Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Politics March 09 2023

عمران خان کی گرفتاری کیلئے 5 رکنی پولیس ٹیم کوئٹہ سے لاہور روانہ

پولیس ٹیم میں ایس پی محمد ندیم، ڈی ایس پی عبدالستار،آئی او عبدالحمید شامل
شائع 09 مارچ 2023 10:34pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — فائل
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — فائل

کوئٹہ: عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیم کوئٹہ سے لاہور روانہ ہوگئی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے لئے روانہ ہونے والی پولیس ٹیم میں ایس پی محمد ندیم، ڈی ایس پی عبدالستار،آئی او عبدالحمید شامل ہیں۔

عمران خان کی گرفتاری کے لئے لاہور روانگی کے معاملے پر بلوچستان پولیس نے پنجاب پولیس پہلے ہی مشاورت کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ بجلی روڈ میں شہری نے مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں عمران خان پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور عوام کو اکسانے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جب کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ون بشیر بازئی نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔

عمران خان کی گرفتاری کیلئے بلوچستان پولیس کی 5 رکنی ٹیم تشکیل

ٹیم کسی بھی وقت گرفتاری کے لئے لاہور روانہ ہو جائے گی
شائع 09 مارچ 2023 03:05pm

بلوچستان پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے 5 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لئے بلوچستان پولیس کی 5 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن، سٹی ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کینٹ اور دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل ٹیم کسی بھی وقت گرفتاری کے لئے لاہورروانہ ہوگی، اس حوالے سے بلوچستان پولیس نے پنجاب پولیس سے مشاورت کرلی ہے۔

عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ بجلی روڈ میں شہری نے مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں عمران خان پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور عوام کو اکسانے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جب کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ون بشیر بازئی نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔

پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر واپس لے لیا

محکمہ داخلہ پنجاب باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا
شائع 09 مارچ 2023 02:46pm

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر واپس لے لیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر واپس لینے کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے 7 روز کے لئے دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بناء پر پی ٹی آئی کی درخواست نمٹادی گئی

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو تحرہری طور پر عدالت میں جواب لکھ کردینے کی ہدایت
شائع 09 مارچ 2023 02:29pm

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بناء پر تحریک انصاف کی درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

حماد اظہر کے وکلاء سکندر سلطان اور ظفر اقبال منگن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنے کے لئے دفعہ 144 کا غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، استدعا ہے عدالت دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔

عدالتی حکم پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد شان گل عدالت پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایاکہ لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ ایک دن کے لئے کیا گیا تھا، عورت اور حیا مارچ کی وجہ سے کیا گیا نوٹیفکیشن آج واپس لے لیا گیا ہے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو تحرہری طور پر عدالت میں جواب لکھ کردینے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس: عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور

آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 04:25pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان سیشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے، عمران خان ہر عدالت میں پیش ہوئے، مختلف عدالتوں میں عمران خان نے بذریعہ ویڈیولنک حاضر ہونےکی درخواستیں دیں، موجودہ حکومت عمران خان کو قتل کرنا چاہتی ہے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 لاہور میں نافذ ہے، عمران خان کی عدالت پیشی پر نہیں۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نےکہا کہ پر امن ریلی پر پنجاب حکومت نے شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، عمران خان کی جہاں رہائش تھی اس پر نقل حرکت کرنا مشکل ہے۔

پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے آنے تک سول جج رانا مجاہد رحیم نے سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد دوبارہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت اسلام آباد سفراجازت نہیں دیتی ، ان کی جان کو خطرہ سنجیدہ نوعیت کا ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نےعمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی تھانہ سنجانی میں درج مقدمہ میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 21 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے آج کی حاضری سے استثنا بھی منظور کرلیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے کی۔

دفعہ 144 خلاف ورزی کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور

عدالت نے پولیس کو دونوں رہنماؤں کی گرفتاری سے روک دیا
شائع 09 مارچ 2023 01:57pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اقدام قتل، پولیس پر پتھراؤ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی 25 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پی ٹی آئی ریلی کے وقت پولیس پر تشدد، اقدام قتل، قتل، جلاؤ گھیراؤ اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق کیس کی سماعت کی، ملزمان حاضری کے لئے عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید اور اعجاز احمد چوہدری کی 25 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو دونوں رہنماؤں کی گرفتاری سے روک دیا ۔

