Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  
Live
Politics April 12 2023

کیا ایمرجنسی کی شق 232 (6) کے تحت الیکشن ملتوی کئے جائیں گے

خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے جائیں گے، کسی کو گھر سے نکالا نہیں جائے گا، وزیر داخلہ
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بینچ کی تشکیل پر کہنا ہے کہ پارلیمان نے ایک قانون سازی کی ہے جو کہ اس کا بنیادی حق ہے، ابھی وہ اِن پروسیس ہے، اس نے ایکٹ کا درجہ اختیار نہیں کیا۔ اس سے پہلے ہی اس پر نوٹس لے کر چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ چیف جسٹس کا اپنا جو مفاد ہے وہ متنازع ہے۔ انہوں نے جو ججز ساتھ بٹھائے ہیں اس میں ہر سطح پر یہ بات کی جاتی ہے کہ ن لیگ کے خلاف فیصلوں میں وہی ججز حصہ ہوتے ہیں۔ یہ بڑے ہی دکھ اور افسوس کی بات ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں میزبان منیزے جہانگیر سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی قابل اعتراض معاملہ ہے، ہم اس بینچ کی تشکیل کو بھی چیلنج کریں گے اور اس کی ٹائمنگ کو بھی چیلنج کریں گے کہ ابھی قانون بنا نہیں ہے اور انہوں نے پہلے ہی اس کا نوٹس لینا شروع کردیا ہے۔ جبکہ سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے موجود ہیں کہ کسی بھی ایکٹ کے معرض وجود میں آنے سے پہلے اس کا نوٹس نہیں لیا جاسکتا۔

توہین عدالت کی صورت میں وزیراعظم شہباز شریف کی نااہلی پر ان کی جگہ کسی اور کو دئے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’توہین عدالت اس وقت ہوگی جب سپریم کورٹ کا کوئی حکم آفیسر یا وزیراعظم نہیں مانیں گے، پہلی بات تو یہ کہ وزیراعظم کو تو کوئی ڈائریکشن (ہدایت) ہوئی ہی نہیں ہے، وزیراعظم کے متعلق تو کوئی حکم پاس ہی نہیں ہوا، اور دوسری بات یہ کہ وہاں کوئی حکم تو ہے ہی نہیں، یعنی فیصلہ تو وہ ہے جو چار تین کی ریشو (تناسب) سے ہوا ہے، یعنی مائنورٹی ججمنٹ (اقلیتی فیصلہ) ہے، مائنورٹی ججمنٹ کوئی فیصلہ نہیں کہلاتی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 16 اگست کے بعد ہم نہیں ہوں گے، نگراں حکومت ہوگی۔ 21 مئی سے پہلے پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرچکی تھی کہ ہم تاریخ کا اعلان کریں اور ہم الیکشن کی طرف چلے جائیں گے حکومت چھوڑ دیں۔ یہ میاں نواز شریف کا بڑا دو ٹوک فیصلہ تھا۔ اس کے بعد اُس (عمران خان) نے اعلان کردیا کہ میں 25 کو آرہا ہوں۔ اس کے بعد پی ڈی ایم کی قیادت نے یہ فیصلہ منسوخ کیا، اس فیصلے کا ذمہ دار یہ ہے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ’آئین کے مطابق اکتوبر میں الیکشن ہونے ہیں وہ تو ہوں گے، لیکن اس کا کوئی پتا نہیں نا کہ یہ کوئی اور کارنامہ دکھا دے، کل کو یہ کہے کہ مجھے یہ کئیر ٹیکر سیٹ اپ (نگراں حکومت) قبول نہیں ہے میں تو الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔ یہ چیف الیکشن کمشنر استعفا دے ورنہ میں نے الیکشن میں حصہ نہیں لینا، اس کا کوئی پتا ہے؟ پاگل آدمی ہے یہ، کل کو کوئی بھی اسٹانس (مؤقف) لے سکتا ہے‘۔

عمران خان کے کہنے پر الیکشن ملتوی ہوجائیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’بالکل یہ صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، اب یہ جو الیکشن کروانا چاہتا ہے، یہ آئین کا تقاضہ تو نہیں ہے یہ اس کی ضد کا تقاضہ ہے، اس کی ہٹ دھرمی کا تقاضہ ہے، اس کی فتنہ گری کا تقاضہ ہے‘۔

عمران خان اگر اٹک جائیں تو الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ایسے الیکشن ہوں بھی جائیں تو کیا فائدہ ، وہ تو ملک کو افراتفری اور انارکی کی طرف دھکیلیں گے، ’اور شاید اس بندے (عمران خان) کا نصب العین اور مقصد بھی یہی ہے، یہ ملک میں انارکی چاہتا ہے افراتفری چاہتا ہے‘۔

