Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

40 دہشت گرد میرے گھر میں ہیں تو ضرور آئیں لیکن وارنٹ لے کر آئیں، عمران خان

پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات کو عمران خان کا جواب
شائع 18 مئ 2023 09:02am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فیس بک
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فیس بک

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 40 دہشت گرد میرے گھر میں ہیں تو ضرور آئیں لیکن وارنٹ لے کر آئیں، فوج کو کمزور کرنے کا مطلب خود کو کمزور کرنا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ فاشسٹ سیٹ اپ نے جمہوریت، عدلیہ اور آئین کو مذاق بنادیا، شیریں مزاری کو ضمانت کے بعد پھر گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 7500 گرفتار کارکنوں میں سے زیادہ ترعدالتوں میں پیش نہیں کیے گئے، اس وقت گھروں میں گھس کر خواتین اور مردوں کا اٹھایا جارہا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت اور انسانی حقوق کے حوالے سے ہم پستی میں ڈوب گئے، یہ سب کچھ پی ٹی آئی کو اگلی حکومت بنانے سے روکنے کے لیے ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپنی فوج سے کون لڑنا چاہتا ہے، فوج کو کمزور کرنے کا مطلب خود کو کمزور کرنا ہے، فوج پر اپنے بچوں کی طرح اصلاح کرنے کے لیے تنقید کرتا ہوں، مجھے عالمی سطح پر پاک فوج کا دفاع کرنے پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی کسی کی غلامی نہیں کی، پی ڈی ایم فوج اور پی ٹی آئی کو لڑانا چاہتی ہے، 40 دہشت گرد میرے گھر میں ہیں تو ضرور آئیں لیکن وارنٹ لے کر آئیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ سے ایک پرامن اور جمہوری جماعت ہے، میرا حکام سے مطالبہ ہے کہ سرکاری عمارتوں پر کیے جانے والے کسی بھی حملے کی شفاف تحقیقات کریں، یہ سب تحریک انصاف کو پھانسنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا ملک چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میں آخری سانس تک اپنے ملک میں رہوں گا۔

pti

imran khan

lahore

zaman park

imran khan arrested

politics may 18 2023