Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انوارالحق کاکڑ کے تقرر کا چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خیرمقدم

امید ہے وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے، صادق سنجرانی
اپ ڈیٹ 12 اگست 2023 10:38pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے تقرر کا چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ اور اوریا مقبول جان نے بھی انوار الحق سے متعلق کلمات خیر کہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد دی۔

انھوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے ، قابل اور محنتی انسان ہیں، بلوچستان سے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی بطور وزیر اعظم تعیناتی ایک اچھا فیصلہ ہے۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کی قائدانہ صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، بطور نگراں وزیراعظم اچھے فیصلے کرینگے، انھوں نے ہمیشہ ایوان بالا میں مثبت کردار ادا کیا، انوار الحق کاکڑ سب کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، امید ہے وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو ٹیلی فون کیا اور انھیں مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ قوم کو آپ کی دانش پر اعتماد ہے اور جمہوریت کے تسلسل کی امید آپ سے وابستہ ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بلوچستان سے نگراں وزیر اعظم کا انتخاب وفاق کو مضبوط کرے گا اور ایک سیاستدان کی بطور نگراں وزیر اعظم تقرری بھی جمہوریت کے لئے نیک فال ہے۔

انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ انوار الحق کاکڑ عام انتخابات کو شفاف اور بروقت کرانے میں کامیاب ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک رابطے پر جمہوری اداروں کو مستحکم اور پائیدار جمہوریت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انوار الحق کاکٹر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اور انھیں نگراں وزیر اعظم نامزدگی پر مبارکباد دی۔

مولانا فضل الرحمان نے امید کا اظہار کیا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکٹر ملک میں صاف شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں نگراں وزیراعظم کیلئے سینیٹر انوار الحق کاکڑ بہترین انتخاب ہیں۔

کامران ٹیسوری کی جانب سے انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کی مبارکباد بھی پیش کی گئی ہے۔

اوریا مقبول جان

وہ جو خود لاڈلے سمجھ رہے ہیں انہی کی شامت نہ آجائے

اوریا مقبول جان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ انوار الحق کاکڑ ایک شریف النفس انسان اور شریف النفس باپ کا بیٹا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے یہ دوسرا کاکٹر سیاسی افق پر نمودار ہوا ہے۔ ایک کاکڑ خود قوت کا مظہر تھا اس لیے اس نے کاکڑ فارمولے کے تحت نواز شریف اور غلام اسحاق (جس نے اسے آرمی چیف بنایا تھا) دنوں کو گھر بھیج دیا تھا ۔ یہ کاکڑ مستعار قوت کا مظہر ہے، لیکن ڈر اس بات کا ہے کاکڑ فارمولا ایک دفعہ پھر استعمال نہ ہوجائے۔ وہ جو خود لاڈلے سمجھ رہے ہیں انہی کی شامت نہ آجائے

میر جان محمد جمالی

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کا نگراں وزیراعظم بننا خوش آئند ہے، بی اے پی کی اہمیت کو اسلام آباد نے پہچان لیا، اچھی بات ہے چھوٹے صوبے سے نگراں وزیراعظم کو لیا گیا۔

فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انوار الحق کی بطور نگراں وزیراعظم منظوری پر رد عمل میں کہا کہ انوار الحق ایک سچے پاکستانی ہونے کے ساتھ انتہائی پڑھے لکھے اور معتدل مزاج شخص ہیں۔

اپنے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے کوئی اچھی خبر آئی ہے، اللہ پاکستان کیلئے اس فیصلے کو مبارک کرے۔

Pakistan Politics

general elections 2023

Caretaker PM

CARETAKER GOVT