آپ کونسے قانون کے تحت الیکشن ملتوی کریں گے؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس سے پہلے جب الیکشن ڈیلے (تاخیر کا شکار) ہوتے رہے ہیں تو کونسے قانون کے تحت ہوتے رہے ہیں؟ بینظیر بھٹو جب شہید ہوئی تھیں تو کونسے قانون کے تحت ہوئے تھے، جب ایک مہینہ ڈیلے ہو سکتے ہیں تین مہینہ بھی ہوسکتے تھے‘۔

کیا آرٹیکل 232 (6) جو ایمرجنسی کی شق ہے اسکے تحت الیکشن ملتوی کئے جائیں گے؟

اس کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایسی صورتحال ہوئی تو آئین و قانون کے تقاضے پورے کرکے ایسا کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھ کر ڈائیلاگ کرے معاملہ فہمی کرے تو اس نے جو دس سالوں سے ملک میں بحران پیدا کیا ہوا ہے تو یہ بحران بالکل پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب تک عوام نے اس فتنے کا اپنے ووٹ سے ادراک نہیں کیا اسے مائنس نہیں کیا اس ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔ الیکشن تو ہوں گے اور عوام اس فتنے کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مائنس کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب کوئی فیصلہ ہی نہیں ہے تو وزیراعظم کو توہین عدالت کس طرح لگ جائے گی؟

سوال: الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت میں کہا کہ سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی نے انہیں بتایا کہ جو دہشتگرد ہیں وہ ایک شیڈو گورنمنٹ چلا رہے ہیں۔ اس کے بعد نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بھی ایک اجلاس ہوا جہاں پر آپ نے کہا کہ ملٹری آپریشن ہوگا۔ تو کیا ملٹری آپریشن کی منظوری دیدی گئی ہے؟ کیونکہ اس کے خلاف اے این پی نے آواز اٹھائی ہے محسن داوڑ نے اس کے خلاف بات کی ہے، کیا مشاورت کے بغیر آپ لوگ خیبرپختونخوا میں ملٹری آپریشن کرنے جارہے ہیں؟

جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ساری مشاورت اس میں ہوچکی ہے، سب کے ساتھ ہوچکی ہے، اور جو ملٹری آپریشن ہے وہ کوئی اس طرح کا آپریشن نہیں ہے جس کے طرح کے آپریشنز پہلے ہوئے ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوں گے اور وہ ہو رہے ہیں اس وقت، بلکہ روز ہورہے ہیں۔ روز ہمارے جوان اور افسر جو شہید ہو رہے ہیں اس کی خبر تو میڈیا کی زینت بن جاتی ہے، لیکن اس کے علاوہ درجنوں سیکڑوں آپریشنز ہیں جو خبر کی زینت کم بنتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جیسے پہلے آپریشنز ہوتے تھے کہ علاقے خالی کروائیں لوگوں کو باہر نکالیں ایسے کوئی آپریشنز نہیں ہوں گے، نہ کوئی ایسا ارادہ ہے نہ ایسی کوئی ضرورت ہے ، کیونکہ کوئی ایسا پارٹ نہیں ہے جہاں طالبان کی کوئی رٹ ہو‘۔

کے پی الیکشن کی تاریخ کا معاملہ: پی ٹی آئی کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

90 دن میں اگر انتخابات نہیں ہو سکتے تو کم سےکم وقت میں کرائے جائیں، پی ٹی آئی استدعا
شائع 12 اپريل 2023 09:39pm
پشاور ہائی کورٹ۔ فوٹو — فائل
پشاور ہائی کورٹ۔ فوٹو — فائل

خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ پی ٹی آئی کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کا جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہے، 90 دن میں اگر انتخابات نہیں ہو سکتے تو کم سےکم وقت میں کرائے جائیں۔

تحریک انصاف نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو فوری انتخابات کے لئے تاریخ دینے کا حکم دیا جائے۔

عمران خان کا اپنے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کے اغوا کا دعویٰ

نوازشریف کو یقین دلایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کردیا جائے گا، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 12 اپريل 2023 09:10pm
فوٹو — سوشل میڈیا
فوٹو — سوشل میڈیا

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ان کے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ آج میرے سکیورٹی انچارج کو اغوا کرلیا، یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے، نوازشریف کو یقین دلایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کردیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور جو لوگ مجھ سے قریب ہیں انہیں ہراساں، اور اغوا کرکے ان پر تشدد کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے رہنماؤں پر جعلی مقدمات بھی قائم کیا جارہے ہیں، یہ سب آئین اور قانون کی حکمرانی کے خلاف ہے۔

