نوازشریف کا نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، مریم نواز
مریم نواز کا کہنا ہے کہ نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، شہبازشریف نے کوئی بڑا فیصلہ ان کی مرضی کے بغیر نہیں کیا۔
اسلام آباد میں جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جماعت قائد کی وراثت کی امین ہے، ہم اس وراثت کو زندہ رکھیں گے، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو نہیں توڑ سکتے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید پاکستان کا معمار نوازشریف ہے، ان کو جب بھی موقع ملا انتھک محنت کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ان کا نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، اس وقت بھی پاکستان کی ڈولتی کشتی کو شہباز شریف نے سنبھالا، اور انہوں نے کبھی کوئی بڑا فیصلہ نوازشریف کی مرضی کے بغیر نہیں کیا۔
لیگی چیف آگنائزر نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ انہوں نے کبھی جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دی ہو، میں بھی کبھی کبھی تقریر کے دوران جب جذباتی ہو جاتی ہوں تو ان پیغام آجاتا ہے کہ بیٹا دھیمے دھیمے، اسی لئے نوازشریف ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کبھی امریکا کو آوازیں نہیں دیں، دوسری جانب سے تو دوسرے ممالک کے سینیٹرز کو بیان دینے کے لیے کہا جاتا ہے، لیکن نوازشریف نے کہا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، انہیں اربوں ڈالرز کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے کہا وہی فیصلہ کروں گا جو ملک کے لیے بہتر ہوگا، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہوئی۔
Comments are closed on this story.