Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

آڈیو لیکس تحقیقات: عدالت نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کیخلاف کارروائی سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجم الثاقب کو طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا
اپ ڈیٹ 31 مئ 2023 10:58am
اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے نجم الثاقب کو بھیجا گیا طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آڈیو لیکس تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

مزید پڑھیں: ثاقب نثار کے بیٹے نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کو چیلنج کردیا

جسٹس بابر ستارنے درخواست پر سماعت رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کی۔

جسٹس بابرستار نے اعتراضات دورکرتے ہوئے استفسارکیا کہ کیا یہ خصوصی کمیٹی ہے؟

جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ خصوصی کمیٹی کے لیے بھی وہی رولزہوں گے جو عام کمیٹی کے لیے ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اپنے بیٹے اور عزیر کو بلا کر آڈیو لیک سے متعلق پوچھا، جسٹس (ر) ثاقب نثار

جسٹس بابرستار نے کہا کہ آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑے گا۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ کوئی متعلقہ وزارت اس معاملے میں ہے ہی نہیں، پھر بھی ہم بنا دیں گے، ہم نے صرف یہ چیلنج کیا ہے کہ اسپیکر اور اسمبلی کو پرائیویٹ معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیرالتوا ہے ہم نے اس کو چیلنج نہیں کیا، آڈیولیک 2 پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طور کی گئی بات چیت ہے، پارلیمنٹ کو 2 پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔

مزید پڑھیں: ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم

عدالت عالیہ نے خصوصی کمیٹی کو چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے نجم الثاقب کو طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے حکم امتناع جاری کیا ہے۔

مزید پڑھیں: مبینہ آڈیو لیک: خصوصی کمیٹی کا سابق چیف جسٹس کو بیٹے سمیت طلب کرنے کا فیصلہ

جسٹس بابرستار نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دور کردیے۔

عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت کو 19 جون کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا ہے کہ یہ آڈیوز ریکارڈ کون کرتا ہے؟ خصوصی کمیٹی نے کس اختیار کے تحت نوٹس کیا؟ پیرا وائز کمنٹس بھی طلب کرلیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ابوزر چدھڑ سے ٹکٹ کے معاملے پر بات کر رہے تھے جبکہ ثاقب نثار نے بھی آڈیو میں بیٹے کی آواز کی تصدیق کی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی۔

نجم الثاقب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب بنائی گئی اسپیشل کمیٹی کی تشکیل چیلنج کر رکھی ہے۔

Islamabad High Court

Saqib Nisar

najam saqib

Audio leaks Inquiry Commission

former cheif justice

politics may 31 2023