Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کی استعفوں کی منظوری کیخلاف فوری سماعت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

عدالت نے کیس سماعت کیلئے 7 مارچ کو مقرر کردیا
شائع 02 مارچ 2023 10:59am

پی ٹی آئی کی استعفوں کی منظوری کیخلاف فوری سماعت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی سے پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے ایم این ایز کی استعفوں کی منظوری کیخلاف سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان اسمبلی عدالت کو درخواست پر فوری سماعت کی استدعا کی تو عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کیا ایمرجنسی ہے کیوں آئے ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہے، جب کہ عدالت نے ہماری درخواست کی سماعت کے لئے21 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے، اس وقت تک تو الیکشن ہوجائیں گے، ہماری درخواست فوری سنی جائے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہم درخواست کو سن کر فیصلہ کردیں گے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے ایک بار پھر استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت تک بیلٹ پیپرز چھپ جائیں گے اور عوام کے کروڑوں روپے ضائع ہوں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ جذباتی ماحول کیوں بنارہے ہیں ہم قانون کے مطابق سن کر فیصلہ کردیں گے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی فوری سماعت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس کاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت کیلیے 7 مارچ کی تاریخ مقررکردی ہے۔

ECP

Sindh High Court