Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، وزیراعظم

شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد کی ملاقات
شائع 01 اگست 2023 07:53pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں بیرک گولڈ کے وفد نے ریکوڈیک منصوبے پر سرمایہ کاری میں حکومت پاکستان کے حصے کی پاکستانی روپوں میں ادائیگی پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو ریکو ڈیک میں جاری ترقیاتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان منرل سمٹ میں بیرک گولڈ سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی سند ہے، منرل سمٹ کی کامیابی اور پاکستان میں بیرک گولڈ جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کی بحالی سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے اجراء سے ممکن ہوا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ پورا پاکستان خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریکو ڈیک میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا قیام کیا گیا ہے جو بلوچستان کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ممکنہ اقدامات کی نشاندہی کرتی ہے، کمیٹی میں شامل مقامی عمائدین مقامی لوگوں کی ترقی کے لیے منصوبوں کی نشاندہی خود کرتے ہیں، ریکوڈیک منصوبے میں بلوچستان بالخصوص باصلاحیت مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کی سرمایہ کاری میں سے علاقے کی ترقی پر بھی خطیر رقم خرچ کی جا ئے گی، ریکو ڈیک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔

اس موقع پر وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

پاکستان مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اورعوام کا شکر گزار ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کی مدد پر سعودی حکومت اورعوام کا شکر گزار ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی نائب وزیر صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء انجینئیر مرتضی محمود، خرم دستگیر، مصدق ملک، معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

سعودی وفد میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، بداللہ موفتر الشمرانی چیئرمین سعودی جیولاجیکل سروے، عبدالرحمان خالد البیلوشی نائب وزیر برائے کان کنی صنعت اور اعلی سعودی حکام شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آمد پر آپ کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان ، سعودی عرب کی ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہے، پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، پوری پاکستانی قوم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کی مشکل وقت میں مدد پر ان کی مشکور ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہ صرف نگراں حکومت بلکہ آئندہ منتخب حکومت بھی سہولت فراہم کرے گی، ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائے گی، پاکستان میں معدنیات اورانرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین موقع ہے۔

سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت اور اہم پیغام ہے، سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں موجود وسیع مواقع میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

ملاقات میں خالدبن صالح المدفر نے وزیرِ اعظم کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کے اقدامات اور SIFC کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ SIFC کا قیام حکومت کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک سنجیدہ اقدام ہے جو پاکستان کی معیشت کی ترقی کا باعث بنے گا۔

سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

Saudia Arabia

پاکستان

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

saudi pak relation