Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
politics may 18 2023

کپتان کے ساتھی عثمان ترکئی اور بلند ترکئی کا پیپلزپارٹی میں جانے کا فیصلہ

دونوں رہنماؤں کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات، جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کی یقین دہانی
شائع 18 مئ 2023 11:10pm
فوٹو ــ سوشل میڈیا
فوٹو ــ سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو سابق رکن قومی اسمبلی نے کپتان کا ساتھ چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔

تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی اور بلند خان ترکئی کپتان کا ساتھ چھوڑ کر پیپلز پارٹی کو پیارے ہونے کو تیار ہوگئے۔

صوابی کے ترکئی خاندان میں سیاسی اختلافات جنم لینے کے بعد سابق رکن قومی اسمبلی عثمان ترکئی اور بلند ترکئی نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلیں۔

دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی۔

60 امریکی اراکین کانگریس نے عمران کو تحفظ دینے کیلئے خط لکھا ہے، فضل الرحمان

ہمیں اپنے ملکی معاملات میں کسی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں۔ سربراہ پی ڈی ایم
شائع 18 مئ 2023 10:08pm
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں 18 مئی کو نیوز کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں 18 مئی کو نیوز کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب

سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ 60 امریکی اراکین کانگریس نے عمران خان کو تحفظ دینے کے لئے خط لکھا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج 60 امریکی اراکین کانگریس نے سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا جس میں عمران خان کو تحفظ فراہم کرنے کا کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خط سے واضح ہوگیا کہ پی ٹی آئی کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، عمران خان کو ایجنڈے پر عمل کے لئے لانچ کیا گیا، ہمیں اپنے ملکی معاملات میں کسی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مجرم اور چور کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، عمران خان کی مکمل سہولت کاری کی جارہی ہے، 9 اور 10 مئی کو جو ہوا وہ بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں، عدالتیں مجرموں کو رہا کرکے حوصلے بڑھائے جا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست کو کمزور کیا جا رہا ہے، بلوائیوں نے ملک کو جلایا، پھر بھی تحفظ دیا جا رہا ہے، ہم نے اس صورتحال کا سامنا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر و تحمل کا امتحان نہ لیا جائے، صورتحال سے غافل نہیں، صورتحال کا مقابلہ کریں گے، ہم سب تیار ہیں۔

آرمی ایکٹ سے متعلق سوال پر پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ جب فوجی تنصیبات پر حملے ہوں اور شہری عدالتوں کا یہ حال ہو تو آرمی ایکٹ اس وقت نہیں آئے گا تو کیا آئے گا، البتہ فوج آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرے گی اور ہم عوامی عدالت میں کارروائی کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی محبت میں پگھلنے والے ملک کا سوچیں، میں مذاکرات کی حمایت نہیں کروں گا، ساری پارٹیاں ایک طرف اور دوسری طرف عمران خان ہیں۔

توشہ چور نے معیشت اور نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، مریم نواز

9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، سینئر نائب صدر ن لیگ
شائع 18 مئ 2023 10:06pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا۔

مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں۔

انھوں نے کہا کہ مٹھی بھر مسلح جتھوں کو پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیا گیا۔ توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار ، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، مسلم لیگ (ن) قوم کی تقسیم ختم کرکے امن اور برداشت واپس لائے گی۔

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کُھل کر مذمت کرنی چاہئے، صدر مملکت

اب پورے ملک میں ایک ساتھ ہی الیکشن ہوں گے، عارف علوی
شائع 18 مئ 2023 09:25pm
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی۔ فوٹو — فائل
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی۔ فوٹو — فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھُل کر مذمت کرنی چاہئے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں عارف علوی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر مجھے بہت تکلیف پہنچی، ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں انہیں مارا پیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر بننے سے پہلے بھی شہداء کے لواحقین کے پاس جاتا اور ہر شہید کے گھر فون کرتا تھا، کرنل شیر خان شہید کی یادگار کے ساتھ جو ہوا وہ افسوسناک ہے، لہٰذا جس نے بھی یہ کیا اس کو سزا ملنی چاہئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین سے متعلق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں کہتا ہوں اگر احتجاج کریں تو قانون کے دائرے میں رہ کر کریں، البتہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں عارف علوی نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں تھی۔

انتخابات کے حوالے صدر علوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات نہیں ہوسکتے، اسی لئے اب پورے ملک میں ایک ساتھ ہی الیکشن ہوں گے، میں چاہتا ہوں الیکشن جلد ہو جائیں اور منتخب لوگ اقتدار سنبھالیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا برا حال ہے، مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، میں غریب آدمی سے بھی کہتا ہوں قانون کی پاسداری کرو۔

