Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل، نشیبی علاقے بھی زیرآب

بارشوں سے گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ
اپ ڈیٹ 03 اپريل 2023 09:52am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ بی بی سی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ بی بی سی

ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، کوئٹہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اوکاڑہ، رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

مختلف علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ شدید بارش سے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔

بارشوں سے گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا میں کل سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جاری

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں کل سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مختلف علاقوں میں آسمان پر کالے بادلوں کے ساتھ ساتھ ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چترال، بونیر، سوات، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک پشاور میں 3، بونیر میں 11، تیمرگرہ میں 10، چترال میں 6 اور کلام میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بلوچستان کو کے پی، پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند

بلوچستان کو خیبر پختونخوا اور پنجاب سے ملانے والی ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہو گئی۔

پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) حکام کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث شیرانی دھانا سر کے مقام پر سڑک بند ہوگئی، لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گاڑیوں کونقصان پہنچا، بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں بھی پھنس گئی ہیں۔

این ایچ اے کے مطابق ہیوی مشینری کی مدد سے سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے تاہم بحالی میں مزید 2 روز لگ سکتے ہیں۔

lahore

punjab

Met Office

Rain

rainy weather

kpk rain