Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

جمردو میں مسجد دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

خودکش حملہ آور کی شناخت انصار افغانی کے نام سے ہوئی۔
شائع 27 جولائ 2023 06:50pm

خیبرپختونخوا کے علاقے جمردو میں مسجد دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا جبکہ مقدمہ ایس ایچ او گل ولی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

آج نیوز کو موصول ہونے والی ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق خودکش اور اس کے ساتھی کی اطلاع پہلے ہی سے موصول ہوئی تھی، خودکش کی گرفتاری کے لیے مسجد میں سرچ آپریشن کیا جارہا تھا کہ دھماکا ہوگیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او موقع پر شہید ہوئے، خود کش حملہ ہوتے ہی ملزم کے سہولت کار کو موقع سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

مقدمے کے مطابق خود کش حملہ آور اور اس کے ساتھی سے پستول، کارتوس اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔

ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور کو جیکٹ اس کے ساتھی نے پہنچائی، گرفتار سہولت کار کی نشاندہی پر ایک خود کش جیکٹ اور دیگر زیر استعمال سامان کو برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔

مقدمے کے مطابق خود کش حملہ آور کا پاؤں موقع سے برآمد کر کے ڈی این اے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی میں درج میں مقدمے میں 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے،جن میں خودکش حملہ آور کےعلاوہ سہولت کار ابوزر، عبداللہ شلمانی، کمانڈر ایوب عرف صلاح الدین، کاشف عرف ابوبکر اور دیگر تنظیمی ساتھی تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق خود کش حملہ آور اور سہولت کار کا ٹارگٹ پولیس موبائل تھی۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ایک دہشت گرد نے جمرود کے علاقے میں قائم مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، پولیس اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی تو دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر حملوں میں اضافہ ہورہا ہے، اور رواں ماہ جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 18 جون 2022 سے 18 جون 2023 تک 12 ماہ کے دوران صوبے میں کم از کم 665 دہشت گرد حملے ہوئے۔

KPK

khyber

Blast

ALI masjid