صدر مملکت نے کہا کہ بنگلادیش کی جی ڈی پی بھارت سے بہتر ہے، افغانستان کے ادارے بھی تباہ ہیں، پاکستان میں چوروں نے چوری کی لیکن وہ پکڑے نہیں گئے، ادارے ناکام ہوں وہاں قوم تباہ ہو جاتی ہے۔

چھوڑ کر جانے والوں پر دباؤ تھا، اکیلا بھی رہ گیا تو کھڑا رہوں گا، عمران خان

خدشہ ہے ضمانت کے باوجود مجھے کسی بھی وقت دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین
اپ ڈیٹ 19 مئ 2023 12:12am
تصویر بذریعہ ڈی ڈبلیو اسکرین گریب
تصویر بذریعہ ڈی ڈبلیو اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نےکہا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم اور آئین کی خلاف ورزی کی، ضمانت کے باوجود کسی بھی وقت میری دوبارہ گرفتاری کا خدشہ ہے۔

جرمن میڈیا ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خدشہ ہے ضمانت کے باوجود مجھے کسی بھی وقت دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے جہاں صرف طاقتور کی حکمرانی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بدھ کی رات 40 دہشت گردوں کو پکڑنے کی آڑ میں میری رہائش گاہ پر حملے کا منصوبہ بنایا گیا، پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا، میں نے میڈیا کو زمان پارک آنے کی پیشکش کی کہ وہ خود آکر تلاشی لے سکتے ہیں۔ اس سے ساری صورتحال واضح ہو گئی کیونکہ وہاں کوئی دہشت گرد موجود نہیں تھے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرنے والوں سے متعلق کہا کہ قوم جانتی ہے کس قسم کا دباؤ ڈالا جارہا ہے، پارٹی چھوڑنے والوں پر بہت دباؤ ہے، اکیلا بھی ملک کی حقیقی آزادی کے لئے کھڑا رہوں گا، میری ہمدردیاں پارٹی چھوڑنے والوں کے ساتھ ہیں۔

9 مئی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ہر کوئی کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کی مذمت کر رہا ہے، عمارت کو جلانے کا الزام ہم پر لگایا جارہا ہے، لہٰذا تحقیقات کے لئے آزاد کمیشن بنایا جائے اور اگر آزاد تحقیقات ہوئیں تو ثابت ہو جائے گا کہ سب منصوبہ بندی تھی۔

27 سال میں ایسا جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوا، پولیس نے لوگوں کو چی ایچ کیو کی طرف دھکیلا

ان کا کہنا تھا کہ میں جیل میں تھا مجھے کچھ معلوم نہیں تھا لیکن 27 سال میں ایسا جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوا، ہم منصوبہ بندی کے ثبوت دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کرکے لوگوں سے حملہ کروایا گیا، پولیس نے لوگوں کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کی طرف دھکیلا، لبرٹی سے جی ایچ کیو کی طرف جانے والوں کو کوئی روکنے والا نہیں تھا، واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والوں کی شکلیں دکھائی جائیں، یہ وہی لوگ تھے جو میانوالی حملے میں ملوث تھے، ان سب چیزوں کی تحقیقات بہت ضروری ہے۔

تحریک انصاف کو فوج کے سامنے کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کو فوج کے سامنے کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، فوج سے کوئی لڑے گا تو ملک ہارے گا، یہ سب کچھ ہونے سے پی ڈی ایم کو فائدہ ہوگا، ملک میں جمہوریت تباہ ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے غیر قانونی طریقے سے اغواء کیا گیا، میرے کارکنان پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، ہمارے 7 ہزار 500 کارکنان اور تمام رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا جب کہ تقریباً 25 کارکنوں کو شہید کردیا گیا ہے۔

کارکنان نے عدالتی احاطے سے میرے غیر قانونی اغواء پر پُرامن احتجاج کیا

اپنی گرفتاری پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ پر بھی دو قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں، ہمارے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جا رہا ہے، منصوبے کا مقصد میری پارٹی کو ختم کرنا ہے، کارکنان نے عدالتی احاطے سے میرے غیر قانونی اغواء پر پُرامن احتجاج کیا۔

