Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟ اعلان ہوگیا

قومی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے میچز کب کب اور کہاں کہاں کھیلے گی
شائع 27 جون 2023 07:05pm
فوٹو۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔ سوشل میڈیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیچ میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ شیڈول ممبئی میں خصوصی تقریب کے دوران جاری کیا گیا، شیڈول آئی سی سی 100 دن کے کاؤنٹ ڈاؤن کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 10 وینیوز پر کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں شامل 10 ٹیمیں 9، 9 میچ کھیلیں گی۔

ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔

پاکستان پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔

پاکستان کے ورلڈکپ میں کتنے میچز ہوں گے اور کب کب کھیلے جائیں گے؟

پاکستان ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے 5 مختلف شہروں میں 9 لیگ میچز کھیلے گا۔

6 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر نمبر 1

12 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر نمبر 2

15 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انڈیا

20 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

23 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان

27 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا

31 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلادیش

4 نومبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

12 نومبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے بیان

دوسری جانب پی سی بی نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے جس میں بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو دورہ انڈیا اور میچ وینیوز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کلیئرنس درکار ہوتی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمیں جو بھی ہدایت ملے گی ہم ایونٹ اتھارٹی آئی سی سی کو آگاہ کر دیں گے، آئی سی سی کو فیڈ بیک کے لیے بھجوائے جانے والے ڈرافٹ کے موقع پر آگاہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ پہلے ہی شروع ہوچکا ہے، تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی، اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔

گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رواں برس بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی ٹور کا منفرد انداز میں خلا سے آغاز ہوا تھا۔

ٹرافی کو زمین سے ایک لاکھ 20 ہزار فٹ بلندی پر خلا میں بھیجا گیا جہاں سے ٹرافی احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتری۔

آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی آج سے بھارت کے مختلف شہروں میں لے جائی جائے گی جبکہ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ورلڈکپ: پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ سے اپنی شرط منوالی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اںٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے اپنی شرط منوالی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچ سے متعلق اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے قائل کرلیا، سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان نے ممبئی میں ورلڈ کپ کا میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی تھی، اس فیصلے سے آئی سی سی حکام کو ان کے حالیہ دورہ لاہور کے دوران آگاہ کیا گیا۔

آئی سی سی نے 2023 ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کیا، جس میں ممبئی اور کولکتہ کو سیمی فائنل میچوں کے مقامات کے طور پر نامزد کیا گیا تاہم اگر بھارتی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو اس کا میچ ممبئی میں ہوگا جبکہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ کولکتہ میں کھیلے گا۔

پاکستان اور بھارت کے سیمی فائنل کی صورت میں یہ میچ ممبئی کے بجائے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔

ورلڈکپ: پاکستان نے ممبئی میں میچ کھیلنے سے انکار کردیا

بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ممبئی میں اپنا میچ کھیلنے سے انکار کردیا جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل حکام کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان آج منگل کو متوقع ہے تاہم سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو وہ ممبئی میں اپنا ناک آؤٹ میچ کھیلے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میچ کی صورت میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈکپ فائنلز کیلئے ممبئی اور کولکتہ کو حتمی پلان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

سال 1991 میں ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما بال ٹھاکرے کی شیو سینا پارٹی نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ پر توڑ پھوڑ کی تھی، جس سے دو دن قبل پاکستان نے ہندوستان میں ایک روزہ سیریز کھیلنی تھی تاہم پاکستان وہ دورہ منسوخ کردیا تھا۔

ماضی میں مذکورہ پارٹی کے تقریباً 25 حامیوں نے نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم پر دھاوا بولتے ہوئے پچ کھودی تھی، اس پچ پر دونوں ٹیموں کو ٹیسٹ سیریز کھیلنا تھی۔

پاکستان نے اس سے قبل بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر احمد آباد میں کھیلنے پر خدشات کا اظہار کیا تھا تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان وسیع بات چیت اور مذاکرات کے بعد معاملات حل ہوگئے تھے۔ یہ فیصلہ پی سی بی کے مجوزہ ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کے بعد سامنے آیا تھا۔ اب 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

ابتدائی طور پر ڈرافٹ شیڈول میں دو سیمی فائنل بنگلورو اور چنئی کے لیے مختص کیے گئے تھے تاہم پیر کو ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے نتیجے میں مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان اور آسٹریلیا کے خلاف اپنے میچوں کے لیے مقامات کی تبدیلی کی کوشش کی درخواست کی تھی کہ آسٹریلیا کے خلاف ان کا میچ چنئی اور افغانستان کے خلاف ان کا میچ بنگلورو میں منتقل کیا جائے تاہم بی سی سی آئی اور آئی سی سی نے درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔

PCB

ICC

dubai

BCCI

Pakistan vs India

ODI World Cup

icc cricket world cup