Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کُھل کر مذمت کرنی چاہئے، صدر مملکت

اب پورے ملک میں ایک ساتھ ہی الیکشن ہوں گے، عارف علوی
شائع 18 مئ 2023 09:25pm
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی۔ فوٹو — فائل
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی۔ فوٹو — فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھُل کر مذمت کرنی چاہئے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں عارف علوی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر مجھے بہت تکلیف پہنچی، ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں انہیں مارا پیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر بننے سے پہلے بھی شہداء کے لواحقین کے پاس جاتا اور ہر شہید کے گھر فون کرتا تھا، کرنل شیر خان شہید کی یادگار کے ساتھ جو ہوا وہ افسوسناک ہے، لہٰذا جس نے بھی یہ کیا اس کو سزا ملنی چاہئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین سے متعلق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں کہتا ہوں اگر احتجاج کریں تو قانون کے دائرے میں رہ کر کریں، البتہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں عارف علوی نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں تھی۔

انتخابات کے حوالے صدر علوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات نہیں ہوسکتے، اسی لئے اب پورے ملک میں ایک ساتھ ہی الیکشن ہوں گے، میں چاہتا ہوں الیکشن جلد ہو جائیں اور منتخب لوگ اقتدار سنبھالیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا برا حال ہے، مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، میں غریب آدمی سے بھی کہتا ہوں قانون کی پاسداری کرو۔

صدر مملکت نے کہا کہ بنگلادیش کی جی ڈی پی بھارت سے بہتر ہے، افغانستان کے ادارے بھی تباہ ہیں، پاکستان میں چوروں نے چوری کی لیکن وہ پکڑے نہیں گئے، ادارے ناکام ہوں وہاں قوم تباہ ہو جاتی ہے۔

COAS

imran khan

Arif Alvi

Elections

politics may 18 2023