Aaj News

بدھ, اکتوبر 30, 2024  
26 Rabi Al-Akhar 1446  

اگر طاقتور لوگ کہہ دیں میرے بغیر ملک بہتر ہوجائیگا تو میں پارٹی چھوڑنے کیلئے تیار ہوں، عمران خان

کارکن اور آفس بیئررز گھروں میں نہ رہیں، کہیں چُھپ جائیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایت
اپ ڈیٹ 24 مئ 2023 11:30pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کارکنان سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کارکنان سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر طاقتور لوگ کہہ دیں میرے بغیر ملک بہتر ہوجائے گا تو میں پارٹی چھوڑنے کیلئے تیار ہوں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنان سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میڈیا مکمل طور پر کنٹرول کردیا گیا لیکن حیرت ہے انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی آواز نہیں اٹھا رہیں یہ جمہوریت کو بکھیرا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی، لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا جب کہ ایک دم انٹرنیٹ بھی بند کردیا جس کی وجہ سے میرا کسی سے رابطہ نہیں ہو رہا، میں تیار بیٹھا ہوں جب بھی پکڑنے آجائیں۔

چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم سپریم کورٹ کے ججز کی طرف دیکھ رہی ہے کہ آپ ہی اس ملک کو بچائیں، جمہوریت کے لیے اسٹینڈ لیں کیونکہ ایسا لگ رہا ہے ہم گسٹاپو کے دور میں بیٹھے ہیں، اسی لئے رہی سہی جمہویت کو بچانے کی ذمہ داری آپ پر ہے۔

عمران خان نے کارکنوں اور عہدیداروں کو چھپنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اور آفس بیئررز گھروں میں نہ رہیں، کہیں چھپ جائیں، یہ اندھیری رات زیادہ دیر تک نہیں رہے گی اور اگر آپ نے لائنس ٹو کل دیا تو آپ کی بھی باری آجائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں برے وقت میں صبر کرنا چاہئے، قوموں کی زندگی میں برے وقت آتے ہیں، قوم سے کہتا ہوں اس طرح کی غلامی قبول کرنے سے بہتر ہے مرجاؤ کیونکہ للہ نے ہمیں کسی کی غلامی کے لیے پیدا نہیں کیا۔

اپنے خطاب کے دوران عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حوصلہ رکھنا ہے، آپ کا کپتان آخری گیند تک لڑنے والا کپتان ہے، آپ کے کپتان میں جب تک خون ہے اس نے لڑنا ہے، ہارماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور یہ جو بھی کریں گے میں اس کے لیے تیار ہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک مذاکراتی کمیٹی بنانے کے لیے تیار ہوں، جو بھی طاقتور لوگ ہیں کمیٹی ان سے جاکر بات کرلے اور اگر وہ کہہ دیں عمران خان کے بغیر پاکستان بہتر ہوجائے گا میں ملک کی خاطر پارٹی چھوڑ کر پیچھے ہٹنے کے لئے تیار ہوں۔

pti

imran khan

pti workers arrest

politics may 24 2023