عمران خان نے کہا کہ پارٹی قیادت کو ضمانت کے باوجود جیلوں میں ڈال دیا گیا، جسےعدالت رہا کرنے کا حکم دیتی ہے یہ دوبارہ گرفتار کرلیتے ہیں، خواتین کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا جب کہ سابق وزیر شہریار آفریدی کو اہلیہ سمیت اٹھا لیا گیا۔

انٹرویو کے دوران عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میرے اوپر 150 کے قریب مقدمات درج کر لیے گئے، چار نئے کرمنل کیس اس وقت بنائے گئے جب میں جیل میں تھا، مجھ پر دہشت گردی کے 40 مقدمات بنائے گئے، ایک دن میں 50 کے قریب کیسز بھی بنا دیے گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے اوپر 2 کرپشن کے مقدمات بنائے گئے ہیں، پاکستانی قوم مجھے 50 سال سے جانتی ہے، میں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، کوئی ان جھوٹے مقدمات اور الزامات پر یقین نہیں کرے گا، میں خود پر حملے کی ایف آئی آر درج نہ کروا سکا۔

ہر کسی سے الیکشن پر بات کرنے کیلئے تیار ہوں

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 90 دن پورے ہوگئے ایسے میں نگراں حکومت کی کیا قانونی حیثیت رہ گئی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اب کوئی حکومت نہیں رہی، وفاقی حکومت اور نگراں حکومت نے آئین توڑا ہے، یہ سب الیکشن سے بھاگنے کے پلان کا حصہ ہے، صاف اور شفاف الیکشن کےعلاوہ کوئی بھی راستہ ملکی تباہی ہے، میں ہر کسی سے الیکشن پر بات کرنے کے لئے تیار ہوں۔

ملک کی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پاکستان بدترین سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار ہے، ملک میں مہنگائی سری لنکا سے بھی بڑھ چکی ہے، سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل شفاف الیکشن ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مردم شماری کے نتائج قبول نہ کرنے کا اعلان

گروتھ ریٹ پر گنا ہے تو مردم شماری کا فائدہ نہیں، مراد علی شاہ
شائع 18 مئ 2023 08:10pm
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ۔ فوٹو — اے پی پی/ فائل
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ۔ فوٹو — اے پی پی/ فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ساتویں خانہ و مردم شماری کے نتائج قبول نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر تحفظات سے حکومت کو کئی بار آگاہ کیا، مردم شماری ڈیجیٹل ہوں یا کچھ بھی اس میں ہر شخص کو گنا جانا چاہئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، گروتھ ریٹ پر گنا ہے تو مردم شماری کا کیا فائدہ، اس ملک کے مستقبل سے نہ کھیلا جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 5 دن بڑھانے سے خوش نہیں ہوں گا، ہمیں 2017 میں بھی غلط گنا گیا، مشترکہ مفادات کونسل میں معاملے کو لیکر گیا، ہم اس مردم شماری کو قبول نہیں کریں گے، جب بھی لوگ آئے وہ ہمارے سوالوں کے جواب نہیں دے سکے۔

اس کے علاوہ 9 مئی کے واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شرپسندوں نے درختوں تک کو آگ لگادی، تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، سب گرفتار ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کا بلدیاتی انتخابی شیڈول میں تاخیر پرسندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابی شیڈول کی مدت زیادہ رکھنے کے خلاف کل صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ تاخیری حربوں کے خلاف تمام اضلاع میں احتجاج کریں گے، بلدیاتی انتخابی شیڈول کی ایک ماہ مدت زیادتی ہے، تاخیری حربے بلدیاتی منتخب نمائندوں کوقبول نہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ایک سال سے بلدیاتی نمائندے انتظار کر رہے ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابی شیدول پر نظرثانی کرے۔

شناخت پریڈ، پی ٹی آئی کے 13 کارکنان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

ملزمان پر جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے
شائع 18 مئ 2023 07:29pm
تصویر بذریعہ اے ایف پی
تصویر بذریعہ اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شناخت پریڈ کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 13 کارکنان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے 13 کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگل خان نے کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسر نے ملزمان کی شناخت پریڈ کرانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شناخت پریڈ کے بعد ملزمان کا جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔ جس پر عدالت نے ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڈ کینٹ میں مقدمہ درج ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ مؤخر

ایم ایس سروسزاسپتال کو 22 مئی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم
شائع 18 مئ 2023 04:51pm

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس میں تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ موخر کردیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ میں نامزد تحریک انصاف کی سینئر رہنما یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔ اے ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر احتشام یاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹ لے کر پیش ہوئے اور رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کی۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ یاسمین راشد کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہو رہا، اور اگر بلڈ پریشر کنٹرول نہ ہوا تو جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

