Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

قومی اسمبلی اجلاس سے قبل ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب

وزیراعظم شہباز شریف سیاسی حکمت عملی پر بریفنگ بھی دیں گے
اپ ڈیٹ 03 اپريل 2023 07:49am

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ وزیراعظم اراکین کو سیاسی حکمت عملی پربریفنگ دیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں دوپہر ایک بجے منعقد کیے جانے والے اجلاس کی صدارت وزیراعظم کریں گے، جس میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، شہباز شریف سیاسی حکمت عملی پر بریفنگ بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ پنجاب کے انتخابات ملتوی کئے جانے کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں جاری سماعت کے حوالے سے لیگی اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور قانونی ماہرین کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمے پر بریفنگ دی۔

سپریم کورٹ میں فل بینچ کی استدعا مسترد ہونے کی صورت میں نظرثانی درخواست سمیت دیگر قانونی آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں انتخابات ممکن نہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں، ملکی معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پارٹی رہنماوں نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں ایاز صادق، ملک احمد خان ،عطا تارڑ اور احد چیمہ سمیت دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن ضرور ہونے چاہئں لیکن موجودہ صورت حال میں ایسا ممکن نہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس آج طلب، 20 نکاتی ایجنڈا جاری

دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا، جس کا 20 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

ایجنڈے میں ماہ رمضان میں خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران جانی نقصانات پر تشویش پر توجہ دلاؤ نوٹسز بھی شامل ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے اجلاس کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق کالام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹیٹیوٹ بنوں کے قیام کا بل2023 منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں پٹرولیم، خارجہ امور، پارلیمانی امور، سائنس و ٹیکنالوجی، پاور ڈویژن، میری ٹائم افیئرز، کشمیر افیئرز انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ اور لاء اینڈ جسٹس کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرپرسن اپنی اپنی کمیٹیوں کی یکم جولائی2021 سے 31 دسمبر2021 تک کی رپورٹس پیش کریں گے۔

صدر کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر شکریہ کی قرارداد اور وقفہ سوالات بھی ایوان کی کاروائی کا حصہ ہوں گے۔

سینیٹ کا اجلاس آج طلب، 25 نکاتی ایجنڈا جاری

ادھر سینیٹ اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کریں گے۔

اجلاس کا 25 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کردیا گیا، اجلاس میں مختلف بلز، قراردادیں اور تحاریک شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دی کنٹرول آف نارکوٹکس ترمیمی بل 2022 ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ پاکستان انسٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ رجسٹریشن کوالٹی بل 2023 ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔

قومی زبان متعارف کروانے اور بلوچستان کی خواتین کو زرعی ٹیکنالوجی بارے تحاریک پیش کی جائیں گی اورخواتین کے عالمی دن اور سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کے کوٹے بارے قراردادیں ایجنڈے میں شامل ہے۔

PMLN

Supreme Court of Pakistan

PM Shehbaz Sharif

Politics April 1 2023

Politics April 3 2023