Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، پولیس کی سکیورٹی اقدامات کی یقین دہانی

عمران خان صبح 7 بجے زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے
شائع 28 اپريل 2023 12:00am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ کل ایک نہایت عجیب مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی ہے۔

ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ اس ایف آئی آر سے ظاہر ہوتا ہے ہم واقعتاً جنگل کے قانون کے شکنجے میں ہیں۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ”ملک کے اس طاقتور اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والے طبقے نے’توہینِ ڈرٹی ہیری’ اور ’توہینِ سائیکو پیتھ‘ کی پاداش میں میرے خلاف پاکستان سے غداری کا مقدمہ قائم کردیا ہے۔“

عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر اور درخواست کو آج ہی سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

عمران خان آج صبح سات بجے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ عسکری اداروں کے خلاف بات کرنے پر عمران خان کے خلاف سات اپریل کو مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر درج ہونے کے بعد عمران خان نے 26 اپریل تک مقدمے میں لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔

دوسری جانب عمران خان کی عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد آمد پر وفاقی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ کیپیٹل پولیس عمران خان کی عدالتوں میں پیشی کے دوران مؤثر سکیورٹی اقدامات کرے گی۔

ترجمان اسلام آباد نے کہا کہ ایف آئی آر قانون کے مطابق درج کی جاتی ہیں جن کا فیصلہ عدالتیں کرتی ہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی کو کوئی امتیازی حیثیت حاصل نہیں۔

اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں سے امید کی جاتی ہے کہ وہ عدالتوں میں پیشی کے دوران قانون کا احترام کریں گے۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

islamabad police