قطر اور بحرین کا سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ
ایران سعودی عرب تعلقات میں بہتری کے بعد مشرق وسطیٰ میں ایک اور بڑی تبدیلی ہوئی ہے۔
قطر اور بحرین نے برسوں پرانا تنازع ختم کرکے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کی تصدیق قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے کی گئی۔
دونوں ممالک کے وفود نے سعودی عرب میں خلیج تعاون کونسل کے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جس میں 2017 سے جاری تنازع ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطراور بحرین کی وزارت خارجہ کے عہدیدار احمد بن الحمادی اور عبداللہ بن احمد الحلیفہ نے وفود کی قیادت کی۔
بحرین کا قطر کے ساتھ تنازعہ ایران کے ساتھ تعلقات اور سمندری سرحد پر مرکوز رہا۔
سعودی عرب نے قطر اور بحرین کی طرف سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جنوری 2021 میں قطر پر عائد ساڑھے تین سال بعد پابندی ختم کر دی تھی لیکن بحرین کے علاوہ باقی تمام ممالک نے قطر سے 2021 میں سفری اور تجارتی روابط بحال کر دیے تھے۔
اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں بحرین کے ولی عہد نے قطر کے امیر سے ٹیلی فون پر بات کی تھی، جو دونوں خلیجی ریاستوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کا اشارہ تھیں۔
واضح رہے کہ قطر کے بیشتر پڑوسی ممالک نے 2017 میں دوحہ سے اپنے تعلقات منقطع کر لئے تھے۔
Comments are closed on this story.