’عدالتی بل سپریم کورٹ سے مسترد ہوا تو ہم دوبارہ اسے پارلیمنٹ میں لے جائیں گے‘

میں آپ کو ابھی بتا دیتا ہوں کہ یہ اس بل کو مسترد کردیں گے، سینیٹر افنان اللہ
شائع 12 اپريل 2023 09:02pm

سپریم کورٹ کی جانب سے چیف جسٹس کے اختیارات کم کرنے سے متعلق پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کو ختم کرنے کیلئے 8 رکنی بینچ تشکیل دئے جانے پر پاکستان بار کونسل چئیرمین حسن رضا پاشا کا کہنا ہے کہ یہ وہ کام ہونے جارہا ہے جو نہیں ہونا چاہئیے تھا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن رضا پاشا نے کہا کہ چیف جسٹس کو آٹھ رکنی بینچ بنانا تھا تو اوپر کے سینئیر آٹھ ججز کا بنا لیتے، پھر بھی ان کی تعداد زیادہ ہوجاتی۔ چیف جسٹس نے اس معاملے کو بہت زیادہ اہم سمجھا ورنہ یہ تو دو رکنی بینچ بھی کرسکتا تھا انہوں نے آٹھ رکنی بینچ بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان آٹھ میں سے چھ ججز وہ ہیں جنہیں سپریم کورٹ آف پاکستان میں ’آؤٹ آف ٹرن ایلیویٹ کیا گیا‘۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون شعیب شاہین نے کہا کہ جب سپریم کورٹ کی پاورز کو کم زیادہ کرنا ہو، کوئی حق دینا یا لینا ہو، وہ آپ دو تہائی اکثریت یا دو تہائی ترمیم کے بغیر پارلیمنٹ میں تبدیل نہیں کرسکتے۔ بظاہر یہ لگتا ہے کہ یہ غیر آئینی ہے اور اس کے اوپر بل بھی چیلنج ہوسکتا ہے، اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ حسبہ بل پر موجود ہے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آٹھ رکنی بینچ بنا کر بہت دانش مندانہ فیصلہ کیا ہے اور اس میں سے بھی دو جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین معذرت کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں لکھ کر دیا ہوا ہے کہ 185 کی تمام پروسیڈنگز ملتوی کردی جائیں جب تک کہ ہمارا فل کورٹ بیٹھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر افنان اللہ کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہم معاملے کو آئین وقانون کے مطابق لے کر چل رہے تھے، لیکن اب یہ معاملہ آئی و قانون سے بالکل بالاتر ہوچکا ہے، میں آپ کو ابھی بتا دیتا ہوں کہ یہ اس بل کو مسترد کردیں گے، پھر یہی ہے کہ آپ پارلیمنٹ کو بند کردیں اور یہ ججز آکر پارلیمنٹ میں بیٹھ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ’2018 میں عمران خان کو لانے کیلئے جو تماشے ثاقب نثار نے لگائے وہ سارے پاکستان نے دیکھے، اس نے کہا کہ چار پانچ ایم این اے، ایم پی اے تو میں ایسے ہی فارغ کردیتا ہوں۔ اور اس کے بعد ہمارے لوگوں کو فارغ کیا اس نے، کھڑے کھڑے دو دو ہیرنگز (سماعتوں) پر ہمارے سینیٹروں کو ڈسکوالیفائی (نااہل) کیا دوہری شہریت پر اور اسی قانون کے تحت فیصل واوڈا کو نااہل نہیں کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بل مسترد ہوا تو ہم پھر پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، ہم اس بل کو پاس کروا کر ہی چھوڑیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ اس بینچ میں مجھے سوائے ذاتی پسند کے کوئی اسٹرکچر نظر نہیں آرہا، سپریم جوڈیشل کونسل میں جن ججز کے کیسز گئے ہوئے ہیں کیا انہیں اس بینچ میں بیٹھنا چاہئیے؟ قاضی فائز عیسیٰ صاحب کو آپ نے اتنے سال نہیں بیٹھنے دیا۔

حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم نے 17 اپریل کو آل پاکستان لائرز کانفرنس بلائی ہے، ہم آئینی بحران سے نمٹنے کیلئے تمام قیادت کو ون بورڈ لینا چاہتے ہیں، تاکہ ہم فیصلہ کریں کہ ہمیں کیا رخ اختیار کرنا ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی بلایا ہے، عابد زبیری مخصوص جماعت کی ترجمانی کررہے ہیں اس لئے انہیں نہیں بلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کو کسی جماعت کی ترجمانی نہیں کرنا چاہئے، انہیں اپنے وکلاء اور کالے کوٹ کی ترجمانی کرنی چاہئیے۔

وفاقی کابینہ اجلاس طلب، پنجاب میں الیکشن سے متعلق عدالتی امور کا جائزہ لیا جائیگا

اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال زیر غور آئے گی، ذرائع
شائع 12 اپريل 2023 08:52pm
وفاقی کابینہ اجلاس۔ فوٹو — فائل
وفاقی کابینہ اجلاس۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس کل وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت شہباز شریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال زیر غور آئے گی جب کہ پنجاب میں انتخابات سے متعلق عدالتی امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اگر الیکشن نہیں ہوئے تو سپریم کورٹ کا بطور ادارہ وجود خطرے میں پڑ جانا ہے، فواد چوہدری

مام ادارے اور سربراہان جو آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں ان کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، پی ٹی آئی رہنما
شائع 12 اپريل 2023 06:26pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن نہیں ہوتے تو سپریم کورٹ کا بطور ادارہ وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ سپریم کورٹ کی تین ہدایات تھیں، وفاقی حکومت 21 ارب روپے دے گی اور اس کے ساتھ عملدرآمد کا طریقہ کار بھی دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سکیورٹی پلان دیں گے، جب کہ سیکرٹری دفاع فورسز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب سپریم کورٹ نے افسران کو براہ راست طلب کیا اور حقائق مانگے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد ہونا لازمی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر الیکشن نہیں ہوتے تو سپریم کورٹ کا بطور ادارہ وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے، لہٰذا تمام ادارے اور سربراہان جو آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں ان کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔

الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنانے کیلئے 10 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم

انتخابی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس 14 اپریل کو ہو گا، نوٹیفکیشن
شائع 12 اپريل 2023 05:33pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنانے کے لئے 10 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی۔

کمیٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی مشاورت سے قائم کی گئی ہے جس کی تشکیل کا نوٹیفکیشن صادق سنجرانی کی منظوری کے بعد جاری کردیا گیا۔

ای سی پی سے متعلق کمیٹی میں علی ظفر،کامران مرتضیٰ،تاج حیدر، دلاور خان سمیت ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ اور وفاقی وزیر سید نوید قمر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کمیٹی میں محسن رانجھا، انجینئر صابر حسین قائم خانی جب کہ وزیر قانون و انصاف اور وزیر پارلیمانی امور بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ترامیم اور الیکشنز ایکٹ 2017 میں تجویز کردہ ترامیم کا جائزہ لے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس 14 اپریل کو ہو گا، کمیٹی دس روز میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کرے گی، پہلے اجلاس کے دوران ٹی او آرز کا مسودہ بھی تیار کرے گی۔

کمیٹی کو انتظامی امور کے لیے خصوصی کمیٹی کا درجہ حاصل ہوگا، ممبران کے لئے سہولیات کی فراہمی سے متعلق دیگر معاملات کمیٹی خود طے کرے گی۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے پیر کے روز چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے لئے خطوط لکھے تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہل کے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فواد چوہدری

ایم کیو ایم نے کراچی کی آبادی کم کرانے میں گھناؤنا کردارادا کیا، فواد چوہدری
شائع 12 اپريل 2023 03:41pm

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہل کے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ن لیگ کی طرح فیصلوں سے انکار نہیں کرسکتے۔

لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیلئے الیکشن کمیشن نے صرف پی ٹی آئی کیخلاف تحقیقات کیں، مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کیخلاف کیوں نہیں کیں، ان کے فنڈزکیس کی سماعت کیوں نہیں ہورہی، توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے نہیں لایا جارہا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو نااہل کرنے کے عدالتی فیصلے پر تحفظات ہیں، لیکن پھر بھی عدالتوں اور ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا جا سکتا ہے لیکن ن لیگ کی طرح فیصلوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے وفاقی حکومت کو فنڈزجاری کرنے کا حکم دیا ہے، اگر عدالتی حکم کو نہ مانا گیا تو وفاقی حکومت مطلب وزیراعظم اور پوری کابینہ نااہل ہوگی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری میں حیدرآباد اور کراچی کی آبادی میں صرف 29 لاکھ کا فرق رہ گیا ہے، اب کراچی کی قومی اسمبلی کی 2 نشستیں کم ہوجائیں گی، ‏ایم کیو ایم نے کراچی کی آبادی کم کرانے میں گھناؤنا کردارادا کیا، ان کے وزرا نے خود کو پیپلزپارٹی کے ہاتھوں بیچ دیا ہے، کراچی اور سندھ عمران خان کا تھا اور رہے گا، ہم پورے پاکستان کےعوام کے حقوق کا دفاع کریں گے۔

جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ کیس: عمران خان کو طلبی کا تیسرا حکم نامہ جاری

عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو 14 اپریل کو طلب کیا گیا، ذرائع
شائع 12 اپريل 2023 03:24pm