عدالت نے ڈاکٹر سے استفسار کیا کہ مریض کو صحت مند ہونے میں کتنے دن لگ سکتے ہیں۔ جس پر ڈاکٹر احتشام نے عدالت کو بتایا کہ اس بارے میں کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا، 2 دن بھی لگ سکتے ہیں اور ایک ہفتہ بھی لگ سکتا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ بلڈ پریشر کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، جسمانی ریمانڈ سے بچنے کیلئے بہانہ بنایا جارہا ہے۔

عدالت کی یاسمین راشد کو اسپتال میں رہنے کی اجازت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جب تک یاسمین راشد کی فٹنس رپورٹ پیش نہ ہو جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا، تفتیشی افسر اسپتال میں یاسمین راشد سے تفتیش کرسکتا ہے۔

عدالت نے بیماری کے باعث یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ مؤخر کردیا اور ایم ایس سروسزاسپتال کو 22 مئی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

تفتیشی افسر 20 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
شائع 18 مئ 2023 04:32pm

انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کو 7 روز کیلئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں دوبارہ پیش کیا گیا۔

انسداد دھشتگردی عدالت لاہور کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی، تفتیشی افسر انسپکٹر سرور نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ میاں محمود الرشید پر جناح ہاؤس پر حملہ اور فائرنگ کے الزام کے تحت تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، محمود الرشید کی فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔

تفتیشی افسر نے مؤقف پیش یا کہ ملزم محمود الرشید کا دو روزہ کا جسمانی ریمانڈ ملا تھا، لیکن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر میاں محمود الرشید کا میڈیکل بورڈ بنا کر طبعی معائنہ کیا گیا اور ان کو 2 روز کے لئے اسپتال داخل کیا گیا اور تفتیش نہیں ہو سکی۔

تفتیشی افسر نے عدالت نے محمود الرشید کے 20 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے اسپتال ہونے کے باعث تفتیش نہیں ہوسکی، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی محمود الرشید کی 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا اور محمود الرشید کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد محمود الرشید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 25 مئی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا-

جسٹس فائز عیسیٰ مسلسل 6 ہفتوں سے سپریم کورٹ کے کسی بینچ کا حصہ نہیں

22 مئی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر جاری
شائع 18 مئ 2023 02:13pm
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مسلسل 6 ہفتوں سے کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں اور وہ آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔

سپریم کورٹ نے 22 مئی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا۔

جس کے مطابق سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 7 بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ سینیئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔

سپریم کورٹ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا۔

بینچ نمبر 2 میں جسٹس طارق مسعود، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہوں گے جبکہ تیسرا بینچ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہوگا۔

عدالت عظمیٰ کے آئندہ ہفتے کے روسٹر کے مطابق سپریم کورٹ کے بینچ نمبر 4 میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہوں گے، بینچ نمبر 5 جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل ہوگا۔

عدالت عظمیٰ کے بینچ نمبر 6 میں جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس مظاہر نقوی شامل ہوں گےجبکہ ساتواں بینچ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللّٰہ پر مشتمل ہوگا۔

روسٹر کے مطابق دن ساڑھے 11 بجے کے بعد بینچ نمبر 2 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مسلسل 6 ہفتوں سے سپریم کورٹ کے کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں ہیں اور وہ آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔

سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے اہلکار جہلم جیل کے باہر ہی موجود تھے
شائع 18 مئ 2023 01:14pm

سابق پرنسپل سیکرٹری محمدخان بھٹی کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

سابق وزیراعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو جہلم جیل سے رہا ہوتے ہی اینٹی کرپشن پنجاب نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی رہا ہو کر ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے باہر نکلے تھے، کہ پہلے سے موجود اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے اہلکاروں نے انہیں وہیں سے گرفتارکرلیا۔

عدالت نے محمد خان بھٹی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

9 مئی کو جناح ہاؤس کے اندر اور باہر موجود 300 سے زائد خواتین کی فہرست تیار

پنجاب حکومت سے منظوری کے بعد گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا جائے گا
شائع 18 مئ 2023 01:01pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

لاہور پولیس نے 9 مئی کو جناح ہاؤس کے اندر اور باہر موجود 300 سے زائد خواتین کی فہرست تیار کرلی اور ان کی جلد گرفتاری کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے 300 سے زائد خواتین کی فہرست تیار کرلی، فہرست میں شامل خواتین جناح ہاؤس کے اندر اور باہر موجود تھیں۔

