Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدلیہ کو متنازعہ بنانے پر رانا ثنا کیخلاف توہین عدالت درخواست کا تحریری حکم جاری

لاہور ہائیکورٹ نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا
شائع 02 مارچ 2023 09:02am
فوٹو۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔ اے پی پی

لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ کو متنازعہ بنانے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا،عدالتی حکم میں قرار دیا گیا ہے کہ درخواست گزار نے 16 فروری کی پریس کانفرنس کی ویڈیو اور لیک آڈیو کا مواد پیش نہیں کیا،درخواست گزار کے مطابق یہ اعلیٰ عدلیہ کے جج پر طنز کے مترادف ہے،عدالت اس مسئلہ پر آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت کسی بھی شخص کو سزا سنا سکتی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار آرٹیکل 204 کے تحت کاروائی کے لئے کوئی ٹھوس وجوہات پیش نہیں کر سکے، درخواست گزار متاثرہ فریق بھی نہیں ہے،تمام شواہد اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرتی ہے۔

درخواست گزار شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف پیش اپنایا گیا کہ رانا ثناء اللہ نے لائیو پریس کانفرنس کر کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہی اور صدر سپریم کورٹ بار کی آڈیو لیک کی، انہوں نے آڈیو لیک کرکے عدلیہ کو اسکینڈلائز کیا، وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کر کے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

PMLN

Interior Minister

Rana Sanaullah

Lahore High Court

Contempt of Court