Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے، مریم اورنگزیب

عمران خان کو اپنے کیسز میں جواب دینا ہوگا، وزیر اطلاعات
شائع 15 مارچ 2023 01:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے، یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشت گردوں کا ٹولہ ہے، عمران خان کو اپنے کیسز میں جواب دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان خواتین اور بچوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، حکومت کا ان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، عمران خان انسانی مورچے میں چھپ کر بیٹھا ہے، عمران خان کے خلاف توہین جج کا کیس ہے جس پر وارنٹ جاری ہوئے، عمران خان مجرم ہیں، عدالت نے طلب کیا ہے، عدالت نے پولیس کو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے، تاثر دے رہا ہے کہ میں بزرگ ہوں، جان کو خطرہ ہے، عمران خان منافق، بزدل اور جھوٹا شخص ہے، جو سیاسی جماعت کے نام کو استعمال کرکے ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جتھے کے ساتھ عدالتوں پر دھاوا بولا، عدالت کا حکم ہے کہ عمران خان کو گرفتار کیا جائے، عمران خان کی سیاسی موت ہوچکی ہے، جوعمران خان کررہے ہیں وہ سیاسی لیڈر نہیں کرتا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف بیٹی سمیت آئے اور گرفتاری دی تھی، عمران خان چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھے ہیں، کیا ان کوعدالت سے جان کا خطرہ ہے؟ عمران اپنے نام کے ساتھ خان نہ لگائیں، خان بہادر ہوتا ہے، خان دروازے پر بچے کو نہیں بھیجتا کہ جاکر دیکھو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروانے والوں پر حملہ کرتا ہے، عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لئے 65 اہلکار زخمی ہوچکے ہیں، پولیس کے پاس کوئی اسلحہ نہیں، نہتے اہلکاروں پر پی ٹی آئی کے غنڈے حملہ آور ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا سیاسی مستقبل تباہ ہوچکا ہے، جو بیٹی کا نام نہ دے سکا وہ کارکنان کو کیا نام دے گا، میڈیا پر جو میراتھن ٹرانسمیشن دکھائی جارہی ہے اس کا جواب دیا جائے، عمران خان کو اپنے کیسز پر جواب دینا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹیریان کے حوالے سے عمران خان صاف جواب کیوں نہیں دیتے؟ توشہ خانہ کے تحائف کو ڈکلیئرنہیں کیا گیا، اس کا جواب کون دے گا؟ اگر عمران خان کو عدالتوں سے ریلیف مل جاتا ہے تو ہر شہری اس کا حق رکھتا ہے، یہ شخص افراتفری چاہتا ہے، یہ تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کررہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے گرفتاری دی، عمران خان فارن فنڈنگ، ٹیریان کیس، توشہ خانہ ، جج زیبا چوہدری کی توہین کے کیسز میں مطلوب ہے، سیاسی لیڈر چھپنا نہیں سینہ تان کر گرفتاری دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چور ہے، سازشی ہے، عدلیہ کو گالیاں دیتا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، ایک طرف پولیس اہلکار عدالتی حکم پر کارروائی کرتے ہوئے زخمی ہوں، دوسری طرف ریلیف ملے، یہ نہیں ہوسکتا۔

Nawaz Sharif

Information Minister

اسلام آباد

imran khan

Maryam Aurangzeb

Zaman Park March 15 2023