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس کی جے آئی ٹی نے عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو طلبی کا تیسرا نوٹس جاری کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو طلبی کا تیسرا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے عمران خان اور دیگر کو تیسرا حکم نامہ طلبی جاری کر دیا ہے، جس میں ان تمام کو 14 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چوہدری اور حماد اظہر جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے، جب کہ فرخ حبیب اور جمشید اقبال چیمہ بھی جے آئی ٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے، جب کہ عدالت نے تمام رہنماؤں کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کئے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو طلبی کے 3 حکم نامے جاری کئے جاچکے ہیں، اورعدم پیشی پر ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

اب شہباز شریف کے نااہل ہونے کی باری ہے، پرویزالٰہی

شہبازشریف توہین عدالت کےساتھ حکم عدولی بھی کرچکے ہیں، سابق وزیراعلیٰ
شائع 12 اپريل 2023 03:10pm

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ اب شہباز شریف کے نااہل ہونےکی باری ہے، وہ توہین عدالت کے ساتھ حکم عدولی بھی کرچکے ہیں۔

سابق صوبائی وزرا سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کے مشن پر آئے ہیں، انہیں نوازشریف نے ملک دشمن ایجنڈا دے کر بھیجا ہے.

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مارکیٹ سے جان بچانے والی ادویات تیزی سے ختم ہو رہی ہیں، دواساز کمپنیاں اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں سے تنگ آ کر کاروبار بند کر رہی ہیں، غریب آٹے اور مریض دوائیوں کیلئے مر رہے ہیں۔

پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اب شہباز شریف کے نااہل ہونے کی باری ہے، کیوں کہ وہ توہین عدالت کے ساتھ حکم عدولی بھی کرچکے ہیں، الیکشن کمیشن کی رپورٹ ارتکاب جرم کا ثبوت ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ محسن نقوی الیکشن سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر جیل جاسکتے ہیں، توہین عدالت کے مجرم کسی معافی کے مستحق نہیں۔

تحریک انصاف کی پولیس پر حملے کی تحقیقات روکنے کی استدعا مسترد

سرکاری وکیل، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری
شائع 12 اپريل 2023 02:47pm

لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے پولیس اہلکاروں پر حملے کی تحقیقات روکنے کی استدعا مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ اور حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے زمان پارک لاہور میں پولیس پر پتھراو اور حملے کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی۔ تاہم جے آئی ٹی کو تفتیش سے روکنے کیلئے حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی گئی۔

زمان پارک میں پولیس پرپتھراؤ، توڑپھوڑ کرنے والوں کی شناخت کا عمل شروع

عدالت نے تحریک انصاف کی جانب سے جے آئی ٹی کو تفتیش سے روکنے کیلئے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہمارا نقطہ نظر ہے کہ تفتیش نہیں روکی جاسکتی۔

عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کیلئے نوٹس جاری کردیئے، جب کہ حکم دیا کہ سرکاری وکیل آئندہ سماعت پر دستاویزات کے ساتھ تفصیلی جواب دیں۔ کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔

لائیو

عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کے قانونی نکات پردلائل طلب، ’امریکی لابنگ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا‘

عدالتی اصلاحات بل کیخلاف درخواست دائر، جانیے تازہ سیاسی صورتحال
شائع 12 اپريل 2023 01:09pm
تصویر: پی ٹی آئی / آفیشل فیس بک
تصویر: پی ٹی آئی / آفیشل فیس بک

وزیراعظم بننے کیلئے عمران خان نے بشری سے دوران عدت نکاح کیا، مفتی سعید

عمران خان نے خود دوبارہ نکاح کیلئے رابطہ کیا، نکاح خواں کا عدالت میں بیان
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 04:06pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس میں درخواست گزار کی جلد سماعت کی استدعا منظورکرلی۔ نکاح خواں مفتی سعید نے بیان ریکارڈ کروا دیا۔

سینیئر سول جج نصر من اللہ بلوچ نے جلد سماعت کی درخواست منظور کی۔

عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح سے متعلق کیس 28 اپریل کو مرکزی کیس سماعت کے لئے مقرر تھا تاہم درخواست گزار محمد حنیف نے آج ہی جلد سماعت کی درخواست دائر کی جسےآج ہی منظور کرلیا گیا۔

درخواست کی منظوری کے بعد عمران خان اور بشری بی بی کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے اسلام آباد کچہری پہنچ کراپنا بیان حلفی ریکارڈ کروایا۔

مفتی محمد سعید احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ میری 62 سال عمرہے، مدرسے میں پرنسپل ہوں۔ یکم جنوری 2018 کو عمران خان نے مجھ سے کال پر رابطہ کیا، ان سے اچھے تعلقات تھے، میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ممبر تھا۔ انہوں نے مجھ سے کہا میرا نکاح بشریٰ بی بی سے پڑھوا دو اور نکاح پڑھانے کے لیے لاہور جانا ہے۔

