Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

نوازشریف اور شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کیلئے کام کیا، مریم نواز

مریم نواز سے نیشنل پارٹی کے وفد کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
شائع 23 جون 2023 06:19pm
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

سابق سینیٹر کبیر احمد، جان بلیدی، سینیٹر طاہر بزنجو بھی ملاقات میں موجود تھے، اس کے علاوہ سینیٹر اکرم، ایوب ملک اور نیشنل پارٹی کے پنجاب کے صدر اسلم بلوچ بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں آئندہ الیکشن کے لیے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) سے وسیع تر سیاسی اتحاد پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر مریم نوازشریف نے نیشنل پارٹی کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان اور اس کےعوام کو نہایت اہمیت دیتے ہیں، نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ سی پیک، گوادر پورٹ اور مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے، بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے، تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی میں نئے کاروبار، روزگار دیں گے، کھیلوں میں ترقی کے مواقع دیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مریم نواز کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نوازشریف نے سیاسی اکاموڈیشن کی ہمیشہ فراخ دلانہ مثال قائم کی ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نیشنل پارٹی میں سیاسی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو اُن کی حقیقی منتخب قیادت دے کر ہی اعتماد کی وہ فضا پیدا کی جا سکتی ہے جو عوام کی خوشحالی اور پاکستان کی مظبوطی کا ضامن ہو سکتی ہے۔

مریم نواز سے ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ کی ملاقات

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے بھکر سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترقی کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا۔

PMLN

Maryam Nawaz

lahore

ANP

abdul malik baloch