Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

پاکستان میں کرکٹ کی سہولتیں اور پروگرام زبردست ہیں، چیئرمین آئی سی سی

پی سی بی کرکٹ کے انتظامات میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے، گریگ بارکلے
شائع 01 جون 2023 12:06pm
چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے۔ فوٹو — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل
چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے۔ فوٹو — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل

چیئرمین انٹر نیشنل کرکٹ کونسل گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی سہولتیں اور پروگرام زبردست ہیں۔

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کا دو روزہ لاہور کا دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔

یاد رہے کہ گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔ اس دوران گریگ بارکلے اور جیف ایلر ڈائس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر حکام سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کی۔

نجم سیٹھی اور آئی سی سی حکام کے درمیان ملاقات میں کرکٹ کی ترقی اور اسے مزید فروغ دینے سے متعلق مشترکہ معاملات پر گفتگو کی گئی تھی۔

آئی سی سی حکام نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران قومی کرکٹ اکیڈمی، لاہور قلعہ، لاہور میوزیم، مینار پاکستان اور سیف سٹی پروجیکٹ کا دورہ کیا۔

گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں۔ اب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

آئی سی سی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوں، آئی سی سی کے نقطہ نظر سے ہم اس کھیل کو دنیا بھر میں وسعت دینا چاہتے ہیں جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودگی خوشی کا باعث ہے۔

اس موقع پر سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمینٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس دورے نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے خیالات اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔

PCB

ICC

lahore

greg barclay