مفتی محمد سعید خان کے مطابق ، ’عمران خان مجھے اپنے ساتھ لاہور کے علاقے ڈیفینس کی کوٹھی میں لے گئے جہاں بشریٰ بی بی کے ساتھ موجود ایک خاتون نے خود کو ان کی بہن ظاہر کیا۔ میں نے اس خاتون سے پوچھاکہ کیا بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہوسکتاہے؟ جواب میں خاتون نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کے نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہی اور ان کا نکاح عمران خان کے ساتھ پڑھایا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو (سابقہ خاوند خاور مانیکا سے ) طلاق ہوئی تھی۔

مفتی سعید کے مطابق عمران خان نے مجھے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے پیشگوئی کی تھی کہ سال 2018 کے پہلے دن نکاح کرنے پر وہ (عمران خان) وزیراعظم بن جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے مجھے بتایاکہ پہلا نکاح غیرشرعی تھا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سب جانتے ہوئے بھی نکاح اور شادی کی تقریب منقعد کی اور نکاح کے بعد دونوں اسلام آباد میں ساتھ رہنے لگے۔

مفتی محمد سعید خان نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ عمران خان نے مجھ سے فروری 2018 کو دوبارہ رابطہ کر کے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی سے دوبارہ نکاح پڑھانا ہے کیونکہ پہلے نکاح کے وقت بشریٰ بی بی کی عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہواتھا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا چوتھا دن تھا، تراویح کے بعد درخواست گزار محمد حنیف میرے پاس آئے جن سےمیرے تعلقات دوستانہ ہیں، محمد حنیف نے مجھ سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کے حوالے سے پوچھا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح خواں مفتی محمد سعید خان بیان حلفی قلمبند کروانے کے بعد عدالت سے واپس روانہ ہوگئے۔

عمران خان کی ویڈیو لنک سے پیشی کی درخواست پر قانونی نکات پر دلائل طلب

وکلا نے بتانا ہے کہ کیا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کافی ہوتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ
شائع 12 اپريل 2023 12:42pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست میں قانونی نکات پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو لنک سے پیشی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ ہم نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی، اور مقدمات اکٹھے کرنے کی درخواست دی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیسز اکٹھے کرنے والا معاملہ تو سیشن کورٹ کا دائر اختیار ہے، آپ نے بتانا ہے کہ کیا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کافی ہوتی ہے۔

عدالت نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا تمام اسٹیجز پر ویڈیولنک کے ذریعے حاضری ہوسکتی ہے؟، کیوں کہ جب چارج فریم ہوتا ہے تو ملزم کےدستخط ہوتے ہیں، تو کیا ویڈیو لنک پر چارج فریم ہوسکتا ہے، سماعتیں کیسز میں کس اسٹیج پر ہیں، کیا ویڈیو لنک پر حاضری ممکن ہے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ قانون میں تو بہت سی جگہوں پر ذاتی حاضری ضروری ہے، کیا ویڈیو لنک حاضری کے ذریعے اس کا مقصد پورا ہو سکتا ہے، میں عدالتی معاون مقررکرنا چاہتا ہوں، کوئی نیوٹرل وکیل بتا دیں ان کو عدالتی معاون مقرر کر دیتے ہیں، بارڈر کی دوسری طرف کی مثالیں بھی موجود ہیں، ان قانونی معاملات میں وہ ہم سے آگے ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی پر قانونی نکات پر دلائل طلب کرلئے اور کیس کی مزید سماعت منگل تک کیلئے ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی ایک بار پھر امریکا میں لابنگ کررہی ہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلنا، حسین حقانی

' خان صاحب کے اقتدار سے ہٹائے جانے میں میرا کوئی کردارنہیں '
شائع 12 اپريل 2023 12:29pm
تصویر: اوپن میگزین
تصویر: اوپن میگزین

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خود پر اپنی حکومت گرانے سے متعلق عائد الزامات کے حوالے سے کہا ہے کہ جو ان سے سوال کرلے، اختلاف کرلے ان کو لفافہ کہہ دیتے ہیں ۔ یہ ایک بار پھرامریکا میں لابنگ کیلئے پیسے خرچ کررہے ہیں لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“میں سائفر کو بیانیے کے بجائے جھوٹ کی جنگ قراردینے والے حسین حقانی نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، ’جو کلچر انہوں نے بنایا ہے اس کی دنیا میں کوئی عزت نہیں کرتا، یہ ان کی غلط فہمی ہے کہ ان کی عزت کرتے ہیں اور یہ ایک بار پھر لابنگ کیلئے پیسے خرچ کررہے ہیں امریکہ میں، ان کی لابنگ سے علاوہ اس کے کہ پاکستان میں اخباروں میں کچھ خبریں لگ جائیں اور ان کے اپنے یوٹیوب چینلز کیلئے کچھ ویڈیوز نکل جائیں کچھ نہیں نکلنا۔

