Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کے سہولتکار ججز نئے چیف جسٹس سے پہلے انتخاب چاہتے ہیں، مریم نواز

71 اور 77 کے الیکشن کے نتائج آج تک بھگت رہے ہیں، رانا ثنااللہ
اپ ڈیٹ 05 اپريل 2023 03:38pm

مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس وکلاء اور قانون کا ٹرک ہے فواد چوہدری والا نہیں، درست بات کرنے پرتوہین عدالت لگتی ہے تو لگ جائے۔

وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں آج پاکستان بنانے، بچانے اور قانون کے محافظوں کے پاس آئی ہوں، ن لیگ میں خواتین وکلاء کی بڑی تعداد ہے، جس جماعت کا وکلاء ونگ ہو اس جماعت کو کبھی شکست نہیں ہوسکی، ہمارے پاس وکلاء اور قانون کاٹرک ہے، فواد چوہدری والانہیں، وکلا کی وجہ سے ن لیگ پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ملک میں منتخب وزیراعظم کو دھمکایا گیا، جھوٹے مقدمات بناکر نکالا گیا، ہمیشہ جمہوریت کا راستہ روکا گیا، ڈکٹیٹرز کا نہیں، ہمیشہ عوام کے منتخب وزیراعظم کو ہی نکالا گیا، کبھی کسی نے ڈکٹیٹر کو نہیں، ڈکٹیٹرکو ہمیشہ عوام اور وکلاء نے نکالا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں 40 سال تک آمریت رہی ہے، 4 ڈکٹیٹرز نے 10،10سال پورے کیے، لیکن پاکستان کا وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا، کسی نے بھی ڈکٹیٹر کو کٹہرےمیں کھڑا نہیں کیا گیا، مسلم لیگ ن کے لوگوں پرسچ بولنے پر ظلم کیا گیا، 2018 میں آرٹی ایس بٹھا کرعوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔

مریم نواز کا چیف جسٹس کے ریمارکس پر کہنا تھا کہ ٹی وی پر دیکھا عطاء بندیال جذباتی ہوگئے، آپ نے کہا کل جو جیلوں میں تھے وہ آج ایوانوں میں ہیں، وہ جیلوں میں اس لئے تھے کیونکہ اختیار کسی کی مٹھی میں تھا، آپ جذباتی اس وقت نہ ہوئے جب ن لیگ کو چن چن کر نااہل کیا گیا، رانا ثناء پر شرمناک کیس بنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کا مقابلہ نہ کرنے والوں نے جھوٹے مقدمات بنائے، جیلیں بھگتنے والوں نے جھوٹے مقدمات بھگتے، غلط سزائیں کاٹنے کے باوجود ہم عدالتوں میں پیش ہوئے، 200 پیشیوں پر میں اپنے والد کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف تمام اصل مقدمات ہیں، اس نے اور اس کی اہلیہ نے توشہ خانہ کے تحائف چوری کیے، سعودی عرب سے ملنے والی خانہ کعبہ کی گھڑی بیچ دی، فارن فنڈنگ کا فیصلہ ناقابل تردید ثبوتوں سے بھرا پڑا ہے، اور جب اس سے حساب مانگو تو بہانے بناتا ہے، اور اہلیہ خاتون خانہ بن جاتی ہیں۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ میں سیاسی لیڈر ہوں، لیکن میرا سر شرم سے جھک جاتا ہے جب خود کو لیڈر کہنے والا ایک گیڈر جنگلے والی گاڑی میں نکلتا ہے، اور منہ پر کالا ڈبہ پہن کر عدالت آتا ہے، جن کے کوئی اصول، نظریے، مشن نہیں ہوتے وہ چارپائی کے نیچے سے نہیں نکلتے، اور جب نکلتے ہیں تو منہ پر کالا ڈبا پہن کر نکلتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کو جیل میں ہارٹ اٹیک ہوا تھا، جیل میں ان کی جان لینے کی کوشش کی گئی تھی، درست بات کرنے پر مجھ پرتوہین عدالت لگتی ہے تو لگ جائے، میں نے5 ماہ اڈیالہ میں جیل کاٹی، 5 ماہ نیب کیسز کا سامنا کیا، میں جھوٹی نااہلی اور جیل بھگت کر آئی ہوں، مجھے نااہلی یا جیل سے نہ ڈرایا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ تین، چار ججز عمران خان کے اور باقی تمام ججز عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کے سہولتکار ججز نئے چیف جسٹس سے پہلے الیکشن چاہتے ہیں، انہوں نے مل کر ٹائم لائن رکھی ہے کہ نئے چیف جسٹس کے آنے سے پہلے جو سہولت کاری کرنی ہے کرلو۔

لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ عمران خان اور ان کے سہولت کار جانتے ہیں کہ انہوں نے جرم کیا ہے، اس نے سائفر کا جھوٹا ڈرامہ کیا تھا، اس نے اقتدار کے 4 سال انتقام میں گزار دیئے، اور خیبر پختونخوا میں احتساب کے اداروں کو تالا لگادیا، اسے ایک ساتھ 12،12 مقدمات میں ضمانتیں مل جاتی ہیں۔

سینئر نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی آئین پاکستان اور قانون کو سمجھا ہی نہیں، جتھہ لے کر عدالتوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، اس نے ملک میں فتنہ وفساد پھیلایا، انہیں 2،2 گھنٹے میں ضمانتیں مل رہی ہیں پھر بھی رو رہے ہیں، میں نے اپنے خاتون ہونے پرعدالت سے رعایت نہیں لی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بھی 3 کے گینگ نے تباہی مچائی، لاہور سے پیسہ بنی گالا جاتا تھا، وہاں سے کہاں جاتا تھا کچھ نہیں معلوم، ایک بار پھر ایک شخص کو قوم پر دوبارہ مسلط کیے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، اور ہم بھی وقت پر ہی انتخابات کی بات کرتے ہیں، الیکشن کیلئے شور کرنے والا الیکشن میں ہار جائے گا، اور اگلے 5 سال بھی روتا رہے گا۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ

وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 1971 کے انتخابات نے ملک کو دولخت کیا، 71 اور 77 کے الیکشن کے نتائج آج تک بھگت رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بار پھر متنازع انداز میں الیکشن کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، اگریہ الیکشن ہوا تو تباہی کا سبب بنے گا، متنازع الیکشن ملک کو تباہی اورافراتفری کی طرف لے جائے گا۔

راناثنااللہ نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، الیکشن لڑکر اور ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں، الیکشن ضرور ہوں لیکن وقت پر ہونا چاہئیں، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونا چاہیئے، اتحادی حکومت کو ضد اور ہٹ دھرمی قبول نہیں، عمران خان کی ضد نے ملک کو نقصان پہنچایا۔

PMLN

Maryam Nawaz

politics April 5 2023