Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب بھر میں شرپسندوں کیخلاف 9 مئی کے واقعات پر 291 مقدمات درج

9 مئی کے پر تشدد واقعات میں زخمی اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرنا شروع
شائع 01 جون 2023 09:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔ رائٹرز

پنجاب بھر 9 مئی کے واقعات پر درج مقدمات اور گرفتار ملزمان کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، جس کے مطابق شر پسندوں کے خلاف 291 مقدمات درج ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں شرپسندوں کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر 291 مقدمات درج ہوئے جن میں 55 مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 34 ہزار 671 ملزمان کے خلاف درج مقدمات میں 5 ہزار 615 شر پسندوں کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کی دفعات کے تحت 7 ہزار 358 شرپسندوں کے خلاف مقدمات درج کے گئے۔

پنجاب بھر میں 18 ہزار 49 میں سے 1545 شرپسندوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامزد مقدمات درج کیے گئے جبکہ 55 دہشت گردی کے مقدمات میں 2 ہزار 738 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں 516 نامزد جبکہ 2 ہزار 222 نامعلوم شرپسند شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے پولیس دیگر اداروں کی مدد سے چھاپے مار رہی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کو جیوفینسنگ اور ویڈیوز کی مدد سے شناخت کرکے گرفتارکیا گیا ہے۔

جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی تفتیش میں پیشرفت

دوسری جانب جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں زخمی اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرنا شروع کردیے ہیں، اب تک زخمی ہونے والے ایس ایچ اوز، اے ایس آئیز اور کانسٹیبلز سمیت 22 اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

پولیس اہلکاروں سے 9 مئی کے واقعات میں گرفتار افراد کی شناخت بھی کروائی جا رہی ہے۔

اگلے مرحلے میں سرکاری وغیرسرکاری عینی شاہدین کو بھی بیان کے لیے طلب کیا جائے گا۔

پولیس افسران کے چھینے گئے موبائل فونز کی برآمدگی کے لیے بھی ٹریکنگ شروع کردی گئی ہے۔

pti

lahore

punjab

imran khan arrested

Politics June 1 2023