Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جاپانی کمپنی کی پاکستان کو روسی تیل 35 فی صد کم قیمت میں فروخت کی پیش کش

اگر پاکستان تیل اور گیس خریدنے پر آمادہ ہو توعالمی مارکیٹ سے 35 فیصد ڈسکاؤنٹ پر فروخت کر سکتے ہیں، جاپانی نمائندہ
شائع 30 مارچ 2023 10:15pm

ایک مشہور جاپانی تجارتی کمپنی نے اپنے آئرش پارٹنر کے ساتھ مل کر پاکستان کو روسی تیل اور نائیجرین لکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) عالمی مارکیٹ سے 35 فیصد کم قیمت پر فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔

جاپانی کمپنی کے نمائندے نے پاکستانی سفیر کو ٹوکیو میں ملاقات کے دوران یہ پیشکش کی۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر اور جاپان میں مقیم پاکستانی تاجر رانا عابد حسین نے اس میٹنگ کی میزبانی کی۔

جاپانی نمائندے نے پاکستانی سفیر کو تیل اور ایل این جی پر بریفنگ دی۔

جاپانی کمپنی کے نمائندے نے دعویٰ کیا کہ ان کی فرم اور پارٹنر کمپنی کو روسی تیل اور نائجیرین ایل این جی فروخت کرنے کی اجازت ہے۔

جاپانی نمائندے نے کہا کہ اگر پاکستان تیل اور گیس خریدنے پر آمادہ ہو تو وہ دونوں مصنوعات عالمی مارکیٹ سے 35 فیصد ڈسکاؤنٹ پر فروخت کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اس پیشکش پر غور کرے گا، متعلقہ وزارت کو آگاہ کرے گا اور جاپانی کمپنی کو مطلع کرے گا۔

اجلاس میں پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھی کہا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور تیل اور گیس کی درآمدات پر بھاری رقم خرچ کرنے پر مجبور ہے۔

انہوں نے تبصرہ کیا کہ اگر عالمی قوانین اجازت دیں تو پاکستان کو سستے تیل اور گیس کی خریداری میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئیے۔

پاکستان

LNG

Japan

crude oil

Russian oil

Cheap Oil