فہرست ٹیکنیکل اور انٹیلی جنس ذرائع سے تیار کی گئی ہے اور پنجاب حکومت سے منظوری کے بعد گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق زمان پارک میں شرپسندوں سے متعلق حکمت عملی بھی چند افسران تک محدود رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس حوالے سے آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن ممبران کو بریفنگ دیں گے۔

اجلاس میں ایک سیاسی جماعت سے متعلق اہم شواہد پیش کیے جائیں گے۔

ایف آئی اے نے چیئرمین نادرا کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرلیں

ایف آئی اے نے 19 مئی کو چیئرمین نادرا کو طلب کر رکھا ہے
شائع 18 مئ 2023 12:32pm
چیئرمین نادرا طارق ملک
چیئرمین نادرا طارق ملک

نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کے انکشاف کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد چیئرمین نادرا کے اثاثہ جات پر تحقیقات کر رہا ہے۔

ایف آئی اے نے نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے 19 مئی کو چیئرمین نادرا کو طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق نادرا ہیڈ کوارٹر سے ریکارڈ بھی تحویل میں لیا جا چکا ہے، نادرا ٹھیکے میں 30 ملین امریکی ڈالر کی مبینہ کرپشن کی گئی۔

نادرا نے مہنگے داموں ٹھیکہ من پسند بین الاقوامی کمپنی کو دیا تھا، مہنگے ٹھیکے سے قومی خزانے کو کروڑں روپے کا نقصان ہوا۔

ریاست کیلئے آرڈرز کو شکست دینے کے 101 راستے ہیں، جج اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیری مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخوست پر سماعت
شائع 18 مئ 2023 12:18pm
اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیری مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخوست پر سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں ان کے خلاف کارروائی کر سکتا ہوں جو اسلام آباد میں ہیں، وہ عدالتی رٹ کو شکست دینا چاہتے ہیں، ریاست کے لیے آرڈرز کو شکست دینے کے 101 راستے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔

درخواست گزار ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ پیش ہوئیں اور دلائل دیے۔

وکیل زینب جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ کل عدالت نے گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا،راولپنڈی پولیس نے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے رات شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ کیا حراست میں لینے کا آرڈر ہے؟ راولپنڈی ڈی سی کا حراست میں لینے کا آرڈرعدالت میں پیش کیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ میں کیا کر سکتا ہوں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرکے توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں ان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہوں جو اسلام آباد میں ہیں، وہ عدالتی رٹ کو شکست دینا چاہتے ہیں، ریاست کے لیے آرڈرز کو شکست دینے کے 101 رستے ہیں ، یہ سب کچھ کرکے دنیا کو کیا دیکھا رہے ہیں۔

پولیس نے عدالت کو شیریں مزاری کے خلاف 3مقدمات درج کرنے کا بتایا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اٹارنی جنرل کو بلانے کے ریمارکس دیے تو پولیس نے بتایا کہ سینیٹر فلک ناز کے خلاف کوئی کیس نہیں۔

عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر پاس کریں گے۔

حکومت خود دہشت گرد ساتھ لاکر زمان پارک میں دکھائے گی، بابر اعوان

خوف سے کوئی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، پی ٹی آئی رہنما
شائع 18 مئ 2023 12:02pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان کا کہنا ہے کہ حکومت زمان پارک میں آپریشن کا بہانا بنارہی ہے، یہ خود دہشت گرد ساتھ لاکر زمان پارک میں دکھائیں گے، خوف سے کوئی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر بابر اعوان نے کہا کہ پہلے یہ کہا گیا زمان پارک کے اندر 40 دہشت گرد ہیں، حیرانگی ہے کہ ان کے نام کسی کو بھی نہیں پتہ، انہیں کیسے پتہ چلا کہ زمان پارک میں دہشت گرد ہیں، یہ زمان پارک میں آپریشن کا بہانا بنارہے ہیں، یہ خود دہشت گرد ساتھ لاکر زمان پارک میں دکھائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان اعلان کرچکے ہیں کہ میڈیا کی موجودگی میں سرچنگ کی جائے، ان کی یہ تیاری تھی کہ دہشت گردوں کو ساتھ لے کر جائیں گے اور وہاں سے پکڑیں گے، عمران خان اور پی ٹی آٸی کے خلاف مقدمات کی اتنی ہی حقیقت ہے جتنی نواز شریف کی بیماری کی ، ایسے مقدمات سے کوٸی نہیں ڈرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیا آپ نے ارشد شریف کے قاتل تلاش کیے، کیا آپ نے ماڈل ٹاؤن کے قاتل تلاش کیے، کیا آپ نے نوازشریف کی بیماری تلاش کرلی، خوف سے کوئی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں، تحریک انصاف کو نہ تقسیم کیا جاسکتا ہے نہ ماٸنس ون، 90 دن کے بعد بھی حکومتیں ابھی بیٹھی ہوٸی ہیں، کارکن عمران خان کو باہر نکلنے سے روکتے ہیں، وہ نہیں رکتے، اداروں کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں اور عزت لوگوں کی ہوتی ہے، نگراں حکومتیں مسلسل آئین توڑ رہی ہیں، آئین توڑنا غداری ہے، ہم اس عمل کو چیلنج کررہے ہیں، عمران خان واپس آرہا ہے۔

