Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت، تحقیقات کیلئے پنجاب پولیس کی 2 رکنی کمیٹی تشکیل

انکوائری ٹیم گواہوں کے بیان لے گی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023 01:11pm
اسکرین گریب/ ٹوئٹر
اسکرین گریب/ ٹوئٹر

زمان پارک لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران کارکن کی ہلاکت کے معاملے پر پنجاب پولیس نے 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔

انکوائری کمیٹی میں شامل 2 پولیس افسران واقعے کی تحقیقات کریں گے، افسران میں ڈی آئی جی ایلیٹ فورس صادق علی اور ایس ایس پی عمران کشور شامل ہیں۔

انکوائری ٹیم گواہوں کے بیان لے گی، انکوائری کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج اور واقعے کی وڈیو کلپ پر مشتمل رپورٹ 3 روز میں آئی جی پنجاب کو پیش کرے گی۔

پولیس کی شیلنگ اور تشدد سے پی ٹی آئی کارکن جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ اور تشدد کے باعث پاکستان تحریک انصاف کا کارکن علی بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکن علی بلال محمدی پارک جہانگیر ٹاؤن لاہور کا رہائشی تھا اور کل پی ٹی آئی کی ریلی میں شریک تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ پولیس کے تصادم میں کارکن کے سر پر ڈنڈے مارے گئے جس سے وہ زخمی ہوگیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کے خلاف درخواست جمع

دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکن علی بلال کی مبینہ پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف درخواست جمع کروا دی گئی۔

تھانہ ریس کورس میں جمع کروائی گئی درخواست میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور سب انسپکٹر ریحان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ علی بلال کے والد کی جانب سے تھانہ ریس کورس میں جمع کرائی گئی درخواست پر تاحال مقدمہ درج نہ کیا گیا۔

علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل

کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہوگئی ہے جس کے مطابق علی بلال کی موت تشدد کے باعث ہوئی ہے اور جسم پر تشدد کا نشانات پائے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ ایڈ میڈیکل یونیورسٹی میں علی بلال کا پوسٹمارٹم جنرل اسپتال کی فرانزک ٹیم کی جانب سے کروایا گیا، جبکہ جنرل اسپتال کے ڈاکٹر اویس کی سربراہی میں فرانزک ٹیم نے پوسٹمارٹم کیا گیا۔

imran khan

lahore

pti rally

zaman park

Politics March 09 2023

inquiry committee