Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گر گئیں

سابق ایم این اے حیدر علی اور سابق ایم پی اے جاوید اختر کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 05:35pm
سینیٹر عبدالقادر۔ فوٹو — فائل
سینیٹر عبدالقادر۔ فوٹو — فائل

تحریک انصاف کے سابق ایم این اے حیدر علی اور سابق ایم پی اے جاوید اختر نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے اب تک تحریک انصاف کے بیشتر رہنما اور کارکنان پارٹی سے راہیں جدا کرچکے ہیں، گزشتہ روز بھی پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین فواد چوہدری نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا تھا جب کہ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سینیٹر عبدالقادر نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرلی

اسلام آباد میں سینیٹر عبدالقادر کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنا ضروری ہے، سیاست میں نفرت اور تشدد کا راستہ تمام جماعتوں نے اختیار کیا۔

انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم یوم تکریم شہدا منارہی ہے، پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مضبوط فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔

سینیٹر عبدالقادر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی پوری قوم مذمت کر رہی ہے، آرمی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتا ہوں، البتہ میں بلوچستان سے آزادحیثیت سے رکن منتخب ہوا اور اس وقت سینیٹ میں آزاد حثیت سے کام کر رہا ہوں۔

سابق ایم پی اے ملک اکرم کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

جلال پور سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے ملک اکرم نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلی ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، شہدا نے پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دیں، پاکستان اور افواج پاکستان لازم وملزوم ہیں۔

ملک اکرم نے کہا کہ جو لوگ جلاؤ گھیراؤ میں شامل تھے ان کو سزا ملنی چاہئے، ہم پاکستان اور ریاست کے ساتھ ہیں، حلقے کےعوام سے مشاورت کرکے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سابق ایم این اے حیدرعلی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم این اے ڈاکٹر حیدرعلی نے بھی پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

سابق ایم این اے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر حیدرعلی کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری جماعت نے ہمیشہ ورکرز اور لیڈرز کی عزت کی ہے، جب بھی مشکل وقت آیا کارکنان اور لیڈر ساتھ رہے، اسلام آبادکاسیاسی موسم بہت گرم ہے، عمران خان جلد امریکا میں سیاسی پناہ لیں گے۔

سابق ایم پی اے جاوید اختر انصاری کا پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان

تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے اورسابق مشیر وزیراعلی پنجاب جاوید اختر انصاری نے بھی اپنی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید انصاری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے کی بھرپور مذمت کرتےہیں، ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں

جاوید اختر انصاری نے کہا کہ تحریک انصاف کا 2 بار رکن رہ چکا ہوں اور اب بھی مجھے میرے حلقے سے عمران خان نے ٹکٹ دیا ہے، لیکن میں پارٹی ٹکٹ واپس کرتا ہوں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، سیاسی مستقبل کافیصلہ دوستوں کی مشاورت سے کریں گے۔

pti

PTI protest

pti leaders

imran khan arrested

Politics May 25 2023