عدالت نے دونوں رہنماؤں کو 5، 5 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے عبوری ضمانت کی درخواست انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے 12 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، لڑائی جھگڑا اور کار سرکار میں مداخلت سمیت 12 دفعات شامل ہیں۔

محمود الرشید نے مؤقف اپنایا کہ پولیس نے کارکنان پر تشدد کیا، ایک کو قتل کر دیا اور ہم پر مقدمہ بنا دیا گیا، کارکنان پرامن ریلی نکالنے کی کوشش کر رہے تھے، پولیس نے کارکنان پر ظلم کیا۔

پی ٹی آئی قائدین پر مقدمے کا اندراج افسوسناک ہے، اعجاز چوہدری

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ کارکن بھی ہمارا جاں بحق ہوا، مقدمہ بھی ہمارے خلاف درج ہوا، علی بلال عرف ظل شاہ کو 12 سال سے جانتا تھا، علی بلال عمران خان کے حقیقی سپاہیوں میں شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قائدین پر مقدمے کا اندراج افسوسناک ہے، رانا ثناء اللہ سے اس قسم کے مقدموں کے اندراج کی ہی توقع ہے، رانا ثناء اللہ سے کہوں گا خدا سے ڈرو۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

درخواست وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر کی گئی
شائع 09 مارچ 2023 01:29pm
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

عمران خان نے درخواست وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں الیکشن کمیشن ممبران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے عدالت عالیہ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کو دوبارہ شوکاز نوٹس جاری کیا۔

پی ٹی آئی کا انتخابات میں آر اوزعدلیہ سے لینے کا مطالبہ

تحریک انصاف کا وفد نگران حکومت پنجاب کی شکایات لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گیا
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 02:55pm

شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا وفد پنجاب کی نگران حکومت کی شکایات لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس پہنچ گیا۔

تحریک انصاف کا وفد الیکشن کمیشن اسلام آباد پہنچ گیا، تحریک انصاف کے وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں اور اس وفد میں اسد عمر اور ملیکہ بخاری بھی شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے وفد کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات جاری ہے، اور پی ٹی آئی نے نگراں پنجاب حکومت سے متعلق اپنے خدشات رکھ دئیے ہیں۔

لاہور میں پی ٹی آئی پولیس تصادم

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود پنجاب میں انتخابی مہم نہیں کرنے دی جارہی، گزشتہ روز پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پرتشدد کیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی کہ الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کو غیرآئینی اور غیرقانونی اقدامات سے روکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سے خیبرپختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور اس کے ساتھ انتخابات میں آر اوزعدلیہ سے لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے بیورو کریسی کے آراوز پرعدم اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے بیورو کریسی غیر جانبدار انتخابات نہیں کرسکتی، اور نگراں حکومت پنجاب بیوروکریسی کے آراوز پر اثر انداز ہوگی۔

تاہم ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آر اوز عدلیہ سے لینے کی کوشش کی، لیکن لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل افسران کی فراہمی سے معذرت کرلی، الیکشن کمیشن کےپاس بیوروکریسی سےافسران لینےکےعلاوہ راستہ نہیں، آراوز کی تعیناتی مزید التوا میں ڈالنے سے الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں۔
لاہور میں دفعہ 144 نافذ

گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسہ، جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کردی تھی۔

دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق پابندی کا نفاذ کل سے ہی شروع ہوگیا، جو آئندہ 7 روز تک جاری رہے گی، پابندی ٹریفک اورسیکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی۔

عمران خان نے اسلام آباد کی عدالتوں میں آج پیشی سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں

عمران خان آج بھی عدالتوں میں پیش نہ ہوئے
شائع 09 مارچ 2023 12:21pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کی عدالتوں میں آج پیشی سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں۔

خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کا کیس

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان سیشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے وکیل نعیم پنجوتھہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے، عمران خان ہر عدالت میں پیش ہوئے، مختلف عدالتوں میں عمران خان نے بذریعہ ویڈیولنک حاضر ہونےکی درخواستیں دیں، موجودہ حکومت عمران خان کو قتل کرنا چاہتی ہے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 لاہور میں نافذ ہے، عمران خان کی عدالت پیشی پر نہیں۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نےکہا کہ پر امن ریلی پر پنجاب حکومت نے شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، عمران خان کی جہاں رہائش تھی اس پر نقل حرکت کرنا مشکل ہے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے آنے تک سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں محسن شاہنواز پر مبینہ حملہ کیس

مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز پر مبینہ حملہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت آج تک منظورکی تھی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو آج 3 بجے عدالت میں پیش ہونا ہے۔

تاہم یہاں بھی عمران خان نے پہلے سے ہی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں اقدام قتل کا کیس

عمران خان کے خلاف تھانہ سنگجانی میں اقدام قتل کے کیس میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ عدالت پیش ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

وکیل نعیم پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دینا چاہتا ہوں جس پر جج راجہ جوادعباس نے کہا کہ سیکیورٹی بنیاد پر دلائل دینے ہیں؟ عدالت سے پہلےتو ٹیلی ویژن پر آپ کے دلائل چل جاتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کےبعد 3 بجےسماعت کریں گے، ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائےگا۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے لیکن ریلی کو لیڈ بھی کرنا چاہتے ہیں، ریلی لیڈ کرنے سے بہتر ہے عمران خان عدالت پیش ہوجائیں، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے۔

جج نےکہا کہ کیا عدالت میں دیگر ملزمان کو موقع نہیں ملتا؟ عمران خان کوبھی عدالت میں حاضر ہونےکا موقع دیا جائےگا، عدالت ضمانت خارج کر بھی دے تو عمران خان کو گرفتار تو آپ بھی نہیں کرتے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک نےسماعت میں 3 بجے تک وقفہ کردیا۔

دفعہ 144 کا نفاذ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب

دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دیا جائے،عدالت سے استدعا
شائع 09 مارچ 2023 12:08pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر کے وکیل ظفر اقبال منگن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ سیاسی جماعت کو انتخابی مہم سے روکنے لے لئے دفعہ 144 کا غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

عدالت سے استدعا ہے کہ دفعہ 144کے نفاذ کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کا حکم نامہ معطل کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کردی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 03:35pm

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کا پیمرا کا حکم نامہ معطل کردیاجبکہ عدالت نے پیمراء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیاسی جماعت کے سربراہ کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کیسے لگائی جاسکتی ہے، چئیرمین کو کہیں آئندہ سے دیکھ کے فیصلہ کریں۔

وفاقی حکومت کے وکیل نےعمران خان کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کردی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ اور اشتیاق اے خان دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آئین پاکستان شہریوں کو آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے، پیمرا کی جانب سے پابندی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی طور پر جاری کیا گیا۔

عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ پیمرا کے 13 میں سے صرف 3 ممبران نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، پیمرا قانون کے تحت پابندی کے لئے کم از کم 5 ممبران کی منظوری قانونی تقاضا ہے۔

استدعا ہےعدالت پیمراء کی جانب سے عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔

جس پر عدالت نے عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کا پیمرا کا حکم نامہ معطل کردیا۔

عدالت نے پیمرا کو 13 مارچ کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کردی۔

عمران خان کو روکنے کا ہر کام اُلٹا حکومت کے گلے پڑتا ہے، شیخ رشید

نگران حکومتیں منتخب حکومتوں سے دو ہاتھ آگے چلی گئیں، سابق وفاقی وزیر
شائع 09 مارچ 2023 11:50am

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو روکنے کا ہر کام اُلٹا حکومت کے گلے پڑتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 10 مہینے ہو گئے ہیں حکومت کے آئی ایم ایف ( IMF ) سے مذکرات جاری ہیں اور نتیجہ نہیں نکل رہا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن شیڈول کا اعلان خوش آئند ہے، خدا کرے کہ یہ مؤخر نہ ہو، جس دن انتخابی شیڈول آرہا ہے اُسی دن دفعہ 144 لگائی جارہی ہے، اور تحریک انصاف ( PTI ) کی پہلے دن الیکشن کمپین میں ایک کارکن جابحق ہوگیا، نگران حکومتیں منتخب حکومتوں سے دو ہاتھ آگے چلی گئیں، اُن کا کام الیکشن کرانا ہے من پسند کا راستہ بنانا نہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو روکنے کا ہر کام حکومت کے گلے اُلٹا پڑتا ہے، پیمراکی پابندی قوم کو ٹیلی ویژن کے بجائے سوشل میڈیا پر لے جائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختون خوا سپریم کورٹ کے فیصلے کو عزت نہیں دے رہا اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر سازش کے تحت تاخیر کررہا ہے۔

فواد چوہدری توہین عدالت: درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب

