Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جنگ زدہ سوڈان سے مزید 110 پاکستانیوں کی واپسی، تعداد 259 ہوگئی

چینی بحری جہاز پر 216 پاکستانی سوڈان سے جدہ پہنچ گئے، ترجمان دفتر خارجہ
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 09:51pm
تصویر- پاک فضائیہ
تصویر- پاک فضائیہ

خانہ جنگی کا شکار افریقی ملک سوڈان سے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔

سوڈان سے ہم وطنوں کو دو مراحل میں پاکستان لایا جارہا ہے، پہلے مرحلے میں سوڈان بندر گاہ پہنچایا جارہا ہےاور پھر وہاں سے براستہ سعودی عرب پاکستان لایا جارہا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر فورس کا دوسرا طیارہ 110 پاکستانیوں کے ہمراہ کراچی پہنچ گیا، سی 130طیارہ جدہ سے پاکستانیوں کو لے کراچی ایئرپورٹ پہنچا۔

اس سے قبل صبح میں بھی 149 پاکستانیوں کو ایئربس طیارہ کے ذریعے کراچی لایا گیا۔ سوڈان سے براستہ سعودی عرب آج وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کی تعداد 259 ہوگئی ہے۔

جمعہ کی صبح پاک فضائیہ کا ائربس طیارہ 149مسافروں کو لے کرجدہ سے کراچی پہنچا تھا۔ پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی تک پاک فضائیہ اپنے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

دوسری طرف سوڈان سے پاکستانیوں کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مزید دو سو سولہ پاکستانی چینی بحری جہاز پرسوڈان سے جدہ پہنچ گئے ہیں، پاکستانیوں کے انخلا میں مدد پر چینی حکام کے مشکور ہیں۔

پاک فضائیہ وزارت خارجہ اور سوڈان و سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے انخلاء کی کوششوں پر پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے847 پاکستانیوں کے بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچنے پر اظہار اطمینان اور107 پاکستانیوں کے جدہ پہنچنے پر اظہار تشکرکیا۔

شہبازشریف نے پاک فضائیہ کے انتظامات کی بھی تعریف کرتے ہوئے وزیرخارجہ، وزیرمملکت خارجہ، سیکرٹری وزارت خارجہ، سوڈان میں پاکستانی سفیر اور دیگر حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان

Sudan