Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن، پیپلز پارٹی کا پلڑہ بھاری

غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2023 10:34pm

سندھ کے 15اضلاع کی 27 یونین کونسلز میں دوبارہ الیکشن ہورہے ہیں، ووٹوں کی گنتی کے بعد غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کےدوران ہنگامہ آرائی اور مختلف وجوہات کی بنا پر مؤخر ہونے والی پولنگ کا انعقاد آج کیا گیا۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہی۔

میرپورخاص کی یوسی نوکوٹ وارڈ چار کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار سیٹھ وکرم ایس داس 751 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

جیکب آباد کی یونین کونسل کوٹ جنگو میں غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد پینل، پیپلزپارٹی کو شکست دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگیا، آزاد امیدوار برائے چیئرمین ظفر کھوسو 658 ووٹ لے کر جیت گئے۔ پیپلز پارٹی کے طاہرعلی 16 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ وائس چیئرمین کے لیے آزاد امیدوار عبدالمطلب کھوسو 651 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، پی پی کے میرعلی 19ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔ آزاد امیدوار برائے ڈسٹرکٹ کونسل ممبر فاروق کھوسہ 658 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے علی احمد 16ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔

غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجے کے مطابق خیرپور کوٹ ڈیجی کے وارڈ 5 میں پیپلز پارٹی کے قربان علی 819 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ جی ڈی اے کے میر ساجن 70 ووٹ لے سکے۔

تھرپارکر کی یونین کونسل ہیرار کی پولنگ اسٹیشن مبارک رند کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار عبدالعزیز رند 1052 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، پیپلزپارٹی کے کینڈیڈیٹ آزاد امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے جبکہ ضلعی کونسل کی نشست پر لقمان شاہ 1055 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔

لاڑکانہ کے ڈوکری ٹاؤن کمیٹی وارڈ نمبر 2 کےغیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے بشیر تھیم 265 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آگئے۔ جی ڈی اے امیدوار حبیب اللہ کھوکھر 204 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار امام الدین جلبانی صرف 7 ووٹ حاصل کرسکے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق ضلع قمبرشہداد کوٹ کی میونسل کمیٹی قمبر وارڈ نمبر 12 سے پیپلزپارٹی کے شعبان علی شیخ 310 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آگئے جبکہ جے یو آئی کے امیدوار محمد یونس لاکھو 212 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوران پولنگ حیدرآباد کی یوسی 28 کے سوا تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ، یوسی 28 میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کے درمیان جھگڑے کے باعث حالات کچھ دیر کے لیے کشیدہ رہے تاہم پولیس کی بھاری نفری نے پولنگ اسٹیشن پر پہنچ کر حالات کو سنبھال لیا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی کے وارڈ نمبر پانچ میں الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے پولیس پر ایجنٹس کو یرغمال بنانے کا الزام عائد کردیا۔

واضح رہے کہ بلدیاتی لیکشن میں مجموعی طور پر ری پولنگ 27 یونین کونسلز میں ہوئی، ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹیگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ ہوئی۔

پولنگ کیلئے مجموعی طور پر81 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے ایک مردوں ، 22 خواتین اور 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے۔ 15 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار687 ہے۔

sindh

Elections