Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس 8 ماہ بعد بحال

شالیمار کو گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے بعد بند کردیا گیا تھا
شائع 01 مئ 2023 11:03am
شالیمار ایکسپریس
شالیمار ایکسپریس

کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس 8 ماہ بعد بحال کردی گئی، کراچی کینٹ سے افتتاح کے بعد ٹرین لاہور کے ليے روانہ ہوگئی۔

پاکستان ریلوے نے گزشتہ سال اگست میں بارشوں اور سیلاب کے بعد بند کی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو 8 مہینے کے بعد آج سے دوبارہ بحال کردیا۔

لاہور اور کراچی سے صبح 6 بجے شالیمار ایکسپریس کو بحال کیا گیا، افتتاح کے موقع پر دعائے خیر بھی کی گئی جبکہ ٹرین کو خوبصورت نئی کوچز کے ساتھ منفرد انداز میں سجایا گیا۔

کراچی سے ٹرین کا افتتاح ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) پاکستان ریلوے کراچی اطہر ریاض نے آج صبح کراچی کینٹ سے کیا۔

یہ ٹرین 19 کوچز پر مشتمل ہے، جس میں 2 اے سی بزنس، ایک اے سی پارلر، 2 اے سی اسٹینڈرڈ اور 12 اکانومی کلاس کے ساتھ ایک بریک وین، ایک پاور وین اور ایک ریستوران کوچ بھی موجود ہے۔

شالیمار ایکسپریس میں 1198 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کے کراچی سے لاہور تک 10 اسٹاپ ہیں۔

ٹرین کراچی کینٹ سے روزانہ صبح 6 بجے روانہ ہونے کے بعد حیدر آباد، نواب شاہ، روہڑی، رحیم یار خان، خان پور، بہاول پور، ملتان، ساہیوال، رائے ونڈ سے ہوتے ہوئے اُسی تاریخ رات 11 بج کر 45 منٹ پر لاہور پہنچے گی، سفر کا ٹوٹل دورانیہ 17 گھنٹے 45 منٹ ہے۔

یہ ٹرین اپنے مقررہ راستے فیصل آباد کی بجائے اب براستہ ملتان اور ساہیوال سے ہوکر لاہور جایا کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر اس ٹرین کے تمام کلاسز میں یکم مئی سے 15 مئی تک 20 فیصد رعایت اور 16 مئی سے 31 مئی تک 10 فیصد رعایت دی گئی ہے۔

آج کی ٹرین 27 اپ شالیمار ایکسپریس میں کراچی سے 907 مسافر سفر کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شالیمار ایکسپریس کا آپریشن گزشتہ سال سیلاب کے بعد ٹریک متاثر ہونے کے باعث معطل کیا گیا تھا۔

Pakistan Railways

karachi

lahore

shalimar express

restoration

flood and rain