عدلیہ مخالف بیان بازی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، استدعا
شائع 09 مارچ 2023 11:47am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کرلیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار رانا شاہد ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےاعلی عدلیہ کےججز مخالف بیان بازی کی، انہوں نے اپنی پریس کانفرنس کے ذریعے اعلی عدلیہ کو اسکینڈ لائز کرنے کی کوشش کی۔

درخواست گزار نے کہا کہ فواد چوہدری کی تقریر الیکٹرانک میڈیا پر لائیو نشر ہوئی اور اگلے روز اخبارات میں پرنٹ ہوئی، آئین کے تحت اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف بیان بازی نہیں ہوسکتی، عدلیہ مخالف بیان بازی پر فواد چوہدری کےخلاف آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فواد چوہدری کو عدالت طلب کرتے ہوئے قانون کےمطابق کاروائی کرے۔

جس پر عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طب کرلیے۔

عمران خان کی ریلی نکالنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

عدالت عمران خان کو ریلی نکالنے سے روکنے کا حکم دے، استدعا
شائع 09 مارچ 2023 11:33am

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی ریلی نکالنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی ریلی نکالنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم جنرل سیکرٹری فرخ خان لودھی نے دائر کی۔

درخواست میں عمران خان، پنجاب حکومت، کمشنر اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے عدالت میں بیماری کی درخواست جمع کروائی کہ پیش نہیں ہوسکتا، چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانات موجود ہیں کہ ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں، وزیر آباد حملے کے بعد شدید خطرات لاحق ہیں، ڈی سی کی اجازت نہ دینے کے باوجود ریلی نکالی جا رہی ہے، ریلی کے باعث نقص امن کے خطرات ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کو ریلی نکالنے سے روکنے کا حکم دے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کی ریلی نکالنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عمران خان کی ویڈیولنک کے ذریعے حاضری کی درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم

عدالت نے درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کردی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 12:27pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ویڈیولنک کے ذریعے حاضری یا کیسز جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس اسلام آبد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے عمران خان کی ویڈیولنک کے ذریعے حاضری یا کیسز کی جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت کی درخواست کی، اس دوران عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ رجسٹرارآفس نے اعتراضات اٹھائے ہیں، پہلے عدالت وہ دیکھے گی، کیا آپ کے پاس سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی موجود ہے ؟۔

سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی جان کو خطرہ ہونے دلائل دیتے ہوئے بتایاکہ سابق وزیراعظم کی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس وقت عمومی طورپر دہشت گردی کی ایک لہر ہے، ہمیں بھی تھریٹس ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان عوامی رہنما ہیں ، پبلک ایکسپوژر بھی زیادہ ہے، مائی لارڈ ، آپ کا اُس طرح سے پبلک میں جانا نہیں ہوتا۔

عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے اس پر نمبر لگانے کی ہدایت کردی۔

عمران خان کی ویڈیو لنک حاضری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک حاضری یا کیسز کی جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق آج ہی ڈویثرن بینچ کے بعد سماعت کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائے، استدعا
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 11:37am

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہمراہ عدالتوں میں پیش ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار مشکور حسین کے وکیل ندیم سرور ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں داخل ہو کر عدلیہ کی توہین کے مرتکب ہوئے، وہ اپنے خلاف آنے والے فیصلے سوشل میڈیا پر متنازع بنانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ عمران کے حواریوں نے لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پلان کے مطابق ہنگامہ آرائی کی،عدالتی احاطوں میں نعرے بازی کرنے والوں کو نہ روک کر توہین عدالت کےمرتکب ہوئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائے۔

بعدازاں عدالت نے کارکنوں کے ہمراہ عدالتوں میں پیش ہونے پر عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت سے پہلے تو ٹی وی پر آپ کے دلائل چل جاتے ہیں، جج کا عمران خان کے وکیل سے مکالمہ

عمران خان کو عدالت کا شکر گزار ہونا چاہیئے لیکن آپ کا انداز تھینک لیس والا ہے، جج
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 11:18am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

تھانہ سنگجانی میں درج اقدام قتل کے کیس میں جج راجہ جواد عباس نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے پہلے تو ٹی وی پر آپ کے دلائل چل جاتے ہیں ۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نےعمران خان کے خلاف تھانہ سنگجانی میں اقدامِ قتل کے مقدمے کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر عدالت میں پیش ہوئے۔

جج راجہ جوادعباس نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، جس پر وکیل نے کہا کہ عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دینا چاہتا ہوں۔

