ایشیا کپ: نجم سیٹھی ایک بار پھر رمیز راجہ کے نشانے پر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے ایشیا کپ کے معاملے پر ایک بار پھر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایشیا کپ کا مقصد برصغیر کی کنڈیشنز سے ورلڈکپ سے قبل ہم آہنگ ہونا ہے اور نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کا فائنل لارڈز میں کرانے کا کہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان میں بڑی ٹیموں کے دورے کرائے گئے لیکن اب نجم سیٹھی کہتے ہیں ٹیکس کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو عرب امارات لے کر جانا چاہیئے۔
رمیز راجہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے ریجنل انتخابات میں دھاندلی کی جا رہی ہے جبکہ ایشیا کپ یورپ اور پی ایس ایل دبئی میں کروانے کی باتوں سے کرکٹ کہاں لے جائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کمبینیشن مشکل سے بنایا تھا لیکن اس کو خراب کیا جا رہا ہے اور اگر شان مسعود فارم میں نہیں تو اسے زبردستی کیوں کھلایا جائے۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی کے ریجنل انتخابات میں دھاندلی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایشیا کپ کے حوالے سے بنگلادیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
Comments are closed on this story.