پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کا ٹویٹر پر خصوصی آڈیو پیغام
رہنما تحریک انصاف مراد سعید نے اپنے آڈیو پیغام میں حکومت سے کئی سوال کردیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے پی ڈی ایم حکومت پر کئی سوال اٹھا دئیے ہیں۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ جب دہشت گردی کی جنگ شروع ہوئی تب میری عمر 18سال تھی، ہم بے گھر ہوئے، میں نے اپنے بزرگوں کو گلتے دیکھا، پھلوں کی آبیاری کرنے والی ماں زندہ لاش بن گئی، ہماری زبانوں پرشکوہ تک نہیں آیا، ایک لمحے کیلئے بھی پاکستان کا برا نہیں چاہا، ہم گولی سہی لیکن گالی نہیں دی۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ آج جو دہشت گردی اور غداری کے فتوے لگاتے ہیں یہ لوگ کون ہیں، آزاد بلوچستان، سندھو دیش، جاگ پنجاب جاگ کا نعرہ لگا، پختونستان بنانے کی بات ہوئی، یہ سارے ہمیں حب الوطنی کا درس دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حب الوطنی ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتی ہے، پی ڈی ایم نے پاکستان اوراداروں کے خلاف زہراگلا، لندن میں بیٹھ کر لابنگ کرنے والوں سے ملاقاتیں نہیں کیں۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے آئینی اور قانونی حق تو چھین سکتے ہیں، لیکن وطن سے محبت ہمارے خون سے نہیں نکال سکتے، تحریک انصاف کا ہر فرد اور ورکر محب وطن ہے، 9 مئی کے واقعے نے ہر محب وطن کو تکلیف دی، یہ سازش آج نہیں تو کل ضرور بے نقاب ہوگی، پاکستان قوم سے اپیل ہے ڈرنا نہیں نہ ہی دبنا ہے، تم حق پر ہو ڈٹ کر کھڑے رہو۔
Comments are closed on this story.