پی ٹی آئی مظاہرین نے متعدد مویشی زندہ جلا دیئے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور پُرتشدد واقعات سے جہاں انسانی جانوں کونقصان پہنچا وہیں، جانوروں کوبھی نہ بخشا گیا۔
پشاور میں باچا خان چوک پر موجود مویشیوں کی خریدوفروخت کا ایک بہت بڑا مرکز ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 اور 10 مئی کے درمیانی شب شر پسند عناصر نے اس مویشی منڈی کو آگ لگا دی تھی۔
آتشزدگی کے اس دلسوز واقعے میں متعدد جانور زندہ جلائے گئے۔
مویشی منڈی میں جانوروں کی خرید و فروخت اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے محمد ریاض نے آج نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’ہم رات کو چھٹی کرکے گھر چلے گئے، گھر پر تھے کہ اطلاع ملی آپ کی جگہ پر آگ لگی ہوئی ہے، جب ہم یہاں پہنچے تو آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے، بہت مشکل سے لوگوں نے اپنی جان اور مال بچائے، ہم آئے تو جگہ بھی جل رہی تھی اور ہمارے جانور بھی جل چکے تھے، کچھ جانور لوگ اپنے ساتھ لے گئے اور جو زخمی تھے انہیں ہم نے ذبح کردیا، جس سے ہمیں بہت نقصان پہنچا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کے جھگڑے میں ہم غریبوں کا نقصان ہوگیا، ہمارا سب کچھ یہی تھا، ہم نے مزدوری کیلئے یہ جانور رکھے تھے اور انہیں لوگوں نے جلا دیا، اب خالی میدان میں بیٹھے ہیں، ارد گرد لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، کسی کا 14 لاکھ تو کسی کا ساڑھے 7 لاکھ نقصان ہوا، میرا 16 لاکھ کا نقصان ہوا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دعا ہے اللہ سب کو ایسے نقصان سے بچائے۔ اب ہمیں روٹی کا ایک نوالہ بھی کون دے گا، جن پیسوں کا نقصان ہوا وہ ہمارے نہیں تھے، کچھ لوگوں سے قرض لئے ہوئے تھے اور کچھ لوگوں کی امانتیں تھیں، جو سب جل گئیں۔‘
انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ ان کی مدد کی جائے، اور بتایا کہ ان کے گھر میں 26 افراد ہیں جن کا گزربسر اسی کاروبار پر تھا، ’اب گھر والے خرچہ مانگتے ہیں لیکن ہم خرچہ کہاں سے دیں، بس اللہ کے آسرے بیٹھے ہیں، وہ بھی اور ہم بھی‘۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 25 سال سے اس کاروبار میں ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا، ’گھر میں سب رو رہے ہیں ، عورتیں بھی رو رہی ہیں، بس گھر میں میت نہیں ہے پر رو سب رہے ہیں۔‘
Comments are closed on this story.