متنازع ٹویٹ کیس: اعظم سواتی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اعظم سواتی فرد جرم عائد کرنے کیلئے30 مئی کو طلب
شائع 18 مئ 2023 12:00pm

عدالت متنازع ٹویٹ کیس میں عدم حاضری پر اعظم سواتی کےقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

اعظم سواتی کے وکیل نے آج حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے اعظم سواتی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

عدالت نے اعظم سواتی کو 50 ہزارروپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 30 مئی کو طلب کرلیا۔

زمان پارک میں کسی بھی وقت بڑا آپریشن متوقع، 8 مشتبہ افراد گرفتار

پنجاب حکومت کا کمشنر لاہور کو زمان پارک بھیجنےکا فیصلہ
اپ ڈیٹ 18 مئ 2023 11:32pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیئے اور پولیس لائنز کے باہر سینکڑوں کنٹینرز پہنچا دئیے گئے۔

عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور میں کسی بھی وقت پولیس کے بڑے آپریشن کا امکان ہے، پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں اور پولیس لائنز کے باہر سینکڑوں کنٹینرز بھی پہنچا دئیے گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھرم پورہ پل پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جب کہ مال روڈ، کینال روڈ، انڈر پاس، دھرم پورہ روڈ اور ٹھنڈی سڑک بند کردی گئی۔

حکومتی ٹیم کل عمران خان سے مذاکرات کیلئے کل زمان پارک جائے گی

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور عمران خان کے درمیان 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کل مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم کل دوبجے کے بعد کمشنر لاہور کی سربراہی میں زمان پارک جائے گی اور تلاشی سےمتعلق عمران خان کے نمائندوں سے مذاکرات کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ 400 پولیس اہلکار زمان پارک کی تلاشی کا حصہ بنیں گے۔

ادھر نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کیمروں کی موجودگی میں زمان پارک کی تلاشی لی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پولیس کوشرپسندوں کے خلاف فری ہینڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی ڈیڈ لائن ختم، زمان پارک سے مفرور 8 مشتبہ افراد گرفتار

ایس پی سول لائنز حسبن جاوید بھٹی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، انفارمیشن ہے کہ ابھی بھی کچھ لوگ زمان پارک موجود ہیں۔

حسن جاوید بھٹی نے کہا کہ پکڑے جانے والے 8 مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے، لہٰذا تفتیش مکمل ہونے سے پہلےکچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

زمان پارک میں آپریشن سے متعلق ایس پی سول لائز کا کہنا تھا آپریشن و دیگر میرے لیول سے اوپر کے فیصلے ہیں، جو بھی لیڈرشپ فیصلہ کرےگی اس کو فالو کریں گے۔

حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے، اور نگراں حکومت پنجاب نے وزیراطلاعات نے گزشتہ روز زمان پارک میں مبینہ 40 شرپسندوں کی موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے عمران خان سے ملزمان کی حوالگی کی ڈیڈ لائن دی تھی، جو ختم ہو چکی ہے۔

آج نیوز نے عمران خان کے سکیورٹی گارڈ سے خصوصی بات کی اور زمان پارک میں شرپسندوں کے موجود ہونے کے حوالے سے سوال کیا تو سکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں میڈیا اور عمران خان کی سکیورٹی کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں۔

نگران وزیراطلاعات پنجاب کا بیان

گزشتہ روز عامرمیر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوزسے گفتگو میں کہا عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، وہ اشتعال دلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل (آج) دوپہر2 بجے تک زمان پارک میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ زمان پارک میں 30 سے 40 دہشتگرد موجود ہیں، 24 گھنٹے پورے ہونے پر حکمت عملی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہوسکتا ہے کہ عمران خان ان افراد کو ادھر ادھرکرلیں۔