حسین حقانی نے خود پر عائد الزامات پرعمران خان سے جھوٹے الزامات کا اعتراف کرنے اور تائب ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان لوگوں نے جن کے اداروں نے مجھ پر ناجائز طور پر الزام تراشی کی، مجھے غدار، ملک دشمن اور کیا کیا کہا، اور صرف بیانئے کی بنیاد پر میرے نقطہ نظر کی بنیاد پر۔ میں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر میرے خلاف فوجداری مقدمہ بنا ہو کوئی غیرقانونی کام کرنے کی وجہ سے کسی عدالت نے سزا دی ہو۔ یہ سب کرنے کے بعد اگر وہ مجھ سے رابطہ کریں بھی تو میں تو اس کو اپنے لیے مثبت بات سمجھوں گا کیونکہ مجھ پر جو الزامات لگائے گئے تھے وہ جھوٹے تھے غلط تھے اور میں ان کا مستحق نہیں تھا۔ آج میں یہ عمران خان صاحب کو بھی کہتا ہوں، کیونکہ انہوں نے ماشاءاللہ بہت کردار ادا کیا ہے جھوٹے الزام لگانے میں، کہ وہ بھی اپنے جھوٹے الزامات سے تائب ہوجائیں، اعتراف کریں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ریکارڈ کیلئے میں عرض کردوں، خان صاحب کے اقتدار سے ہٹائے جانے میں میرا کوئی کردارنہیں ۔‘

واضح رہے کہ جنوری 2023 کے آخر میں لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس وقت کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے جولائی 2021 میں حسین حقانی کو واشنگٹن میں لابنگ کے لیے ہائر کیا تھا۔

عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ جنرل(ر) باجوہ کا مبینہ ”سیٹ اپ“ اب بھی اسٹیبلشمنٹ میں سرگرم ہے تاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکا جا سکے۔

لابنگ کے الزامات پر حسین حقانی کا مزید کہنا تھا افتخار درانی کا جس (لابنگ) فرم سے کانٹریکٹ تھا اس سے میرا بھی کانٹریکٹ تھا لیکن کسی اور کام کیلئے۔ یہ کون لوگ ہیں جو یقین کرلیتے ہیں کہ سازشوں کی رسیدیں رکھی جاتی ہیں، امریکہ میں لابنگ کھل کر ہوتی ہیں، اس کی رسیدیں ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کی جاتی ہیں، اس لئے اس کو ایک سازش سے ملانا لوگوں کو بیوقوف بنانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟ پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری

متحدہ اپوزیشن کو حکومت بنانے کیلئے صرف 7 اراکین کی حمایت درکار ہے
شائع 12 اپريل 2023 12:24pm

نئے وزیراعظم کے لئے عمران خان نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا، جب کہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ کیلئے پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے۔

سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد اب آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا، اس کا فیصلہ لاہور میں ہوگا، جس کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

عمران خان کی زیرصدارت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام زمان پارک میں ہوگا، جس میں شرکت کے لئے قائم مقام وزیراعظم خواجہ فاروق، سابق وزیراعظم تنویر الیاس لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کیلئے پی ٹی آئی قیادت مختلف ناموں پر غور کرے گی، اسی حوالے سے سردارعبدالقیوم نیازی نےگزشتہ رات عمران خان سےملاقات کی تھی۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کی دوڑ جیتنے کے لئے پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے، پیپلزپارٹی، ن لیگ، جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی قیادتیں آپس میں رابطے میں ہیں، اور اس حوالے سے خود سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور موجودہ وزیرخارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی متحرک ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 ارکان پرمشتمل ہے، پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کو 32 جب کہ متحدہ اپوزیشن کو 20 ارکان کی حمایت حاصل ہے، اور متحدہ اپوزیشن کو حکومت بنانے کیلئے صرف 7 اراکین کی حمایت درکار ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہلی کے خلاف تیسری درخواست سماعت کے لئے مقرر

تنویر الیاس کی عہدے سے ہٹانے کے خلاف دو درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 03:05pm
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

رجسٹرار سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے اپنی نااہلی کے خلاف تیسری درخواست کل سماعت کے لئے مقرر کردی۔

سردار تنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔

آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر کی درخواست پر ریمارکس دیئے کہ آپ کل دوبارہ اپیل لے کر آئیں، کیوں کہ اپیل کا ٹائٹل درست نہیں، سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم لکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: عدلیہ کے خلاف بیان پر وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نااہل قرار

