Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی حکام کی سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر بات چیت کیلئے ایران آمد

سات برس بعد ایران کیساتھ سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر بات چیت
شائع 09 اپريل 2023 01:16pm
تصویر/  ایس پی اے
تصویر/ ایس پی اے

سعودی وزارتِ خارجہ کے حکام ایران سے تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد پہلی مرتبہ تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں سات برس بعد ایران کے ساتھ سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر بات چیت کی گئی۔

سعودی حکام کا دورہ ایران حال میں چین میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد ہوا ہے، جبکہ گزشتہ ماہ ہی سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی میں تعلقات بحال ہوئے تھے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز سعودی ٹیکنیکل ٹیم کے وفد نے تہران میں ایران کے چیف آف پروٹوکول مہدی ہنردوست سے ملاقات کی تھی۔

جمعرات کو جب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبد اللہیان نے بیجنگ میں ملاقات ہوئی تھی، تو انہوں نے خلیجی خطے میں استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب اور حوثیوں کا 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق

ایک مشترکہ بیان میں دونوں فریقوں نے بیجنگ معاہدے پرعمل درآمد اور اس کے فعال ہونے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے باہمی اعتماد اور تعاون کے شعبوں کو وسعت اور خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں ایران سے اپنے سفارتی اورسیاسی تعلقات منقطع کردیے تھے کیونکہ اس وقت سیکڑوں کی تعداد میں مشتعل ایرانیوں نے تہران میں سعودی سفارت خانے اورمشہد میں قونصل خانے پردھاوا بول دیا تھا۔

china

Saudi Arabia

Iran

USA