Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

عمران خان کی رہائی کے حکم پر کارکنان اور وکلا کا جشن، مٹھائی تقسیم

اسلام آباد اور لاہور زمان پارک سمیت مختلف شہروں میں کارکنان خوشی سے نہال
اپ ڈیٹ 11 مئ 2023 09:48pm
فوٹو: زمان پارک لاہور
فوٹو: زمان پارک لاہور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سپریم کورٹ سے ریلیف ملنے پر کارکن اور وکلا خوشی سے نہال ہوگئے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کی رہائی کا حکم سن کر تحریک انصاف کے کارکنان اور وکلا خوشی سے جھوم اٹھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کےخلاف سپریم کورٹ میں سماعت کے موقع پر وکلا اور کپتان کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد عدالت عظمیٰ کے باہر شہر اقتدار کے مختلف مقامات پر جمع تھی۔

کارکنوں کو جیسے ہی خبر ملی کے سپریم کورٹ نے عمران خان کی رہائی کا حکم دیا ہے تو کپتان کے ساتھیوں نے ڈی چوک پہنچ کر بھنگڑے ڈالے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر کارکنان کی جانب سے پولیس کےخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ڈی چوک میں کارکنوں کے اشتعال دلانے اور نعرے بازی کرنے پر پولیس نے شرکاء کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ بھی کی۔

پی ٹی آئی جشن کا سلسلہ نہ صرف اسلام آباد میں ہوا بلکہ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں بھی کارکنوں کی جانب سے خوشیاں منائی گئیں۔ پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے مٹھائی تقسیم کی اور ایک دوسرے کا منہ میٹھا کرایا۔

ملتان، فیصل آباد اور بھلوال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کارکنان نے بڑا جشن منایا۔ مختلف مقامات پر کھلاڑیوں نے مٹھائی تقسیم کرنے کیساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

اسلام آباد لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی عمران خان کے لئے فکر مند رہنے والے پی ٹی آئی ورکرز کیلئے قائد کی رہائی کا حکم ہوا کے ٹھنڈے جھونکے سے کم نہ تھا۔

پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، بٹگرام سمیت خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جشن منایا۔ پشاور میں کینٹ، اسمبلی چوک، ہشت نگری اور دیگر مقامات پر کارکنان سڑکوں پر آئے اور خوشی میں رقص کیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری غیرقانونی قرار دے کر عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے اپنے حکم میں کہا کہ عمران خان کو سپریم کورٹ کی زیر نگرانی گیسٹ ہاؤس میں رکھا جائے، آئی جی پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

جیف جسٹس پاکستان نے عمران خان سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمیں آپ کی سیکیورٹی عزیز ہے، آپ عدالت کی نگرانی میں ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ آپ کو کوئی نقصان پہنچے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے قرار دیا کہ عمران خان کو فیملی ممبر اور ساتھی ارکان سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔

Supreme Court of Pakistan

PTI workers

imran khan arrested

politics may 11 2023