو اس سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اسکواڈ میں چند اچھے کھلاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے۔ فہیم اشرف ان آؤٹ ہوتے رہے ہیں لیکن انہوں نے حالیہ دنوں میں اچھا پرفارم کیا ہے یقیناً آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم کو استحکام ملے گا۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ طیب طاہر نے ایمرجنگ ایشیا کپ اور سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے، میں اس بات سے بے حد متاثر ہوں کہ سعود شکیل نے خود کو بہت تیزی سے جدید دور کی کرکٹ میں ڈھالا ہے۔ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند بات ہے۔
’اگرچہ افغانستان نے ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو کبھی بھی نہیں ہرایا ہے تاہم اس نے اس سیریز سے قبل بنگلہ دیش کو 2,1 سے شکست دی ہے۔ بابراعظم کہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی اس سیریز کو میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کے لیے ایک چیلنج سمجھ رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کے لیے بے تاب ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف کھلاڑی مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں، اگر آپ بڑے ٹورنامنٹس میں پرفارمنس دیتے ہیں تو اس سے نہ صرف ٹیم اور انفرادی کھلاڑی کا مورال بلند ہوتا ہے۔
’افتخار احمد اور سلمان علی آغا کی موجودگی سے مڈل آرڈر بیٹنگ کو حوصلہ ملا ہے۔ ہمارا ٹاپ آرڈر پہلے ہی سیٹ ہے۔ ہماری اسپن بولنگ مضبوط ہوئی ہے۔ ہمارے پاس شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی شکل میں بہترین پیس اٹیک موجود ہے۔ باؤلرز بڑے ٹورنامنٹس جتواتے ہیں اور مجھے ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں بڑے ٹورنامنٹس جتوائیں گے۔‘
بابراعظم کا کہنا ہے کہ میرا تمام کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام رہا ہے کہ خود پر یقین رکھیں اور میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہورہا ہے، جس کے پہلے میچ میں دونوں ٹیمیں کل مدمقابل آئیں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 24 اگست کو ہمبنٹوٹا اور تیسرا ون ڈے 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed on this story.