Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

فردوس شمیم نقوی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم

پی ٹی آئی کراچی نے عدالت سے گرفتار کارکنان کی رہائی کی استدعا کردی
اپ ڈیٹ 22 مئ 2023 08:39pm

عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کےرہنما فردوس شمیم نقوی کی درخواست ضمانت پر انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ فردوس شمیم نقوی کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں، مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے ان کی صحت کوسنگین خطرات لاحق ہیں۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو فردوس شمیم نقوی کو میڈیکل بورڈ کے سامنےپیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل بورڈ فردوس شمیم نقوی کی صحت کے حوالے معائنہ کرے، اور ان کی بیماری کی نوعیت پر رائے دے۔ عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔

فردوس شمیم نقوی کی گرفتار پر عمران خان کی تنقید

گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔

فردوس شمیم نقوی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا ہے، ٹیپو سلطان پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، اور بتایا کہ ابتدائی تفتیش اور دیگرکارروائی مکمل کرلی ہے اور 2 ملزمان کے بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کروانا ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

عدالت نے فردوس شمیم نقوی سمیت دیگرملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جب کہ پولیس نے انہیں کراچی سے سکھر جیل بھیج دیا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کا گرفتار کارکنان کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار 190 کارکنان پر مقدمات بنائے گئے۔ 177 کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے دوسرے شہروں میں منتقل کیا گیا جبکہ 300 سے زائد ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جو پی ٹی آئی کے کارکن نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن کے ایم پی او جاری نہیں کیے، ہم تمام گرفتار کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، عدلیہ سےدرخواست ہے کہ کارکنان اور عوام کو انصاف فراہم کریں۔

pti

PTI protest

imran khan arrested

pti workers arrest

Politics May 22 2023