Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی نے اتحادیوں کے اجلاس کا اعلامیہ ’مضحکہ خیز‘ قراردے دیا

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں 22 مارچ کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلالیاگیا
شائع 21 مارچ 2023 10:14am

پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پی ایم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری کی جانے والی پریس ریلیز کو مضحکہ خیزقراردے دیا۔

گزشتہ روز پی ایم ہاؤس میں تقریباً چھ گھنٹہ جاری رہنے والے اجلاس میں سیاسی و امن و امان کی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اتحادیوں کے اجلاس میں مقبول صدیقی، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین سمیت خالد مگسی، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں کے سربراہان بھی مشاورتی عمل کا حصہ بنے جب کہ سی سی پی او لاہور نے بھی اجلاس میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں جاری کیے اعلامیے میں کہا گیا کہ، ’اجلاس نے قرار دیا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ عسکریت پسندوں کا جتھہ ہے جس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں لہذا فیصلہ کیاگیا کہ قانون کے مطابق اس ضمن میں کارروائی کی جائے‘۔

اعلامیے میں عمران خان کیخلاف مقدمات کے حوالے سے عدلیہ کے کردار پرتحفظات کا اظہار اور جوڈیشل کمشن پر حملے، پولیس افسران اور اہلکاروں کو زخمی کرنے، املاک کی توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اس اعلامیے کو مضحکہ خیزقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ، ’حکمران اتحاد کی میٹنگ کے نتیجے میں مضحکہ خیز پریس ریلیز سامنے آئی ہے،ڈمی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا کرعوام کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش جاری ہے۔‘

فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہاکہ ملک میں آئین ختم کرکے ایک ایسا گروپ مسلط کردیا گیا ہے جس کی عوام میں کوئ حیثیت نہیں،عوام سے خوفزدہ گروہ صرف جبرپرقائم ہے۔

واضح رہے کہ اتحادیوں کے اجلاس میں 22 مارچ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیاگیاہے جس میں ریاستی عمل داری یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

PDM

Shehbaz Sharif

Fawad Chaudhary

pti leaders

Politics March 21 2023