Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید زلزلہ، 9 افراد جاں بحق

زلزلے سے اسلام آباد کی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں، صوابی میں مکان کی چھت منہدم
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2023 10:20am

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زمین لرزنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان، تاجکستان اورپاکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا، زلزلہ کی گہرائی ریکٹراسکیل پر156 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

شدید زلزلے کی وجہ سے زمین لرزی تو لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مختلف شہروں میں لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کیا۔

خیبرپختونخوا میں زمین لرز گئی

خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں پشاور، ہری پور، اٹک، صوابی، مردان، دیر، سوات، مانسہرہ ، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور ملاکنڈ شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں زلزلے کے بعد مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 44 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

انتظامیہ کے مطابق سوات میں بچی سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سیدو شریف اسپتال میں 60 سے زائد افراد کو لایا گیا جن میں بیشتر افراد بے ہوش اور معمولی زخمی تھے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیواسپتال تیمرگرہ میں 16 زخمیوں کو لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔

زلزلے کے باعث بحرین میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے باعث کالام کے قریب شاہراہ بلاک ہوگئی۔

پنجاب میں زلزلہ

پنجاب کے جن شہروں میں زمین لرزی ان میں راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالا، گوجرخان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، حافظ آباد، پھالیہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، چنیوٹ اور چکوال شامل ہیں۔

راولپنڈی میں نجی پلازہ میں دراریں پڑ گئیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، البتہ ایک نجی پلازہ میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات ہیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

گلگت، ہنزہ، نگر،غذر، چترال، اسکردو میں بھی لوگ زلزلے سے خوف زدہ ہوگئے۔ اس کے علاوہ مظفرآباد، باغ، میرپور، بالاکوٹ میں بھی زلزلہ آیا۔

اسپتالوں میں ہائی الرٹ

اسلام آباد انتظامیہ نے زلزلے کے بعد تمام امدادی ٹیموں کو فیلڈ میں الرٹ کردیا ہے۔ ریسکیو سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔

اسلام اباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتال میں الرٹ جاری کردیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر دارالحکومت کے تمام اسپتالوں میں الرٹ جاری کیا گیا۔

جانی و مالی نقصان

ترجمان وزارت صحت کے مطابق زلزلے سے اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے ایک شخص کا ہارٹ اٹیک ہوا جس کو طبی امداد کے لیے پولی کلینک لایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا جبکہ لوئیردیر میں زلزلے کے دوران زخمی خاتون تیمرگرہ اسپتال میں دم توڑ گئی۔

سوات کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے خوف سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد بے ہوش ہوئے، جنھیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

چارسدہ میں بھی بے ہوش ہونے والی 15 خواتین کواسپتال منتقل کیا گیا۔

صوابی کے گاؤں شیخ جانہ کے مقام پر مکان کی چھت منہدم ہونے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔

مردان کے علاقے چمتاربکری بانڈہ میں دیوارگرنے سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔

زلزلے کے آفٹرشاک

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پر آفٹرشاک کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹرشاک رات 10 بجکر 43 منٹ پر ریکارڈ ہوئے۔

شدید زلزلے کے بعد آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار

ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر آرمی چیف کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایات پر تمام متعلقہ یونٹس کو امدادی سرگرمیوں کے لئے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ زلزلے میں اب تک کسی بھاری نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متفرق عمارات کی دیواروں میں دراڑوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق کسی بھی علاقے میں نقصان کی اطلاع پر سول انتظامیہ کی معاونت کو یقینی بنانا اور فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جانا شامل ہے تاکہ بروقت کاروائی کرکے قیمتی جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام متعلقہ آرمی اور ایف سی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تیار ہیں جبکہ قدرتی آفات ہوں یا سیکیورٹی کے درپیش چیلنجز پاک فوج عوامی خدمت سے سرشار رہی ہے۔

وزیراعظم کی زلزلے کے حوالے سے خیریت اور سلامتی کی دعا

وزیراعظم شہبازشریف نے زلزلے کے حوالے سے خیریت اور سلامتی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ الله تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں اور ملک کو ہر آفت سے محفوظ رکھے۔

شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی بھی ہدایت کی۔

پاکستان

earthquake