Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معیشت اس قدر گرچکی ہے اسے اگلی حکومت اٹھائے گی، مولانا فضل الرحمان

پی ٹی آئی نے چین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، سربراہ پی ڈی ایم
شائع 12 جون 2023 05:06pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کوزمین بوس کیا، معیشت اس قدر گر چکی ہے اسے اگلی حکومت اٹھائے گی، پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے لیے قدامات کر رہے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو بے رحمی کے ساتھ زمین بوس کیا، پاکستان اس وقت معاشی بحران کی زد میں ہے، مشکلات کے باوجود موجودہ بجٹ کو متوازن قرار دیا گیا ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جے یو آئی ف حکومتی کوششوں میں شامل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور ریاستی اداروں پر حملہ کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اس طرح کے فتنے کی بیخ کنی ہونی چاہیئے اور سخت اقدامات کیے جانے چاہئیں، ہماری ملکی سیاست سے وابستگی سے ایک طویل تاریخ ہے، ہم نے سیاست میں اتار چڑھاؤ کو قریب سے دیکھا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کا بنیادی مقصد اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ تھا، ملک کی اسلامی شناخت کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے، پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے اور اسلام کے زریں اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مہم کا آغاز کریں گے، ہماری خارجہ پالیسی کا محور پاکستان کا مفاد ہونا چاہیئے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کے ساتھ باہمی تعلقات دو طرفہ مفادات کے تحفظ کی ضمانت پر مبنی ہونے چاہئیں، بھارت کے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ جارحانہ رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیر پر غاصبامہ قبضے کے لیے اقدامات کرنا بھارت کا جارحانہ عمل ہے، جے یو آئی ف کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم مختلف شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان چین دوستی ایک معاشی دوستی میں تبدیل ہوچکی ہے، گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو منجمد کردیا تھا، پی ٹی آئی نے چین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، چین کا اعتماد بحال ہوگا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری آئے گی۔

انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہر سیاسی جماعت اپنے مفاد کو دیکھتے ہوئے اقدامات کرتی ہے، جے یو آئی ف پورے ملک میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، آئین کے تقاضے کے مطابق ملک میں انتخابات ضرور ہوں گے، سیاست میں غلط رحجانات اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے، ہماری نئی نسل کے اخلاق کو بگاڑا گیا، چاہتے ہیں ہمارے نوجوانوں کی اصلاح ہو۔

PDM

imran khan

peshawar

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

Politics 12 June 2023