Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مقدمات تفصیلات کی فراہمی کا کیس: نیب اور اینٹی کرپشن سے ریکارڈ طلب

عدالت نے مراد سعید کو ہراساں کرنے اور گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے
شائع 09 مئ 2023 12:38pm
لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے کیس میں نیب اور اینٹی کرپشن سے ریکارڈ طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے مراد سعید کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج 08 مقدمات کی تفصیلات عدالت پیش کی گئیں۔

مراد سعید کے وکیل نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مسلسل مقدمات کا اندراج کر رہی ہیں، درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، درخواست گزار اور تحریک انصاف کے رہنماوں کے خلاف کارروائیاں آئین و قانون کے خلاف ہیں، متعلقہ حکام کو ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے درخواستیں دیں مگر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

استدعا کی گئی کہ عدالت ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے، نیب اور اینٹی کرپشن نے اپنی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے نیب اور اینٹی کرپشن کو رپورٹ پیش کرنے کا موقع دیتے ہوئے سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو ہراساں کرنے اور گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے۔

pti

NAB

Murad Saeed

Lahore High Court

anti corruption

cases details

Politics May 9 2023