Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی پی پی، ن لیگ کے پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا
شائع 29 مارچ 2023 11:22am
اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے کی پی ٹی آئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا کورٹ الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کر سکتی ہے کہ نہیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کا طریقہ کار تھوڑا خراب ہوگیا ورنہ یہ مسائل نہ ہوتے، پارٹی اکاؤنٹ کے آڈٹ کے بعد پارٹی کو صفائی کا موقع دینا چاہیئے، باقی کارروائی بعد میں کرنی چاہیئے تھی۔

عمائمہ انور نے کہا کہ ہمارا کیس یہ ہے کہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ کتنا وقت لگے گا باقی پارٹی کی اسکروٹنی کرنے میں؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم اس حوالے سے فکس ٹائم نہیں دے سکتے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک اکاؤنٹنٹ کو بھی شامل کرنا چاہئیے تھا کمیٹی میں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ایک اکاؤنٹنٹ شامل ہے اے جی پی آر سے، انتخابات کی وجہ سے بڑا بوجھ ہے الیکشن کمیشن پر۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ الیکشن تو آپ کرواہی نہیں رہے، وہ تو اکتوبر میں ہیں، تب تک یہ کام مکمل کر لیں۔

بعدازاں دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

pti leader

PMLN

Farrukh Habib

PPP

Islamabad High Court

justice aamir Farooq

Politics March 29 2023