Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویزالٰہی کی گرفتاری، عمران خان کا قوم کو نیا لائحہ عمل دینے کا اعلان

پی ٹی آئی رہنماؤں کی چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے کی مذمت
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 11:24am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کے گھر پر پولیس حملے کی مذمت کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس کے رات گئے چھاپے پر عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گھر میں موجود خواتین اور اہلخانہ کے عزّت و احترام سے مکمل بے نیاز ہوکر پرویزالہٰی کے گھر پر مارے گئے غیرقانونی چھاپے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ہم اپنی نگاہوں کے سامنے پاکستان میں جمہوریت کو ریزہ ریزہ ہوتے دیکھ رہے ہیں، آئین، عدالتی احکامات یا عوام کے بنیادی حقوق کا کچھ بھی احترام باقی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سو جنگل کا قانون ہے اور فسطائیت راج کررہی ہے، یہ سب ہمارے حوصلوں کو توڑنے اور تحریک انصاف کو کچلنے کے لیے تیار کیے گئے لندن پلان کا حصہ ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے یہ لوگ میری رہائش گاہ پر حملہ آور ہوئے، اب مجرموں کا گروہ اور اس کے سرپرست پرویز الہٰی کے ساتھ بھی وہی کچھ کر رہے ہیں، اس قسم کی بربریت تو مشرف دور میں بھی دیکھنے کو نہ ملی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کیا ریاست نے لٹیروں اور منی لانڈرنگ کرنے والے شریفوں اور زرداریوں کے گھروں میں بھی کبھی یوں گھسنے کی ہمت و جسارت کی؟، بس اب بہت ہوچکا، کل میں اپنی قوم کو لائحہ عمل دوں گا، اپنے دستور، اپنی جمہوریت پر مسلط کردہ اس تباہی کے خلاف کیسے کھڑا ہونا ہے۔

اسد عمر نے چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے کو حملہ قرار دے دیا

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے کو حملہ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رات کو پرویز الہٰی کے گھر پرحملہ کرکے، چادر اور چار دیواری پامال کی گئی۔

ٹویٹ میں اسد عمر نے پوچھا کہ عوام میں اپنے لئے نفرت کو بڑھانے کے علاوہ اور کیا حاصل کیا؟

فواد چوہدری کی پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کی مذمت

ادھر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟، چوہدری پرویزالہیٰ کے گھر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ثابت ہوا کہ اسحاق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں۔

فاشسٹ حکومت طاقت کے نشے میں اندھی ہوگئی، فرخ حبیب

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فاشسٹ حکومت طاقت کے نشے میں اندھی ہوگئی پرویز الہی صاحب کے گھر پر حملہ کردیا گیا ہے، گھر کے دروازے توڑے جارہے ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کردی تھی اس کی سزا انکو دی جارہی ہے۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بکتر بند گاڑی سے گیٹ توڑ دیا گیا ہے، چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت کے گھر ایک ہی احاطہ میں ہے کوئی دیوار بھی نہیں ہے لیکن اقتدار میں رہنے کے لیے ساری خاندانی وضع داری ختم کردی گئی ہے ان کے بھائی کے گھر کے دروازے توڑے جارہے ہے، گھر میں خواتین موجود ہے لیکن افسوس چوہدری شجاعت، سالک حسین کی جانب سے مکمل خاموشی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور سالک کے گھر کا بھی فسطائیت اور ظلم سے محفوظ نہیں ہے، ایسی وزارت اور اقتدار سے اچھا ہے پی ڈی ایم حکومت کو ٹھوکر مار کر باہر حکومت چھوڑ دے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا فیملی کی خواتین کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔

Farrukh Habib

imran khan

lahore

Chaudhry Pervaiz Elahi

Police Raid

Fawad Chaudhary

Politics April 29 2023