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی بنیاد پر دلائل دینے ہیں؟ عدالت سے پہلے تو ٹی وی پر آپ کے دلائل چل جاتے ہیں۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نے عمران خان کی جان کو خطرہ ہونے پر دلائل دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز حکومت نے پی ٹی آئی ریلی پر واٹر کینن اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، حکومت نے واٹر کینن کے پانی میں کیمیکل ملایا۔

جج انسداد دہشت گردی عدالت نے ثبوت کا پوچھا تو عمران خان کے وکیل نے کہا کہ کارکنان نے بتایا کہ واٹر کینن کے پانی سے جسم پرجلن ہوئی۔

جج راجہ جواد عباس کے پوچھنے پر وکیل نعیم پنجوتھہ نے بتایاکہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر لاہور میں ہیں۔

جج نے ریمارکس دیے کیاکہ انہیں بھی سیکیورٹی تھریٹس ہیں؟۔

وکیل عمران خان نے جوڈیشل کمپلیکس واقعے کا ذکر کیا تو جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کو انسدادِ دہشت گردی عدالت نے طلب نہیں کیا تھا، انہوں نے خود درخواست ضمانت دائر کی، عمران خان کی ضمانت ساڑھے 5 ماہ بعد خارج ہوئی، انہیں کوعدالت کا شکر گزارہونا چاہیئے لیکن آپ کا انداز تھینک لیس والا ہے۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایاکہ عمران خان کو جان کا خطرہ ہے لیکن ریلی کو لیڈ بھی کرنا چاہتے ہیں، ریلی کی قیادت کرنے سے بہتر ہے عمران خان عدالت پیش ہو جائیں۔

جج نے کہاکہ آپ چاہتے ہیں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے؟ عدالت میں دیگر ملزمان کو موقع نہیں ملتا کیا؟ عمران خان کو بھی عدالت حاضر ہونے کا موقع دیا جائے گا۔

جج راجہ جواد عباس نے ریماکس دیے کہ آپ نے ضمانت خارج کیوں کروانی ہے؟ عمران خان کو گرفتارکرنا ہے؟ ضمانت خارج کر بھی دیں تو گرفتار تو آپ بھی عمران خان کو نہیں کرتے۔

عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخوست زیر سماعت ہونے پر کیس میں 3 بجے تک کا وقفہ کردیا۔

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت، تحقیقات کیلئے پنجاب پولیس کی 2 رکنی کمیٹی تشکیل

انکوائری ٹیم گواہوں کے بیان لے گی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 01:11pm
اسکرین گریب/ ٹوئٹر
اسکرین گریب/ ٹوئٹر

زمان پارک لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران کارکن کی ہلاکت کے معاملے پر پنجاب پولیس نے 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔

انکوائری کمیٹی میں شامل 2 پولیس افسران واقعے کی تحقیقات کریں گے، افسران میں ڈی آئی جی ایلیٹ فورس صادق علی اور ایس ایس پی عمران کشور شامل ہیں۔

انکوائری ٹیم گواہوں کے بیان لے گی، انکوائری کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج اور واقعے کی وڈیو کلپ پر مشتمل رپورٹ 3 روز میں آئی جی پنجاب کو پیش کرے گی۔

پولیس کی شیلنگ اور تشدد سے پی ٹی آئی کارکن جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ اور تشدد کے باعث پاکستان تحریک انصاف کا کارکن علی بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکن علی بلال محمدی پارک جہانگیر ٹاؤن لاہور کا رہائشی تھا اور کل پی ٹی آئی کی ریلی میں شریک تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ پولیس کے تصادم میں کارکن کے سر پر ڈنڈے مارے گئے جس سے وہ زخمی ہوگیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کے خلاف درخواست جمع

دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکن علی بلال کی مبینہ پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف درخواست جمع کروا دی گئی۔

تھانہ ریس کورس میں جمع کروائی گئی درخواست میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور سب انسپکٹر ریحان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ علی بلال کے والد کی جانب سے تھانہ ریس کورس میں جمع کرائی گئی درخواست پر تاحال مقدمہ درج نہ کیا گیا۔

علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل

کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہوگئی ہے جس کے مطابق علی بلال کی موت تشدد کے باعث ہوئی ہے اور جسم پر تشدد کا نشانات پائے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ ایڈ میڈیکل یونیورسٹی میں علی بلال کا پوسٹمارٹم جنرل اسپتال کی فرانزک ٹیم کی جانب سے کروایا گیا، جبکہ جنرل اسپتال کے ڈاکٹر اویس کی سربراہی میں فرانزک ٹیم نے پوسٹمارٹم کیا گیا۔

عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

مقدمہ ڈی ایس پی صابر علی کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا
شائع 09 مارچ 2023 09:40am
فوٹو۔۔۔۔ فیس بک
فوٹو۔۔۔۔ فیس بک

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ ڈی ایس پی صابر علی کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں عمران خان، فرخ حبیب، حسان نیازی، اعجاز چوہدری، حماد اظہر، فواد چوہدری اور محمود الرشید کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، سڑک بلاک کرنے، پولیس افسران پر حملہ اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو بتایا گیا تھا کہ دفعہ 144 نافذ ہے اس کی خلاف ورزی نہ کی جائے، کارکنان نے توجہ نہ دی اور پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہوگئے، کارکنان کے حملہ آور ہونے اور تشدد سے 13 پولیس اہلکار و افسران زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: ’سُپرہائی الرٹ‘: پی ٹی آئی کی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت

مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہجوم نے جان سے مار دینے کی نیت سے حملہ کیا جس سے بچنے کے لئے آنسو گیس اور شیلنگ کرنا پڑی، اس دوران پی ٹی آئی کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کے خلاف درخواست جمع

دوسری جانب پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی مبینہ طور پر پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف درخواست تھانہ ریس کورس میں جمع کروادی گئی ہے۔

تھانہ ریس کورس میں دی گئی درخواست میں نگراں وزیراعلی محسن نقوی اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی ہلاکت، مقدمے کی درخواست میں رانا ثنا اور پولیس افسران نامزد

درخواست میں سی سی پی او بلال صدیق اور سب انسپکٹر ریحان سمیت دیگر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ ریس کورس میں لیاقت علی کی مدعیت میں دی جانے والی درخواست کی کاپی موصول ہوگئی ہے۔

سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب کو نامعلوم افراد نے گھرکے باہر سے اغواء کرلیا

مسرت جمشید چیمہ نے زبیراحمد خان کے اغواء کی تصدیق کردی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 01:32pm
اسکرین/ گریب ٹوئٹر
اسکرین/ گریب ٹوئٹر

سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب زبیراحمد خان کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کرلیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

زبیراحمد خان کو نامعلوم افراد کی گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ان کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا کیا۔

تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے زبیر احمد خان کے اغوا سے متعلق ٹوئٹ کردی ہے۔

زبیراحمد خان کے مبینہ اغواء کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ ریس کورس پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف زبیراحمد خان کے ڈرائیور کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق زبیراحمد خان آفس سے گھر آرہے تھے کہ11 نامعلوم افراد 2 گاڑیوں اور تین موٹرسائیکلوں پر آئے اور انہوں نے زبیراحمد خان کو اغواء کرلیا۔

مقدمہ میں بتایا کہ ملزمان انہیں اسلحے کی نوک پرنامعلوم مقام پرلے گئے جبکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے گئے انہیں جان کا خطرہ ہے۔

پی ٹی آئی کا اعلیٰ سطحی وفد آج الیکشن کمیشن آفس جائے گا

شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے
شائع 09 مارچ 2023 08:37am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ دی نیشن
فوٹو۔۔۔۔۔۔ دی نیشن

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اعلیٰ سطحی وفد آج الیکشن کمیشن آفس جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات صبح ساڑھے 11 بجے الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگی۔

پی ٹی آئی وفد ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کرے گا۔

پی ٹی آئی قائدین ملاقات کے ایجنڈے پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔

’سُپرہائی الرٹ‘: پی ٹی آئی کی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت

عمران خان کی گرفتاری ملک کوبحران میں دھکیل دے گی، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 09:03am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ‏حکومت مکمل بھوکھلا چکی ہے، عمران خان کی گرفتاری ملک کو بہت بڑے بحران میں دھکیل دے گی۔

فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ لاہور اور گرد و نواح کے دوست زمان پارک پہنچیں، انشاء اللہ فتح عوام کی ہوگی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ آج سپر ہائی الرٹ ہے، اسے معمولی نہ لیں، تمام لاہوری جلد از جلد زمان پارک پہنچیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔

پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے علی بلال نامی ایک کارکن جاں بحق ہوگیا جبکہ عالیہ حمزہ سمیت کئی خواتین کارکنوں کی حالت غیر ہوگئی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد کارکن زیرحراست ہیں، کارکن کی موت پر پی ٹی آئی نے رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