Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی، مختلف شہروں میں ریلیاں

مختلف شہروں میں ریلیوں کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے
فوٹو ــ ٹوئٹر / اسکرین گریب
فوٹو ــ ٹوئٹر / اسکرین گریب

افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

پاک فوج زندہ باد، یہ نعرہ آج کل زیادہ ہی زبان زد عام ہے۔ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور پُرتشدد احتجاج کے بعد فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

9 مئی کے قابل مذمت واقعات کے بعد سے افواج پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں آج بھی فوج کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔

پاکستان مسلم لیگ ق سمیت مختلف چھوٹی بڑی جماعتوں اور انجمنوں کی جانب سے افواج پاکستان کے حق میں منعقدہ ریلیوں میں پاک فوج زندہ باد کےنعرے لگانے کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کے شہدا کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اسلام آباد میں پاک فوج زندہ باد ریلی کورال چوک سے شروع ہوئی اور زیروپوائنٹ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

بہاولنگر میں بھی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سماجی رہنماء رانا بختاور کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

ادھر پشاور میں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عوام نے ہشت نگری سے ریلی شروع کی۔

ریلی کے شرکاء نے پولیس کو ہار پہنائے اور پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم تھام کر فوج اور پولیس کے حق میں نعرے لگائے۔

دوسری طرف آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں کہوٹہ کے مقام پر انتظامیہ ، پولیس اور سرکاری ملازمین نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی۔

ڈپٹی کمشنر حویلی چوہدری ساجد اسلم کی قیادت میں نکالی گئی پاک فوج زندہ باد ریلی میں سرکاری ملازمین، ریٹائرڈ فوجیوں، بلدیاتی نمائندوں، تاجروں، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی میں شریک افراد نے فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ شرکاء نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج زندہ باد کے نعرے درج تھے۔

ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہونے والی ریلی کشمیر بینک چوک پہنچ کر بڑے اجتماع کی صورت اختیار کرگئی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حالیہ واقعات کی وجہ سے دشمن کو پروپیگنڈے کا موقع مل رہا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عوام پاک فوج کے ہر حکم پر لبیک کریں گے اور خون کا آخری قطرہ دینے کیلئے تیار ہیں۔

ریلی سے ڈپٹی کمشنر حویلی چوہدری ساجد اسلم ۔ میونسپل کارپوریشن حویلی کے چیئرمین شیخ محمد عارف گلزار احمد خان راٹھور، صدر پی پی پی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

pakistan army

PTI protest

Rally in favor of Pakistan Army