چیف جسٹس کا سردار تنویر الیاس کے وکلا سے کہنا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی اپیل پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔ اور اعتراض میں کہا گیا کہ سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن منسلک کیوں نہیں ہے۔

سردار تنویر الیاس وزیراعظم نہیں سابق وزیر اعظم ہیں، سابق وزیر اعظم کی لیگل ٹیم اعتراض دور کرنے کے لیے واپس روانہ ہو گئی۔

مزید پڑھیں: تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خواجہ فاروق احمد قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر بن گئے

سابق وزیر اعظم کی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ ریشم خان اور سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی فیصلے کے خلاف تیسری درخواست

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے سپریم کورٹ میں وزارت عظمیٰ کےعہدے سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف تیسری بار درخواست دائر کردی۔

سردار تنویرالیاس نے کی درخواست پر رجسٹرار آفس اپیل نے جائزہ لینے کے بعد ان کی تیسری درخواست بھی واپس کردی۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا کہ درخواست میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے کورٹ آرڈر کا ذکر نہیں ہے۔

تنویر الیاس کی وزارت عظمٰی سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پراعتراضات دور کردیئے گئے، جس کے بعد رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں درخواست کی ابتدائی سماعت مقرر کردی۔ درخواست پرابتدائی سماعت کل ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔

آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

توہین عدالت کیس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم بنایا گیا ہے۔

نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا الزامات پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کا عندیہ

فواد چوہدری ثبوت دیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی، اسپیکر آفس
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 01:39pm

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے الزامات کو مسترد کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بیان دیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف قومی اسمبلی کی قرارداد پر 8 ارکان کے دستخط جعلی ہیں، تاہم اسپیکر قومی اسمبلی آفس نے فواد چوہدری کے بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ اور ترجمان اسپیکرکا کہنا ہے کہ فواد چوہدری دستخطوں کو جعلی ثابت کریں ورنہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سے متعلق قرارداد پر ایوان کے اندر ہی اراکین سے دستخط کروائے گئے، جو اسمبلی عملے اور اراکین کی موجودگی میں ہوئے، دستخط جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اسپیکر آفس کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری جعلی دستخط کو ریکارڈ سے ثابت کریں اور اسپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں، ورنہ ان کے خلاف قومی اسمبلی کارروائی کرے گی۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک سابق ایم این اے کو قرارداد کی منظوری اور دستخط کے طریقہ کا اچھی طرح پتہ ہے، فواد چوہدری سیاسی مقاصد کے لیے اس طرح کی بے پر کی اڑا رہے ہیں۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا سیکشن 4 لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

درخواست میں وفاقی حکومت اور صدر پاکستان کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق
شائع 12 اپريل 2023 09:52am
لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 4 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے، جس میں وفاقی حکومت اور صدر پاکستان کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس اختیارات بل لاہور کے بعد سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی چیلنج

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دونوں ایوانوں سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل منظور ہوکر ایکٹ بن چکا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایکٹ کے سیکشن 4 کے ذریعے سوموٹو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سوموٹو کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دینا آرٹیکل 184 اور 185 کے منافی ہے، اپیل کا حق آئین کے آرٹیکل 184 اور 185 میں ترمیم کرکے دیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل صدر مملکت کو دوبارہ بھجوا دیا گیا

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 4 کو کالعدم قرار دے۔

درخواست گزار نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک سیکشن 4 پر عملدرآمد روکا جائے اور وفاقی حکومت سے آئین کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا جائے۔

بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 10:31am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ لاہور میں ہوا، پرچہ اسلام آباد میں جاتا ہے، واقعہ کہیں اور تو مقدمہ کہیں درج ہوتا ہے، آئندہ سماعت تک مقدمے پر کارروائی یا عمل درآمد روک دیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نوٹس کردیا جواب آنے دیں پھر دیکھ لیں گے۔

عدالت نے مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت غیرمعینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اداروں کے خلاف تقاریر پر عمران خان کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔

گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل فیصل چوہدری نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات سے آگاہ کیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کو آج کے دن سماعت کے لئے مقرر کردیا۔

عمران خان کو 7 مختلف مقدمات کیلئے طلبی کا نوٹس جاری

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے آج بھی سابق وزیراعظم عمران خان کو 7 مختلف مقدمات کے لئے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

طلبی کے سمن میں عمران خان کو اپنے ہمراہ تمام دستاویزات لانے کی ہدایات کی گئی ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز عمران خان کو تھانہ رمنہ اور سی ٹی ڈی میں درج 2 مقدمات میں تفتیش کے لئے طلب کیا تھا تاہم وہ پولیس لائنزپیش نہیں ہوئے تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلاء کی جانب سے جواب بھی جمع نہیں کرایا گیا تھا۔