Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 10:31am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ لاہور میں ہوا، پرچہ اسلام آباد میں جاتا ہے، واقعہ کہیں اور تو مقدمہ کہیں درج ہوتا ہے، آئندہ سماعت تک مقدمے پر کارروائی یا عمل درآمد روک دیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نوٹس کردیا جواب آنے دیں پھر دیکھ لیں گے۔

عدالت نے مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت غیرمعینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اداروں کے خلاف تقاریر پر عمران خان کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔

گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل فیصل چوہدری نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات سے آگاہ کیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کو آج کے دن سماعت کے لئے مقرر کردیا۔

عمران خان کو 7 مختلف مقدمات کیلئے طلبی کا نوٹس جاری

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے آج بھی سابق وزیراعظم عمران خان کو 7 مختلف مقدمات کے لئے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

طلبی کے سمن میں عمران خان کو اپنے ہمراہ تمام دستاویزات لانے کی ہدایات کی گئی ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز عمران خان کو تھانہ رمنہ اور سی ٹی ڈی میں درج 2 مقدمات میں تفتیش کے لئے طلب کیا تھا تاہم وہ پولیس لائنزپیش نہیں ہوئے تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلاء کی جانب سے جواب بھی جمع نہیں کرایا گیا تھا۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

justice aamir Farooq

ik summoned

Politics April 12 2023