کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی ترقی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ترقی ہو گئی۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی تازہ ترین رینکنگ سامنے آگئی۔
بیٹرز کی رینکنگ
آئی سی سی کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی رینکنگ میں بھی 2 درجے بہتری آئی ہے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 2 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں اور انگلینڈ کے ہیری بروک نویں نمبر پر آ گئے جبکہ پاکستان کے سعود شکیل 15 اور عبداللہ شفیق 21 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز کی رینکنگ
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت ہی کے رویندرا جڈیجا 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ 2 درجے ترقی کے بعد چوتھے پر آگئے جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی رینکنگ میں 2 درجے تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں 3 درجے بہتری ہوئی ہے اور فاسٹ بولر چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 4 درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
مچل اسٹارک ایک درجے ترقی کے بعد 13 ویں جبکہ انگلینڈ کےکرس ووکس 7 درجے بہتری کے بعد 23 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیم کی رینکنگ
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی رینکنگ میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کامیابی کے ساتھ 24 پوائنٹس کے ہمراہ پاکستان پہلی پوزیشن پر قابض ہے جبکہ بھارتی ٹیم ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ 16 پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔
رینکنگ میں دفاعی چیمپئین آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بالترتیب 5، 5 میچوں میں 2 فتح، 2 ہار اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ 26 پوائنٹس کے ہمراہ تیسری اور پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیموں نے 2، 2 میچز کھیل رکھے ہیں تاہم کالی آندھی ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور لنکن ٹائیگرز مسلسل دو میچز ہار کر چھٹی پوزیشن پر موجود ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی اس سائیکل میں بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے ابھی کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔
Comments are closed on this story.