جناح ہاؤس حملے میں ملوث خواتین سمیت تمام ملزمان کو سزا ملے گی، عطاء تارڑ
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و داخلہ امور عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس حملے میں ملوث خواتین سمیت تمام ملزمان کو سزا ملے گی، جیل میں قید خواتین ناروا سلوک سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کررہی ہیں، دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس عطاء تارڑ نے کہا کہ شرپسندوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دشمن کو بھی جرات نہ ہوئی، شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، یادگاروں کی بے حرمتی پر شہداء کے ورثاء غمزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مجسمے کی بھی بے حرمتی کی، شہید کیپٹن کرنل شیر خان کی بہادری کی دشمن نے بھی تعریف کی، میں صوابی جاکر شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے ورثاء سے معافی مانگ کر آیا۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کا مقصد اپنے لیڈر کی کرپشن کو چھپانا تھا، دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، واقعے کے ذمہ داروں کو سزا بھگتنا ہوگی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مراد سعید جیسا بزدل آدمی لوگوں کو اہداف پر پہنچنے کی ہدایات جاری کرتا رہا، اب خود چھپا بیٹھا ہے، کوئی بے گناہ جیل نہیں جائے گا، کوئی قصور وار جیل سے بچ نہیں پائے گا، 9 مئی واقعات میں ملوث گرفتار خواتین کے خلاف ثبوت موجود ہیں، گرفتار خواتین پی ٹی آئی شر پسندوں کو ہدایات جاری کرتی رہیں،
انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات پر حملے کے دوران فوج کے جوانوں نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کو معافی نہیں ملے گی،
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیئے، گزشتہ حکومت میں کابینہ میں بند لفافہ لاکر کہا گیا کہ اسے منظور کیا جائے، قوم کو یہ نہیں بتایا گیا کہ اس بند لفافے میں کیا ہے، یہ وہی بند لفافہ تھا جس پر 60 ارب روپے کرپشن کا کیس بنا ہے، برطانیہ سے آئی رقم سرکاری خزانے میں جمع ہونا تھی لیکن سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرادی گئی۔
Comments are closed on this story.