Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلے کے وزیر اطلاعات صحافیوں کے منہ پر تھپڑ مار دیتے تھے، مریم اورنگزیب

معلوم ہے کہ مہنگائی ہے مگر یہ مہنگائی ایک سال کی نہیں، وفاقی وزیر
شائع 11 جولائ 2023 04:07pm
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب۔ فوٹو — پی آئی ڈی/ فائل
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب۔ فوٹو — پی آئی ڈی/ فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلے کے وزیر اطلاعات صحافیوں کے منہ پر تھپڑ مار دیتے تھے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافی اعظم چوہدری میرے لیے قابل احترام ہیں لیکن ان کے پاس پی ٹی وی کا کوئی کنٹریکٹ نہیں، وہ پی ٹی وی کے ملازم نہیں تھے، میں نے اعظم چوہدری کو سوال کرنے کا موقع دیا تھا اور اگر ہمیں اعتراض ہوتا تو سوال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ صرف پاکستان کے دشمنوں کو ہوا، پی ٹی وی پرحملہ کرنے والوں نے ریڈیو پاکستان کو جلایا، نااہل شخص کو نکالا تو سائفر لہرا کر کہا گیا امپورٹڈ حکومت آگئی اور آج وہی شخص سائفر کی تحقیقات روکنےکا کہہ رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک شخص 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جواب نہیں دے رہا جب کہ وہی شخص توشہ خانہ کیس روکنے کی کوشش کر رہا ہے، البتہ نواز شریف نے روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں کو جواب دیئے، ہم نے عدالتوں سے بھاگنے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی میں ملوث افراد پاکستان اور شہداء کے دشمن ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے فاٹا میں یونیورسٹی کیوں نہیں بنائی، لیپ ٹاپ کیوں نہیں بانٹے۔

آئی ایم ایف معاہدے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرلیا تھا مگر نالائق حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام دوبارہ کھولا، البتہ ہم اپنی معیشت کا انحصار آئی ایم ایف پر نہیں رکھیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک بار پھر معاشی استحکام کی طرف جائیں گے، معلوم ہے کہ مہنگائی ہے مگر یہ مہنگائی ایک سال کی نہیں بلکہ گزشتہ 4 سال کی نالائقی ہے۔

PMLN

peshawar

Maryam Aurangzeb