عامرمیر نے دعویٰ کیا کہ ان افراد کو کور کمانڈرلاہور کے گھر پرتوڑ پھوڑ کے دوران زمان پارک سے ہدایات دی جا رہی تھیں۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو کور کمانڈر کی وردی ساتھ اٹھا لائے تھے۔

سندھ حکومت کا 9 مئی کے متاثرین کو نئی موٹرسائیکلیں دینے کا اعلان

پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیم بن چکی ہے، وزیر اطلاعات سندھ
اپ ڈیٹ 18 مئ 2023 01:03pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیم بن چکی ہے، عمران خان کا مؤقف بے نقاب ہورہا ہے، اب پی ٹی آئی رہنما بیانات اور پارٹی بدل رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے، سندھ میں تاحال بلدیاتی نظام قائم نہیں ہوسکا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، اب پی ٹی آئی رہنما بیانات اور پارٹی بدل رہے ہیں، عمران خان کا مؤقف بے نقاب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں جہاز بھر کر پی ٹی آئی میں لائے گئے تھے، عمران خان نے رہائی کے بعد انٹرویو میں الزامات عائد کیے، 9 مئی کے واقعات میں صرف پی ٹی آئی کارکن ملوث تھے، سرکاری املاک، بسوں، پولیس وین اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، جن کی موٹرسائیکلز جلائی گئی، سندھ حکومت انہیں نئی موٹرسائیکل دے گی۔

وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیم بن چکی ہے، شرپسندوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، عمران خان نے ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے، عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اقتدار کی لالچ میں عمران خان نے ہر ریڈلان کراس کی، ان کی پارٹی کے لوگ جیلوں میں ہیں، عمران خان اور ان کے بچے گھر پر آرام سے بیٹھے ہیں، وہ اقتدار کے لیے قوم کے بچوں کو استعمال کررہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی پر کرپشن کے سنگین ترین الزامات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالتوں سے غیرمعمولی ریلیف دیا گیا، انصاف کا دہرا معیار ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کے واقعے کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔

مونس الہی کی اہلیہ تحریم الہی کی عبوری ضمانت میں 30 مئی تک توسیع

ایف آئی اے تفتیشی افسر سے 30 مئی کو رپورٹ طلب
شائع 18 مئ 2023 11:41am

سیشن کورٹ لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی کی اہلیہ تحریم الہی سمیت 8 ملزمان کی عبوری ضمانت میں تیس مئی تک توسیع کردی ہے۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں ایف آئی اے میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں سابق وفاقی وزیر مؤنس الہیٰ کی اہلیہ تحریم الٰہی سمیت 8 ملزمان کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج غلام رسول نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کیخلاف ایف آئی اےنےمنی لانڈرنگ کامقدمہ درج کررکھا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے 30 مئی کو رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30 مئی تک توسیع کردی۔

بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا

ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی
شائع 18 مئ 2023 11:37am

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے، جس میں ، ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔

اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عثمان بزدار کو اثاثہ جات کی تفصیل جمع کرانے کا آخری موقع

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی عبوری ضمانت میں 23 مئی تک توسیع
شائع 18 مئ 2023 11:16am
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

لاہور احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان کی عبوری ضمانت میں 23 مئی تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت میں عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے عثمان بزدار کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

احتساب عدالت نے عثمان بزدار کو بذریعہ وکیل نیب کو اثاثہ جات کی تفصیل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کو اثاثہ جات کی تفصیل جمع کرانے کا آخری موقع دے رہے ہیں، اگر آئندہ سماعت پر ملزم پیش نہیں ہوا تو ضمانت خارج کر دی جائے گی۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حاضری معافی درخواست جمع کرائے جانے پر ریمارکس میں کہا کہ عثمان بزدار کی جانب سے ہر تاریخ پر نیا بہانہ سامنے آتا ہے ہمیں علم ہے وہ کیوں نہیں آئے ان کو جلاؤ گھیراؤ کیس میں گرفتاری کا ڈر ہے۔

عثمان بزدار کی جانب سے بیرسٹر مومن ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے عثمان بزدار کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عثمان ںزدار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالات کے پریشانی کی وجہ سے عثمان بزدار دل کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں، عثمان ںزدار کی حالت خراب ہے حاضری معافی دی جائے۔

عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے حاضری معافی کی درخواست منطور کرلی۔

عمران ریاض کیس: آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ ایک گھنٹے میں عدالت طلب

وکلاء کی سیکرٹری دفاع کو طلب کرنے کی استدعا
شائع 18 مئ 2023 10:56am
صحافی عمران ریاض
صحافی عمران ریاض

لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق کیس میں آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ کو ایک گھنٹے میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

مزید پڑھیں: صحافی عمران ریاض لاہور ائرپورٹ سے گرفتار

عمران ریاض خان کے وکلاء نے سیکرٹری دفاع کو طلب کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم آئی جی اور سیکرٹری ہوم کو بلا لیتے ہیں، جس پر عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ آئی جی سی ٹی ڈی کو بلا لیں۔

مزید پڑھیں: عمران ریاض کی گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائراختیار سے باہر ہے، عدالت

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ان کو بلانے کی کیا ضرورت ہے، وہ تو دہشت گردوں کو ڈیل کرتے ہیں۔

وکیل عمران ریاض خان نے کہا کہ آج کل سی ٹی ڈی ہی یہ سب دیکھ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: صحافی عمران ریاض کو گرفتار کرنے والا ایس ایچ او معطل

عدالت نے ایک گھنٹے میں آئی جی پنجاب اور سیکرٹری ہوم کو طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شاہ محمود قریشی اور شہریار آفریدی کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اپ ڈیٹ 18 مئ 2023 01:21pm

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی اور شہریار آفریدی کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی اوکے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کی نظربندی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، جنہوں نے اسٹیٹ کونسل سے استفسار کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی پرکوئی مقدمہ ہے۔

اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو جواب دیا کہ مجھے معلوم کرنا ہوگا کہ کوئی مقدمہ ہے کہ نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ شاہ محمود نے ویڈیو بیان دیا کہ کوئی توڑ پھوڑ نہ کرے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شاہ محمود وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل نے کہا کہ ملیکہ بخاری کو بھی عدالت نے رہا کیا، لیکن انہیں پھر گرفتارکر لیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب میں آؤٹ آف دی باکس نہیں جاؤں گا۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا، جب کہ شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی اوکے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دیا گیا۔

شہریار آفریدی کی اہلیہ کو بھی رہا کرنے کا حکم

اسلام آبادہائی کورٹ میں شہریارآفریدی اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب آپ کی حدودمیں کیا ہو رہا ہے، آپ قانون سے واقف ہیں یا نہیں۔

آئی جی نے مؤقف پیش کیا کہ ملزمان جی ایچ کیوحملےکی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔

عدالت نے استفسارک یا کہ کون سی سورس آف انفارمیشن پر آپ نے ان لوگوں کو اٹھایا ہے۔ ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے حوالے کمپرومائز نہیں ہونا چاہئے، جو اثاثے جلائے گئے وہ پاکستان کے اثاثے ہیں، ہمارے اثاثے ہیں لیکن عورتوں کو ایسا نہ پکڑا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈی سی صاحب کو فوری بلائیں، پانچ منٹ میں پیش نہ ہوئے تو مسئلہ ہوگا، ڈی سی کہاں ہیں؟۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈی سی صاحب پہنچ رہے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا عدالت ڈی سی کاانتظار کرے گی، عدالت ڈی سی کا انتظارنہیں کرے گی۔

اہلیہ شہریار آفریدی کے وکیل نے عدالت کو کہا کہ ہم بیان حلفی دے دیتے ہیں، انہیں رہا کریں۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم سے مشورہ کر کے کارروائی کیا کریں، آئی جی صاحب ایک خاتون خانہ کو اٹھایا گیا ہے، اس لئے آپ کو گڈ ٹو سی یو نہیں کہہ سکتے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ آبپارہ اورانڈسٹریل ایریا میں مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی صاحب کو ہم جانے دیتے ہیں، ہماری عدالت سے رہائی کے بعد کسی کو گرفتار کیا تو بہت مسئلہ ہوگا، حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت نتائج ہوں گے۔

عدالت نے شہریار آفریدی کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

رہنما پی ٹی آئی جمال انصاری کو بھی رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما جمال انصاری کی نظربندی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے جمال انصاری کی 3 ایم پی او کے تحت نظربندی کالعدم قرار دے دی اور جمال انصاری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ملتوی

عمران خان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر
شائع 18 مئ 2023 10:44am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے منگل تک ملتوی کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نعیم پنجوتھہ علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے، ڈاکٹر نے ان کو 7 دن کے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔

پراسکیوٹر راضون عباسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کی جانب سے ایسوسی ایٹ وکیل پیش ہوئے۔

عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 23 مئی ملتوی کر دی۔